دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور ترقیاتی حکمت عملیوں کو مربوط بنانے پر اتفاق۔
شی جن پنگ اور میخائل میشوسٹن۔ تصویر: اےپی / پی ٹی آئی
چین کے صدر شی جن پنگ نے منگل کو یہاں روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن سے ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور ترقیاتی حکمت عملیوں کو بہتر طور پر مربوط بنانے پر اتفاق کیا۔
جن پنگ نے کہا کہ اس سال کے آغاز سے چین اور روس نے پیچیدہ بین الاقوامی ماحول کے باوجود مضبوطی اور تحمل کے ساتھ آگے بڑھتے ہوئے اعلیٰ سطحی اور اعلیٰ معیار کے ترقیاتی اہداف کو حاصل کیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دونوں ممالک دو طرفہ تعلقات کو برقرار رکھنے، مضبوط بنانے اور آگے بڑھانے پر متفق ہیں۔
چینی صدر نے یہ بھی ذکر کیا کہ اس سال روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ان کی ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے لئے نئے روڈ میپ تیار کئےگئے۔ انہوں نے کہا کہ چین اور روس کو باہمی ہم آہنگی برقرار رکھتے ہوئے لیڈروں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے کو مکمل طور پر نافذ کرنا چاہئے۔ دونوں ممالک کو اپنے بنیادی مفادات اور اپنے عوام کی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے تعاون کے دائرہ کار کو مزید وسعت دینا چاہئے، تاکہ عالمی امن اور ترقی میں زیادہ سے زیادہ حصہ ڈالا جا سکے۔