• Tue, 16 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چیتاکیمپ: آئیڈیل ہائی اسکول میں سائنس نمائش کا افتتاح

Updated: December 16, 2025, 1:46 PM IST | Shahab Ansari | Trombay

یہاں چیتاکیمپ میں واقع آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں پیر کو سہ روزہ سائنس نمائش کا افتتاح تعلیمی ماحول میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ عمل میں آیا۔

Guests are seen at the inauguration of the science exhibition at Ideal School. Picture: INN
آئیڈیل اسکول میں سائنس نمائش کے افتتاح کے موقع پر مہمانان نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این
یہاں چیتاکیمپ میں واقع آئیڈیل ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج میں پیر کو سہ روزہ سائنس نمائش کا افتتاح تعلیمی ماحول میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ عمل میں آیا۔ اس نمائش میں تقریباً ۱۲۰؍ اسکولوں کے طلبہ حصہ لیں گے۔ اسکول بینڈ کی دلکش دھنوں کے ساتھ مہمانانِ خصوصی ڈاکٹر مشتاق شیخ (ایجوکیشن آفیسر، ایم ایسٹ وارڈ) اور رکن اسمبلی ثناء ملک  کو خوش آمدید کیا گیا۔
نمائش کا باقاعدہ آغاز دیپ جلانے، پرچم کشائی اور پھر آئیڈیل ہائی اسکول کے طلبہ کے ذریعہ خوبصورت استقبالیہ گیت کے ذریعہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ   شاندار طریقے سے لیزم اور دیگر اسکولوں کی جانب سے ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔اس موقع پر علاقے کی رکن اسمبلی ثناء ملک نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے سائنس میں پائیدار ترقی کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ نئی ایجادات کے ساتھ یہ سوچنا بھی ضروری ہے کہ ان کا استعمال ماحول اور سماج کیلئے کس طرح مفید اور دیرپا ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر مشتاق شیخ نے طلبہ کو نئے تجربات کرنے، تحقیق کی عادت اپنانے اور سائنسی سوچ کو فروغ دینے کی تلقین کی۔ پروگرام کے دوران ممتاز سائنسداں  سنجے پربھاکر (صدر ایس ٹی/ایس ٹی ایمپلائز ویلفیئر اسوسی ایشن آف بی اے آر سی) نے اپنے خطاب میں اس حقیقت کی طرف توجہ دلائی کہ ’’دیہی علاقوں میں اسکول بند ہو رہے ہیں اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ تعلیم کے چراغ کو بجھنے نہ دیں اور اسکولوں کو مضبوط بنائیں۔‘‘
اس موقع پر آئیڈیل اکیڈمی کے صدرِ انتظامیہ  عبدالرّب کی خدمات کو اجاگر کیا گیا اور بتایا گیا کہ طلبہ کیلئے سائنس کا علم نہایت ضروری ہے جو انہیں مستقبل کے چیلنجز کیلئےتیار کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK