Inquilab Logo Happiest Places to Work

’بیسٹ‘ کا طویل مدتی ترقی کا منصوبہ تیار کریں :وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس

Updated: June 06, 2026, 3:45 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

شہر کے ٹریفک کو کم کرنے کیلئے ممبئی کے سبھی انٹری پوائٹ پر آکٹرائے چیک پوسٹ تعمیر کرنے اور ڈپو پر مراٹھی فلموں کیلئے سنیما ہال بنانے کی ہدایت دی۔

Chief Minister Devendra Fadnavis` meeting regarding BEST. Photo: INN
بیسٹ کے تعلق سے منعقد ہ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی میٹنگ۔ تصویر: آئی این این

برہن ممبئی الیکٹرک سپلائی اینڈ ٹرانسپورٹ(بیسٹ) کی ترقی کا منصوبہ تیار کیا جا رہا ہے۔ اس منصوبے میں ڈپو کا ری ڈیولپمنٹ، ملازمین کی رہائش کی تعمیراور طویل مدتی مالی استحکام کو یقینی بنانا شامل ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے بیسٹ کے تعلق سے ایک جائزہ میٹنگ طلب کی جس میں انہوں نے تمام متعلقہ ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ پورے پروجیکٹ میں مکمل شفافیت کو برقرار رکھتے ہوئے تال میل سے کام کریں اور تین اہم ترجیحات شہریوں کے مفادات، ملازمین کی فلاح و بہبود اور ممبئی کی طویل مدتی ترقی کو مرکوزرکھتے ہوئے حکومت کو ایک تفصیلی تجویز پیش کریں۔ اس موقع پر انہوں نے شہر کے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ممبئی کے انٹری پوائنٹس پرآکٹرائے چیک پوسٹ تعمیر کرنے کی اور ڈپو کے ری ڈیولپمنٹ کے دوران وہاں پر مراٹھی فلموں کے لئے سنیما ہال تعمیر کرنے کی بھی ہدایت دی۔ 
وزیر اعلیٰ اپنی سرکاری رہائش گاہ ورشا میں بیسٹ کے مختلف بس ڈپوؤں کو جدید بنانے کے سلسلے میں منعقدہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایات دیں ۔ اس میٹنگ میں ثقافتی امور کے وزیر ایڈوکیٹ آشیش شیلار، وزیر برائے ہنر مندی، روزگار، انٹرپرینیورشپ اینڈ انوویشن منگل پربھات لودھا، ممبئی کی میئر ریتو تاؤڑے، ڈپٹی میئر سنجے گاڈی، بیسٹ کمیٹی کی چیئرپرسن ترشنا وشواسراو، میونسپل اسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین پربھاکر شندے، ایم ایل اے امیت ساٹم (ویڈیو کانفرنس کے ذریعے)، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، بیسٹ کے جنرل منیجر ڈاکٹر سونیا سیٹھی، چیف سیکریٹری اور دیگر موجود تھے۔ 

یہ بھی پڑھئے: مردم شماری پرمامور عملہ کیلئے پولیس تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بیسٹ کا کام اور مستقل کسی ایک ادارے کی ذمہ داری نہیں ہے بلکہ ممبئی میونسپل کارپوریشن اور ریاستی حکومت کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ اس لئے تمام شریک حکومتی اور غیر سرکاری اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت ہونا ضروری ہے۔ بیسٹ ڈپو کی از سر نو ترقی دو مرحلوں میں کی جائے گی اور مستقبل میں بسوں کی گنجائش کو بتدریج بڑھانے کیلئے منصوبہ بندی بھی کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقی کا فائدہ بالآخر ممبئی کے شہریوں کو ہونا چاہئے۔ ہر ڈپو ری ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کو تجارتی استعمال تک محدود نہیں ہونا چاہئے بلکہ اس میں میوزیم، کھیلوں کی سہولیات، ثقافتی جگہیں اور دیگر سماجی انفراسٹرکچر بھی شامل ہونا چاہئے۔ اس طرح کے منصوبے شہر کی سماجی اور ثقافتی زندگی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ 
وزیر اعلیٰ نے مزید تجویز پیش کی کہ منتخب ڈپوؤں پر مراٹھی فلموں کیلئے ۳۰۰؍ تا ۴۰۰؍ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش والے سنیما ہالوں کی تعمیر پر غور کیا جائے۔ یہ تھیٹر رعایتی نرخوں پر مراٹھی فلموں کی نمائش کی سہولت فراہم کر سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK