Inquilab Logo

چارکوپ :امن وسلامتی اور خیر وفلاح کی دعا پر تبلیغی اجتماع ختم

Updated: February 19, 2024, 10:08 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Charkop

علماء اور ذمہ داران نے پیغام دیا ، کہا: دین کو پورے عالم میں زندہ کرنے کی فکر کرنے کی ضرورت ہے۔

Participants listening to the sermon on the last day of the Tablighi Jamaat of Maloney Circle in Charkop. Photo: Inquilab
چارکوپ میں مالونی حلقے کے تبلیغی اجتماع کے آخری دن شرکاء خطاب سنتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

’’اپنے اعمال کی اصلاح اور یقین کی پختگی کے ساتھ دین کو پورے عالم میں عام کرنے کی فکر کرنا ہر امتی کی ذمہ داری ہے۔ ‘‘ سنیچر کو بعد نمازعصر چارکوپ میں مالونی حلقے کا شروع ہونے والا تبلیغی اجتماع اتوار کی شب میں امن وسلامتی اور خیر وفلاح کی دعا پر ختم ہوا۔ اجتماع میں علماء اور جماعت کے ذمہ داران نے حاضرین کو مذکورہ بالا اہم ذمہ داری کی جانب توجہ دلائی۔ اتوار کو نماز فجر سے اجتماع شروع ہوا۔ اس کے بعد الگ الگ نشستیں ہوئیں، حسب ترتیب حلقے لگائے گئے اور دوپہر کے وقت علماء اور ائمہ مساجد کی خصوصی نشست رکھی گئی۔ اس میں ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے اس اہم کام سے جڑیں۔ 
 مغرب کی نماز کے بعدمولانا محمد فاروق (گوونڈی) نے اپنے خطاب میں کہا کہ میرے بھائیو، یاد رکھو ہماری بے عملی اور من‌ مانی کی وجہ سے دنیا میں برے حالات آتے ہیں، بیماریاں اور مصائب وآلام آتے ہیں۔ اس لئے کہ ایمان والے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اللہ کی وحدانیت پر یقین رکھتے ہوئے اسے عملی طور پر اپنی زندگی میں نافذ کرے اور دوسروں کی خیر خواہی کی فکر کرے۔ آخر کیا وجہ ہے کہ ایک وقت وہ تھا جب دیگر مخلوقات ہمارے تابع تھی، آج حالات ہمارے مخالف ہیں اور عرصہ حیات تنگ کیا جارہا ہے۔ ظاہر ہے اس کی وجہ ہماری بے عملی ہے۔ 
 مولانا فاروق نے قرآنی آیات کی روشنی میں ‌ بتایا کہ اللہ ظالموں وجابروں ‌، امراء وسلاطین اور مال وجاہ کے نشے میں چور رہنے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے فرمائیں گے، بتاؤ آج بادشاہت کس کی ہے، آج کے دن کا مالک کون ہے، پھر ارشاد باری تعالیٰ ہوگا، اللہ واحد قہار ہی حقیقی مالک اور بادشاہ ہے۔ میرے بھائیو، اپنی زندگی کو بدل لو، اللہ کے بن جاؤ، اللہ کے رسول کی اتباع کرو، اللہ تمہارے حالات بدل دیں گے اور عزت وسرفرازی کا فیصلہ فرمائیں گے۔ مولانا نے حاضرین کو علماء اور ائمہ سے تعلق استوار کرنے اور ان کی قدر کرنے کی تلقین کی۔ 
 تبلیغی مرکز نظام الدین سے آنے والے مولانا محمود احمد (آکولہ) نے رقت آمیز دعا کرائی۔ ٹریفک نظام، اجتماع میں مجمع کو کنٹرول کرنے اور ان کی رہنمائی کے لئے رضاکار مسلسل خدمات انجام دیتے رہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK