کریٹ سومیا کی زہر افشانی کے بعد بی ایم سی نے بغیر سوچے سمجھے مدرسہ اور اطراف کے جھوپڑوں کو دستاویز دکھانے کیلئے نوٹس جاری کیا۔
EPAPER
Updated: November 25, 2026, 2:43 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai
کریٹ سومیا کی زہر افشانی کے بعد بی ایم سی نے بغیر سوچے سمجھے مدرسہ اور اطراف کے جھوپڑوں کو دستاویز دکھانے کیلئے نوٹس جاری کیا۔
کرلا مغرب میں واقع پرمود مہاجن گارڈن میں ۲۰؍ نومبر کو چند لڑکوں کے ذریعہ ایک نوجوان جوڑے کی پٹائی کرنے کے معاملے میں بی جے پی لیڈر کریٹ سومیا نے زہر افشانی کرتے ہوئے متذکرہ باغ سے متصل ایک مدرسہ کے تعلق سے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ آور لڑکے اسی مدرسہ سے گارڈن میں آئے تھے جبکہ مدرسہ کے منتظمین نے وضاحت کی ہے کہ یہ مدرسہ صرف لڑکیوں کیلئے ہے اور اس میں ایک بھی لڑکا زیر تعلیم نہیں ہے۔ انہوں نے مدرسہ کے تعلق سے کیریٹ سومیا کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔
جب یہ نمائندۂ انقلاب گھاٹکوپر (مغرب) میں گرو گووند سنگھ مارگ پر نارائن نگر میں پہنچا، جہاں متذکرہ مدرسہ واقع ہے تو متعدد افراد چھوٹے چھوٹے گروپ میں جامعہ اہل سنت فاطمۃ الزہراء مدرسہ کو نوٹس ملنے کے تعلق سے گفتگو کرتے نظر آئے۔ سب کی آپس میں یہی بات ہورہی تھی کہ سیاسی فائدے کیلئے مدرسہ کو بدنام کیا جارہا ہے اور اگر بی ایم سی کوئی کارروائی کرتی ہے تو لڑکیوں کی تعلیم متاثر ہوگی جبکہ اگر کوئی غلط حرکت ہوئی ہے تو وہ لڑکوں نے کی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ویٹ لیز اے سی بسوں پر اخراجات زیادہ اور فائدہ کم
جامعہ اہل سنت فاطمۃ الزہراء مدرسہ کے منتظمین نے اس نمائندے کو بتایا کہ یہ تقریباً ۳۰؍ برس پرانا مدرسہ ہے جو قریب ہی واقع احمدی مسجد کے زیر اہتمام چلایا جاتا ہے۔ اس کا نام مستورات سے وابستہ ہونے کے حساب سے منتخب کیا گیا ہے۔ اس میں لڑکیوں کو عالمہ، حفظ اور ناظرہ قرآن پڑھنے کی تعلیم دی جاتی ہے اور اس کے حاضری کے رجسٹر سے بھی معلوم ہوجائے گا کہ یہاں کوئی لڑکا زیر تعلیم نہیں ہے۔
مدرسہ سے وابستہ عابد خان نے کہا کہ ’’بی ایم سی نے صرف مدرسہ کو نہیں بلکہ گارڈن کے اطراف میں واقع مکانات کو بھی نوٹس جاری کیا ہے اور سب کو اپنی ملکیت کے دستاویز دکھانے کو کہا گیا ہے، اس لئے ہم بھی متعلقہ دستاویز تلاش کرکے نکال رہے ہیں۔ جب بی ایم سی افسران آئیں گے تو ہم انہیں یہ دستاویز دکھا دیں گے۔‘‘ انہوں نے اس بات کی بھی تردید کی کہ مدرسہ کی جالی توڑ کر لڑکے مدرسہ سے گارڈن میں گئے تھے کیونکہ اس میں لڑکے جاتے ہی نہیں ہیں۔
ایک مقامی شخص رفیق شیخ نے کہا کہ جس دن مار پیٹ ہوئی تھی وہ جمعہ کا دن تھا اس لئے وہ لڑکے کرتا، پائجامہ اور ٹوپی پہنے ہوئے تھے اور ان کے حلیہ کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اس معاملے کو فرقہ ورانہ رنگ دے کر سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مارپیٹ میں ملوث ایک لڑکے کی والدہ نے اس نمائندے سے گفتگو کے دوران کہا کہ ’’ہمارے بچے سے غلطی ہوئی ہے اور اس کی سزا اسے ملنی چاہئے اور اسی وجہ سے وہ چلڈرن ہوم میں ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا بیٹا آٹھویں جماعت میں زیر تعلیم ہے اور جس مدرسہ کو بی ایم سی نے نوٹس دیا ہے اس کا ان کے بیٹے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدرسہ کو بلا وجہ بدنام کیا جارہا ہے۔