• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

لوک سبھا انتخابات کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں: چیف الیکشن کمشنرراجیو کمار

Updated: February 19, 2024, 11:23 AM IST | Agency | New Delhi

ادیشہ میں پریس کانفرنس ،عوام سے جمہوریت کے جشن میں حصہ لینے کی اپیل۔

Chief Election Commissioner Rajeev Kumar. Photo: INN
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار۔ تصویر : آئی این این

آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن پوری طرح تیار ہے۔ چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’’ہم ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی انتخابات اور ریاستی اسمبلی انتخابات (ادیشہ وغیرہ) کیلئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ سبھی تیاریاں تقریباً پوری ہو چکی ہیں۔ ‘‘ اس کےساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’میں کمیشن کی طرف سے آپ کے (میڈیا) ذریعہ گزارش کرنا چاہتا ہوں کہ سبھی ووٹرس آگے آئیں اور جمہوریت کے اس جشن میں حصہ لیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن رائے دہندگان کی فہرست میں مزیدشمولیت کو یقینی بنانے کی کوشش کررہا ہے۔ اسی مقصد کے تحت ہم نےتیسری صنف کے ۳؍ ہزار ۳۸۰؍رائے دہندگان کو فہرستوں میں شامل کیا ہے۔ 
 چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے پریس کانفرنس میں ویب کاسٹنگ سے متعلق اہم جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ۵۰؍ فیصد پولنگ مراکز پر ویب کاسٹنگ یعنی انٹرنیٹ پر راست نشریات کی سہولت ہوگی۔ مجموعی طور پر۳۷؍ ہزار ۸۰۹؍پولنگ مراکز میں سے۲۲؍ ہزار ۶۸۵؍پولنگ مراکز ایسے ہوں گے جہاں پر ویب کاسٹنگ کا انتظام کیا جائے گا۔ معذور، نوجوان اور خواتین پر خاص توجہ رکھی جائے گی اور اس کیلئے ۳۰۰؍ پولنگ مراکز ہوں گے جن کا انتظام معذوروں کے ذریعہ ہی دیکھا جائے گا۔ 
 قابل ذکر ہے کہ الیکشن کمیشن جلد ہی لوک سبھا انتخابات ۲۰۲۴ء کیلئے تاریخ کا اعلان کر سکتا ہے۔ ادیشہ میں رواں سال اسمبلی الیکشن بھی ہونا ہے۔ اس لیے لوک سبھا انتخابات کے ساتھ ہی ادیشہ اسمبلی انتخابات کی تاریخ کا اعلان بھی ہو سکتا ہے۔ دراصل ۱۷؍ ویں لوک سبھا کی میعاد ۱۶؍ جون ۲۰۲۴ء کو ختم ہو جائے گی اور اس سے قبل نئی حکومت کی تشکیل کیلئے راستہ ہموار کیا جانا ضروری ہے۔ واضح رہے کہ۲۰۱۴ء کے عام انتخابات ۹؍ مراحل میں ہوئے تھے اور۲۰۱۹ء کے عام انتخابات ۷؍ مرحلوں میں طے پائے تھے۔ ۲۰۲۴ء کا لوک سبھا انتخاب کتنے مراحل میں ہوگا، اس سلسلے میں الیکشن کمیشن کے ذریعہ فی الحال کوئی جانکاری نہیں دی گئی ہے۔ اس مرتبہ جنرل الیکشن این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK