Updated: November 24, 2026, 10:05 PM IST
| New Delhi
حکومت کے اس فیصلے سے ان کمپنیوں کو خاص طور پر راحت ملے گی جو ہندوستان میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل آٹو موبائل صنعت نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نئے اسکریپنگ قوانین اور اکاؤنٹنگ معیار Ind AS 37 کو ملا کر پڑھنے سے کمپنیوں کو گزشتہ کئی برسوں میں فروخت کی گئی گاڑیوں کی مستقبل کی ری سائیکلنگ لاگت کے لیے بھاری مالی انتظام کرنا پڑسکتا ہے۔
کاراسکریپ۔ تصویر:آئی این این
مرکزی حکومت نے ملک میں پرانی اور ناکارہ گاڑیوں کو اسکریپ کرنے سے متعلق قوانین میں اہم ترمیم کرتے ہوئے آٹو موبائل صنعت کو بڑی راحت فراہم کی ہے۔ وزارتِ ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی نے Environment Protection (End-of-Life Vehicles) Rules, 2025 میں تبدیلی کی ہے، جس کے تحت گاڑی تیار کرنے والی کمپنیوں پر مستقبل میں گاڑیوں کی ری سائیکلنگ سے متعلق ذمہ داریوں کے لیے پہلے سے مالی رقم مختص کرنے کا دباؤ کم ہوگیا ہے۔ حکومت کے اس فیصلے سے ان کمپنیوں کو خاص طور پر راحت ملے گی جو ہندوستان میں اپنا کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس سے قبل آٹو موبائل صنعت نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ نئے اسکریپنگ قوانین اور اکاؤنٹنگ معیار Ind AS 37 کو ملا کر پڑھنے سے کمپنیوں کو گزشتہ کئی برسوں میں فروخت کی گئی گاڑیوں کی مستقبل کی ری سائیکلنگ لاگت کے لیے بھاری مالی انتظام کرنا پڑسکتا ہے۔ صنعت کے ابتدائی اندازوں کے مطابق یہ ممکنہ بوجھ مجموعی طور پر تقریباً ۲۵ ؍ہزار کروڑ روپے تک پہنچ سکتا تھا۔
یہ بھی پڑھئے:کیمرے میں قید ہوا ویبھو سوریہ ونشی کا امپائر سے ٹکرانے کا واقعہ
وزارتِ ماحولیات نے ۲۰؍ نومبر ۲۰۲۶ء کو قوانین میں ترمیم کا نوٹیفکیشن جاری کیا، جس میں گاڑی تیار کرنے والی کمپنیوں کی توسیعی ذمہ داری سے متعلق اہم وضاحت کی گئی ہے۔ نئے ضابطے کے مطابق قاعدہ ۴ ؍کی ذیلی دفعہ ۶ ؍کے تحت مخصوص ذمہ داری صرف ان گاڑی ساز کمپنیوں پر لاگو ہوگی جو اپنا کاروبار مستقل طور پر بند کردیں گی۔ جو کمپنیاں ہندوستان میں اپنا کاروبار جاری رکھیں گی، انہیں اس خصوصی ضابطے کے تحت مستقبل کی ری سائیکلنگ ذمہ داریوں کے لیے موجودہ مالی واجبات درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
ترمیم شدہ قوانین کے مطابق اگر کوئی گاڑی ساز کمپنی مستقل طور پر اپنا کاروبار بند کرتی ہے تو اسے مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی ) کو اپنی فروخت کردہ گاڑیوں کی تفصیلات فراہم کرنا ہوں گی۔ اس میں تجارتی اور ٹرانسپورٹ گاڑیوں کے گزشتہ ۱۵؍ برس کے ریکارڈ اور غیر تجارتی گاڑیوں کے گزشتہ ۲۰ ؍برس کے ریکارڈ کی تفصیلات شامل ہوں گی۔اس کے بعد مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ کمپنی کی باقی ماندہ توسیعی ذمہ داریوں (EPR Obligations) کا تعین کرے گا اور اسے مطلع کرے گا۔ کمپنی کو ان ذمہ داریوں کو پورا کرنے کے لیے درکار اخراجات کا اندازہ لگاکر اپنے مالی حسابات میں متعلقہ رقم بطور واجب الادا رقم یا مالی پرویزن درج کرنا ہوگا۔ اس طرح حکومت نے کاروبار جاری رکھنے والی کمپنیوں اور مستقل طور پر کاروبار بند کرنے والی کمپنیوں کے درمیان واضح فرق قائم کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دپیکا ککڑ کی صحت سے متعلق افواہوں پر شوہر شعیب ابراہیم برہم
آٹو موبائل صنعت کی نمائندہ تنظیم سوسائٹی آف انڈین آٹوموبائل مینوفیکچررز (ایس آئی اے ایم) نے پہلے حکومت کے سامنے اس معاملے کو اٹھایا تھا۔ تنظیم کا کہنا تھا کہ اگر نئے اسکریپنگ قوانین کے ساتھ اکاؤنٹنگ معیار Ind AS 37 کے تحت مستقبل کی ری سائیکلنگ ذمہ داریوں کے لیے مالی پرویزن بنانا لازمی قرار دیا گیا تو گاڑی ساز کمپنیوں پر بھاری مالی دباؤ پڑسکتا ہے۔صنعت کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس کا مجموعی یک وقتی اثر تقریباً ۲۵ ہزار کروڑ روپے ہوسکتا تھا، جبکہ رعایتی قدر (Discounted Basis) پر یہ رقم تقریباً ۹ ؍ہزار کروڑ روپے بتائی گئی تھی۔ خدشہ تھا کہ اتنی بڑی رقم مالی حسابات میں درج کرنے سے کمپنیوں کے منافع پر منفی اثر پڑے گا اور نئی ٹیکنالوجی، الیکٹرک گاڑیوں اور کاروباری توسیع میں سرمایہ کاری کی صلاحیت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔ حکومت کی تازہ وضاحت سے اس ممکنہ بوجھ کے حوالے سے پیدا ہونے والی غیر یقینی صورت حال کم ہونے کی توقع ہے۔حکومت نے مالی ذمہ داریوں کے حوالے سے وضاحت ضرور کی ہے، لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ گاڑیوں کی ری سائیکلنگ اور اسکریپنگ کے اہداف ختم کردیئے گئے ہیں۔ یکم اپریل ۲۰۲۵ء سے نافذ End-of-Life Vehicles Rules کے تحت گاڑی ساز کمپنیوں کو اپنی گزشتہ فروخت کی بنیاد پر سالانہ اسکریپنگ اہداف پورے کرنا ہوتے ہیں۔ ان اہداف کا تعلق تقریباً ۱۵ ؍سے ۲۰ ؍سال پہلے فروخت کی گئی گاڑیوں سے ہے۔کمپنیاں اپنے اہداف پورے کرنے کے لیے رجسٹرڈ گاڑی اسکریپنگ مراکز (Registered Vehicle Scrapping Facilities) سے مرکزی آن لائن پورٹل کے ذریعے EPR سرٹیفکیٹ خرید سکتی ہیں۔ یہ سرٹیفکیٹ اسکریپ کی گئی گاڑیوں سے حاصل ہونے والے اسٹیل کی مقدار کی بنیاد پر جاری کیے جاتے ہیں۔ اس طریقے سے گاڑی ساز کمپنیاں خود ہر پرانی گاڑی کو اسکریپ کیے بغیر بھی مقررہ ری سائیکلنگ ذمہ داری پوری کرسکتی ہیں۔