• Fri, 05 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

درگاہ اجمیرشریف میں بم کی اطلاع سے افراتفری، خالی کرائی گئی

Updated: December 05, 2025, 10:37 AM IST | Agency | Ajmer

درگاہ کے ساتھ ساتھ ضلع کلکٹریٹ میں بھی بم کی اطلاع ملی تھی، دونوں ہی جگہ جانچ کروائی گئی لیکن کچھ نہیں ملا

Dargah Ajmer Sharif. Picture: INN
درگاہ اجمیر شریف۔ تصویر:آئی این این
عالمی شہرت یافتہ درگاہ اجمیر شریف میںجمعرات کو دوپہر میں اس وقت افراتفری مچ گئی جب درگاہ میں بم ہونے کا ای میل ملا۔ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے آیا تھا لیکن  اس مقام کی حساسیت کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ فوراً الرٹ ہوگیا۔ اس نے فوراً حضرت خو اجہ معین الدین چشتیؒ کی درگاہ میں زائرین کا داخلہ روک دیا اور درگاہ کو خالی کرالیا۔ چند ہی منٹوںمیں بم ڈسپوزل اسکواڈ،  کئی تھانوں کے افسران اور بھاری پولیس فورس موقع پر پہنچ گئی۔ ۱۷؍دسمبر کو درگاہ میں عرس کی پرچم کشائی ہے، ایسے میں پہلے سے بڑھی ہوئی سیکوریٹی مزید سخت کر دی گئی۔درگاہ کے احاطے کو خالی کرا کر بی ڈی ایس ٹیم نے سرچ آپریشن شروع کیا۔ بڑی تعداد میں لوگوں کو باہر روک دیا گیا اور سخت ناکہ بندی کے درمیان درگاہ کے ہر کونے کی تلاشی لی جا رہی ہے۔
درگاہ میں سیکوریٹی پروٹوکول نافذ کیے گئے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو روکا جا سکے لیکن کچھ نہیں ملا۔ ایسا ہی ایک ای میل اجمیر ضلع کلکٹریٹ میں بم ہونے کا بھی موصول ہوا تھا ۔ وہاں بھی مذکورہ بالا کارروائی کی گئی لیکن کچھ نہیں ملا ۔ 
اجمیر کی پولیس سپرنٹنڈنٹ وندیتا رانا موقع پر پہنچیں اور پورے حالات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ای میل ایک غیر تصدیق شدہ ای میل آئی ڈی سے آیا ہے۔ اس میں براہِ راست کوئی دھمکی نہیں دی گئی، لیکن اتنا ضرور کہا گیا ہے کہ یہاں کچھ کیا جا سکتا ہے۔ اسی لئے احتیاط کے طور پر سیکوریٹی پروٹوکول  نافذ کیا جا رہا ہے۔ پولیس ٹیمیں مسلسل چیکنگ کر رہی ہیں اور ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔ایس پی رانا نے یہ بھی بتایا کہ گزشتہ روز جے پور کلکٹریٹ کو بھی ایسا ہی ای میل ملا تھا، جہاں ایجنسیوں نے پوری مستعدی کے ساتھ ڈرل اور چیکنگ کی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK