• Wed, 25 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویٹ لیز اے سی بسوں پر اخراجات زیادہ اور فائدہ کم

Updated: November 25, 2026, 2:40 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai

بیسٹ انتظامیہ پہلی بار ویٹ لیز بسوں، اس میں کام کرنے والے ملازمین اور کئے جانے والے معاہدہ کا آڈٹ کرے گا۔ اب بھی ۱۳؍ ہزار بسوں کی ضرورت۔

Passengers are facing difficulties due to a shortage of buses in the city and its suburbs. Photo: Inquilab
شہر اور مضافات میں بسوں کی قلت سے مسافروں کو دشواری کا سامنا کرناپڑرہاہے۔ تصویر:انقلاب

برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ ( بی ای ایس ٹی ۔ بیسٹ) نے مسافروں کی سہولت اور منافع فراہم کرنے کے مقصد سے ویٹ لیز بس سروس شروع کی تھی لیکن ویٹ لیزسے اخراجات زیادہ اور منافع کم ہورہا ہے۔ وہیں تکنیکی خرابیوں کے سبب بسوں کی سروس کم ہونے کے علاوہ پہلے ہی بسوں کی قلت کے سبب شہر اور مضافات کے لاکھوں مسافروں کو ۲۰؍ سے۴۰؍ منٹ طویل انتظار کی ناقابل برداشت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بیسٹ انتظامیہ ایک طرف ویٹ لیز بسوں ، کام کرنے والے ملازمین اور کئے گئے معاہدے کا آڈٹ کرائے گا ، وہیںدوسری طرف عوامی ٹرانسپورٹ کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے بیسٹ کو مزید ۱۳؍ ہزار بسوں کی ضرورت ہے جبکہ عوام کی سفری ضرورت کوپوارکرنےاورسہولت فراہم کرنے کیلئے بیسٹ انتظامیہ کو۲۵؍ڈیزل الیکٹرک ہائبرڈایئرکنڈیشنڈبسیں فراہم کی گئی تھی لیکن گزشتہ ۲۰؍ ماہ سے وہ ڈپو میں کھڑی ہیں اور اس کا استعمال نہ کئے جانے سے لاکھوں روپے کی بسیں زنگ آلود ہوگئی ہے ۔

۱۳؍ ہزار بسوں کی ضرورت

شہر اور مضافات میں عوامی ضرورت کو پورا کرنے کیلئےتقریباً۱۳؍ ہزار بسوں کی ضرورت ہے لیکن بیسٹ انتظامیہ بسوں کی خریداری میں تاخیر، ویٹ لیز کے بڑھتے اخراجات اور موجودہ بسوں کے ناقص استعمال جیسے مسائل سے دوچار ہے۔مذکورہ مسائل سے جہاں مسافروں کو سفری دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

 بڑے پیمانےپر تبدیلیوں کی تیاری

وہیں انتظامیہ کی منصوبہ بندی اور انتظامی حکمتِ عملی پر مسافر ہی پریشان نہیں ہیں بلکہ بیسٹ کمیٹی ممبران بھی سوالات اٹھانے لگے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ بیسٹ انتظامیہ نے مسافروں کو بہتر بس سروس فراہم کرنے کے مقصد سے’کایاپلٹ‘ نامی منصوبے کے تحت بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کی تیاری شروع کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آزاد میدان پرسُنّی دعوت اسلامی کے۳؍روزہ اجتماع کی تیاریاں جاری

شہر اور مضافات میں بسوں کی قلت اور ان کے انتظامی مسائل کا اثر مسافروں پر بھی پڑ رہا ہے۔ کئی بس روٹس پر مسافروں کوبسوں کے تاخیر سے آنے پر طویل انتظار کی ناقابل برداشت دقتوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ شہر اور مضافات میں کئی مقامات پر مسافروں کو ۲۰؍ سے ۴۰؍ منٹ طویل انتظار کرنا پڑتا ہے۔ بیسٹ کمیٹی کے رکن سنیل گناچاریہ کے بقول بیسٹ کی ۲؍ ہزار ۸؍ سو بسوں میں سے ۱۰؍ فیصد بسیں مرمت کا جواز پیش کرکے اس کی سروس بند کر دی گئی ہے جبکہ کایا پلٹ منصوبہ کے باوجود الیکٹرک بسوں کی خریداری کا منصوبہ بھی مختلف رکاوٹوں سے دوچار ہے۔ 

بیسٹ جنرل منیجر کی وضاحت

بیسٹ کی جنرل منیجر سونیا سیٹھی کے بقول بڑھتی آبادی اور مسافروں کی بڑھتی تعداد کے مطابق ایک لاکھ آبادی والے علاقے میں کم از کم ۶۰؍ بسوں کی سروس ہونا چاہئے ۔ اسی مناسبت سے آئندہ ۴؍ برس میں ۱۰؍ ہزار بسیں خریدنے کا ہدف رکھا ہے ۔ انہوں نے اس با ت کا بھی اعتراف کیا کہ آبادی اور مسافروں کی تعداد کے لحاظ سے ۱۳؍ہزار بسوں کی ضرورت ہےلیکن مسافروں کی سہولت کیلئےویٹ لیز بسوں کو متعارف کرایا گیا تھا لیکن اس سے بیسٹ انتظامیہ کو منافع کم نقصان زیادہ ہورہا ہے ،اس لئے اب ان بسوں ، ملازمین اور کئے گئے معاہدوں کا آڈٹ کیا جائے گا۔

۲۵؍ہائبرڈ بسیں بے کار 

مسافروں کو ہونے والی دقتوں اور ویٹ لیز بسوں کے سبب بڑھتے اخراجات کے باوجود ایم ایم آر ڈی اے نےڈیزل الیکٹرک ہائبرڈایئرکنڈیشن بس متعارف کرائی گئی تھی ۔۲۰؍ ماہ قبل بیسٹ انتظامیہ کو ۲۵؍ بسیں فراہم بھی کی گئی تھیں لیکن اس سے مسافروں کو سہولت اور سروس فراہم کرنے کے بجائےیہ بسیں ۲۰؍ ماہ سے دھاراوی اور کالا قلعہ ڈپو میں کھڑی ہیں۔ ان بسوں کو باندرہ اور کرلا کمپلیکس کے درمیان چلایا جانا تھا جس سے اس علاقے میں سفر کرنے والے ۵؍ تا ۶؍ لاکھ مسافروں کو فائدہ ہوتا۔  بیسٹ انتظامیہ کے پاس اسے نہ چلانے کا کوئی جواز بھی نہیں ہے۔ 

بیسٹ کمیٹی کے رکن اور بی جے پی لیڈر سنیل گناچاریہ نے بتایا کہ ان بسوں کو استعمال نہ کرنے کے سبب اس میں کئی تکنیکی خرابیاں پیدا ہوگئی ہیں اور ان کے خراب ہونے والےاسپیئر پارٹس حاصل کرنا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ کمیٹی رکن کا یہ بھی الزام ہے کہ ان بسوں کو مسافروں کی سہولتوں کےلئے استعمال نہیں کیا گیا لیکن بیسٹ انتظامیہ ان کے انشورنس پر سالانہ تقریباً ۲۰؍لاکھ روپے خرچ کر رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK