Updated: July 20, 2024, 7:55 PM IST
| Beijing
حالیہ دنوں میں چین تیز بارش سے بری طرح متاثر ہے۔ کئی علاقوں میں مسلسل بارش ہورہی ہے۔ شانکشی خطے کے شانگلو میں ندی پر بنا پل شدید بارش کے نتیجے میں آنے والے سیلاب کے سبب گر گیا جس کے نتیجے میں ۱۱؍ افراد ہلاک اور ۳۰؍ لاپتہ ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں ندی میں بہہ گئیں۔
چین کے منہدم شدہ پل کا ایک منظر۔ تصویر: پی ٹی آئی
سنیچر کو چین کی سرکاری خبر ایجنسی شنہوا نےخطے کے عوامی رابطہ کے محکمہ کے حوالے سے خبر دی کہ چین کے شانکشی خطے کے شانگلو میں ندی پر بنا ایک پل اچانگ باڑھ آنے سے جمعہ کی رات ۸؍بج کر چالیس منٹ پر گر گیا ۔سی سی ٹی وی کے حوالے سے خبر دی گئی ہے کہ تقریباً ۲۰؍ گاڑیاں اور ۳۰؍ افراد ہنوز لا پتہ ہیں،جبکہ تمام ۱۱؍ مہلوکین دور۵؍ گاڑیوں میں پائے گئے،سرکاری ٹی وی میں اس ٹوٹے ہوئے پل کی تصاویر دکھائی گئی جس کا کچھ حصہ پانی میں ڈوبا ہے اور ندی کا پانی اس کے اوپر سے بہہ رہا ہے۔
چین کا شمالی اور مرکزی حصہ موسلا دھار بارش سے بے حال ہے، منگل سے ہورہی بارش کے سبب باڑھ اور خاطر خواہ نقصان ہوا ہے۔ جمعہ کو سرکاری میڈیا نے بتایا کہ شانکشی کی بائوجی شہر میں باڑھ اور مٹی بہنے سے ۵؍ افراد ہلاک اور ۸؍ افرادلاپتہ ہیں۔تصاویر میں عوام کو ملبہ ہٹاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔اس کے علاوہ نیم صحرائی خطے گنسو جو شانکشی کے پڑوس میں واقع ہے اورمرکزی چین کے ہنان بھی تیز بارش سے بری طرح متاثر ہیں۔واضح رہے کہ مئی میں جنوبی چین میں مسلسل کئی دنوں کی بارش کے نتیجے میں ایک شاہراہ دھنسنے سے ۴۸؍ افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔اس مہینے کے اوائل میں ایک طوفان مشرقی چین کے قصبے سے گذرا جس کے نتیجے میں ایک افراد ہلاک اور تقریباً ۷۹؍ افراد زخمی ہو گئے تھے، اس کے علاوہ بڑے پیمانےپر تباہی ہوئی تھی۔