ٹھیکیدار نے خود سوزی کی کوشش کی ، وزیراعلیٰ اور وزراء یہاں اسمارک کے افتتاح اور دیگر تقریبات کیلئے آئے تھے۔
EPAPER
Updated: June 21, 2025, 12:14 PM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon
ٹھیکیدار نے خود سوزی کی کوشش کی ، وزیراعلیٰ اور وزراء یہاں اسمارک کے افتتاح اور دیگر تقریبات کیلئے آئے تھے۔
یہاں جمعہ کو یک روزہ دورے پر آنے والے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ کسانوں کے مسائل پر توجہ مبذول کرانے کیلئے این سی پی شرد پوار کے کارکنان کی جانب سے وزیراعلیٰ کو کالے جھنڈے دکھاکر حکومت کی مذمت کی گئی جبکہ حصول انصاف کیلئے ایک ٹھیکیدار نے وزیر اعلیٰ کے قافلے کے سامنے پہنچ کر خود پر کیروسین چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی، جسے بروقت پولیس نے ناکام بنا دیا۔
دھرن گاوں میں مختلف تقریبات میں شرکت کی غرض سے پہنچے وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس کے قافلے کو این سی پی شرد پوار گروپ جلگاوں یونٹ کے اراکین نے پمپری گاؤں میں کالے جھنڈے دکھائے اور ریاستی سرکار کی مذمت کی۔ مظاہرین نے کسانوں کی مکمل قرض معافی، کسانوں کے سات بارا اتارا کورا کئے جائے اور آسمانی آفات سے نقصان متاثر کسانوں کو۴؍ ہزار روپئے فی ہیکڑ نقصان بھر پائی کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی متاثر کسانوں کیلئے ریاستی نے گزشتہ روز جو جی آر نکالا ہے اس میں ترمیم کا مطالبہ کیا۔
اس احتجاج میں کلپیتا پاٹل، بالاصاحب پاٹل، اُجول پاٹل، سنجے پاٹل، ہتیندر پاٹل، امول ہارپے، ریاض دیشمکھ وغیرہ شریک تھے۔
صبح ۱۵:۱۰؍بجے ممبئی سے جلگاؤں ہوائی اڈے پر پہنچنے کے بعد وزیر اعلیٰ کا قافلہ جلگاؤں سے گزرنے والے نیشنل ہائی وے سے دھرنگاؤں کیلئے روانہ ہوا، یہ قافلہ جلگاؤں شہر کے آکاشوانی چوک سے تیز رفتاری سے گزر رہا تھا تبھی اچانک سے جلگاؤں کانگریس کے سابق تعلقہ صدر اور ٹھیکیدار سنجے وراڈے نے خود پر کیروسین چھڑک کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ پولیس نے بروقت مداخلت کی اورکر ورادے کو حراست میں لے لیا۔ اس احتجاج پر مہاوترن جلگاؤں کی جانب سے ایک ویڈیو کے ذریعے وضاحت دی گئی کہ یہ احتجاج مہاوترن جلگاؤں کے خلاف نہیں ہے۔ کیونکہ ٹھیکہ ناسک کی ایک کمپنی کو دیا گیا تھا جس کا کام ابھی جاری ہے۔ سنجے ورادے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ فرنویس کے سابقہ دور حکومت میں انہوں نے مہاوترن سے جلگاؤں کے چنچولی میں بجلی سپلائی سب اسٹیشن بنانے کا ٹھیکہ لیا تھا۔ وہاں سے بڑی مقدار میں سامان چوری ہو گیا۔ جس کے نتیجے میں انہیں کافی نقصان اٹھانا پڑا۔ پولیس نے تفتیش بھی ٹھیک نہیں کی اور شکایت کے بعد بھی کچھ نہیں ہوا اسلئے آج انہوں نے خود سوزی کی کوشش کی۔