• Wed, 07 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

چین کی یورپی یونین کو تجارتی تنازعات بات چیت سے حل کرنے کی اپیل

Updated: October 07, 2026, 9:02 PM IST | New Delhi

چین نے کہا کہ یورپی یونین (ای یو) کے ساتھ اس کے تجارتی تعلقات باہمی طور پر انتہائی مربوط اور ایک دوسرے پر منحصر ہیں اور بلاک سے تجارتی خدشات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔

China And EU.Photo:INN
چین اور یورپی یونین۔ تصویر:آئی این این

چین نے بدھ کو کہا کہ یورپی یونین (ای یو) کے ساتھ اس کے تجارتی تعلقات  باہمی طور پر انتہائی مربوط اور ایک دوسرے پر منحصر  ہیں اور بلاک سے تجارتی خدشات بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی۔ یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب فرانس اور جرمنی نے یورپی یونین کے تجارتی اقدامات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گوو جیاکون نے ایک تحریری بیان میں کہا چین اور یورپی یونین کے درمیان صنعتی اور سپلائی چینز انتہائی مربوط اور ایک دوسرے پر منحصر ہیں اور ہمارے اقتصادی و تجارتی تعلقات باہمی مفاد پر مبنی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:آرکٹک اوپن: پی وی سندھو آسانی سے دوسرے راؤنڈ میں، اُنّتی اور اشمیتا باہر

انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ یورپی یونین چین کے ساتھ مل کر ایک ہی سمت میں کام کرے گا اور بات چیت و مشاورت کے ذریعے ایک دوسرے کے خدشات دور کرے گا، تاکہ دونوں فریق عالمی صنعتی اور سپلائی چینز کو مستحکم اور بلا رکاوٹ رکھنے کے ساتھ چین۔یورپی یونین اقتصادی و تجارتی تعلقات کی صحت مند اور مستحکم ترقی کو فروغ دے سکیں۔ گوو نے یورپی یونین پر زور دیا کہ وہ چین کے ساتھ بات چیت اور مشاورت کے ذریعے باہمی خدشات دور کرے اور عالمی صنعتی و سپلائی چینز کے استحکام کو برقرار رکھنے میں تعاون کرے۔یہ بیان فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون اور جرمن چانسلر فریڈرک مرز کی جانب سے یورپی یونین کے لیے نئے تجارتی اقدامات کا مطالبہ کیے جانے کے بعد سامنے آیا۔ دونوں رہنماؤں نے کہا کہ موجودہ تجارتی آلات اب بلاک کے تجارتی نظام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کافی نہیں ہیں۔ یورپی کمیشن کی صدر ارسولا فان ڈیر لاین کو مشترکہ خط میں دونوں لیڈروں نے کہا کہ یورپی یونین کو  غیر معمولی چیلنجز  کا سامنا ہے۔ انہوں نے یورپ کا بیرونی انحصار کم کرنے، سپلائی چینز کے ارتکاز سے نمٹنے اور ابھرتے ہوئے خطرات کی روک تھام کے لیے اقدامات پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھئے:چیک باؤنس کیس: راجپال یادو کو۸۵؍ لاکھ روپے جمع کرانے کیلئے ۱۳؍ اکتوبر تک مہلت

یہ خط یورپی یونین کے تجارتی کمشنر ماروش شیفچووچ کے بیجنگ دورے سے قبل سامنے آیا ہے۔ وہ جمعرات اور جمعہ کو چین کے وزیر تجارت وانگ وین تاؤ سے ملاقات کریں گے۔ شیفچووچ نے کہا ہے کہ یورپی یونین آٹوموبائل، طبی آلات اور زرعی و غذائی مصنوعات سمیت مختلف شعبوں میں پیش رفت کا خواہاں ہے اور مذاکرات ناکام ہونے کی صورت میں تجارتی دفاعی اقدامات کا استعمال کرسکتا ہے۔ یورپی یونین نے  ۲۰۲۵ء میں چین سے۴ء۵۵۹؍ ارب یورو (۶۳۴؍ ارب ڈالر) مالیت کی اشیا درآمد کیں، جبکہ چین کو ۶ء۱۹۹؍ ارب یورو کی اشیا برآمد کیں۔ اس طرح چین کے ساتھ یورپی یونین کا اشیا کی تجارت میں خسارہ  ۸ء۳۵۹؍ ارب یورو رہا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK