• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سِپلا کاچینی دواساز کمپنی کے ساتھ معاہدہ

Updated: September 05, 2026, 12:35 PM IST | Agency | New Delhi / Mumbai

دونوں مل کر امریکہ میں کینسر کی ایک اہم دوا کا سستا متبادل پیش کریں گے۔

Cipla will handle the commercialization, marketing, and sales of the said drug in the United States. Picture: INN
سِپلا امریکہ میں مذکورہ دوا کی کمرشیلائزیشن، مارکیٹنگ اور فروخت کی ذمہ داری سنبھالے گی۔ تصویر: آئی این این

ہندوستانی دوا ساز کمپنی سِپلا نے امریکی مارکیٹ میں کینسر کی معروف دوا کیٹروڈا (جسے مرک  نامی کمپنی بناتی  ہے) کے بایوسمیلر ورژن(متبادل دوا) کو متعارف کرانے کیلئے چین کی دوا ساز کمپنی کیلو فارماسیوٹیکل  کے ساتھ خصوصی شراکت داری کی ہے۔

یہ معاہدہ امریکہ میںسِپلا کی  آنکولوجی اور بایوسمیلر ادویات کے شعبے میں اپنی موجودگی مضبوط کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے۔  سِپلا کی مکمل ملکیت والی امریکی ذیلی کمپنی انویگن فارماسیوٹیکلز نے کیلو کے ساتھ کیو ایل۲۱۰۷؍ کی امریکہ میں خصوصی لائسنسنگ اور سپلائی کیلئے معاہدہ کیا ہے۔ کیو ایل۲۱۰۷؍ دراصل مرک (Merck) کی مشہور کینسر دوا کیٹروڈاکا ’بایوسمیلر ورژن‘ ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:چین امریکہ کی اے آئی دوڑ قاہرہ تک پہنچ گئی، مصر کو اہم تزویراتی فیصلہ درپیش

معاہدے کے تحت کیو ایل۲۱۰۷؍ کی تیاری سے متعلق بنیادی ذمہ داریاں کیلو فارماسیوٹیکل کے پاس ہوں گی۔ کیلو دوا کی تیاری، امریکی ریگولیٹری منظوری کیلئے رجسٹریشن، مینوفیکچرنگ اور سپلائی کا انتظام کرے گی، جبکہ سِپلا  امریکہ میں اس دوا کی کمرشیلائزیشن، مارکیٹنگ اور فروخت کی ذمہ داری سنبھالے گی۔کمپنیوں کے مطابق کیو ایل۲۱۰۷؍ کو اس مقصد سے تیار کیا گیا ہے کہ مریضوں کو کیٹروڈا کے مقابلے میں ایک زیادہ قابلِ رسائی اور کم لاگت والا علاج فراہم کیا جاسکے، جبکہ حفاظت اور افادیت  کے حوالے سے اس کا پروفائل اصل دوا کے برابر ہو۔ اس شراکت داری کے ذریعے کیلو اپنی تحقیق اور مینوفیکچرنگ کی صلاحیتیں فراہم کرے گی جبکہ سِپلا امریکہ میں  پہلے سے موجود اپنےتجارتی نیٹ ورک اور مارکیٹ تک رسائی سے فائدہ اٹھائے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے:ایف ایس ایس اے آئی کا سی جی فوڈ انڈیا کو ’’ویج بھوجیا نمکین‘‘کی پیداوار روکنے کا حکم

کیٹروڈا دنیا کی اہم ترین کینسر ادویات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ دوا مختلف اقسام کے کینسر کے علاج میں استعمال ہوتی ہے اور تقریباً۲۰؍ مختلف قسم کے کینسر زدہ ٹیومرز اور کینسر کی۴۵؍ اقسام اور مراحل کے علاج کیلئے استعمال کی جاتی ہے۔ یہ دوا طویل عرصے تک دنیا کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی دوا رہی ہے، جس کی وجہ سے اس کے بایوسمیلر کی امریکی مارکیٹ میں آمد کو دوا ساز کمپنیوں کیلئےایک اہم تجارتی موقع تصور کیا جا رہا ہے۔ اس معاہدے کی اہمیت اس لیے بھی بڑھ جاتی ہے کہ مرک کو۲۰۲۸ء میں کیٹروڈا کے پیٹنٹ کے خاتمے کا سامنا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK