• Sat, 05 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیپال کو۲۰؍ ہزار نئے گھر تعمیر کرنے ہوں گے

Updated: September 05, 2026, 1:05 PM IST | Agency | Kathmandu

تباہ کن سیلاب کے نتیجے میں ہزاروں افراد بے گھر۔تباہی کے۱۳؍ویں روز۷؍ ستمبر کو نیپال میں قومی سوگ منانے کا فیصلہ۔

A young girl is seen in front of a school building that is serving as a temporary shelter for flood victims. Picture:  PTI
ایک اسکول کی عمارت کے سامنے بچی نظر آرہی ہے جو سیلاب متاثرین کی عارضی پناہ گاہ ہے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 نیپال میں آنے والے سیلاب سے ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔ حکام کا اندازہ ہے کہ متاثرہ علاقوں کےباشندوں کو دوبارہ آباد کرنے کے لئے تقریباً۲۰؍ ہزارنئے گھر  تعمیر کرنے ہوں گے۔ سیلاب کے باعث نیپال میں جمعہ کی شام تک تقریباً ایک ہزار۲۵۹؍ افراد ہلاک جبکہ ۵؍ہزار سے زائد لاپتہ  تھے۔ بجلی منصوبوں سے منسلک سرنگوں میں پھنسے مزدوروں کی تلاش کے لئے امدادی ٹیمیں سرگرم ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:وہائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کا کئی ہفتوں بعد انعقاد؛ وینس نے وسیع موضوعات پر سوالات کے جوابات دیئے

نیپال کی’ نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھاریٹی‘(این ڈی آر آرایم اے) کے سربراہ دھرم راج اپریتی نے کہا، ’’ہمارا ابتدائی اندازہ ہے کہ۷؍ ہزار ۵؍سوگھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیں، بہہ گئے ہیں یا ملبے اور کیچڑ میں دب گئے ہیں۔ جو گھر اب بھی کھڑے ہیں، وہ بھی رہنے کے قابل نہیں ہیں۔‘‘

حکام کا اندازہ ہے کہ تقریباً۲۰؍ہزار گھروں کو مختلف محفوظ مقامات پر دوبارہ تعمیر کرنا ہوگا۔ وزیر خارجہ شیشیر کھنال نے کٹھمنڈو میں غیر ملکی سفیروں سے کہا کہ دوبارہ تعمیر کےلئے بڑے پیمانے پر وسائل درکار ہوں گے۔

وزیراعظم بالندر شاہ کی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ تباہی کے۱۳؍ویں روز یعنی ۷؍ستمبر کو نیپال میں قومی سوگ منایا جائے گا۔ ہندو روایات کے مطابق۱۳؍واں دن روایتی طور پر سوگ کی مدت کے باضابطہ اختتام کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: رومانیہ: سوشل میڈیا انفلوئنسر اینڈریو ٹیٹ کے خلاف فرد جرائم عائد

نیپال حکومت نے یہ بھی بتایا ہے کہ تبت میں پھنسے ہوئے۱۱۴؍نیپالی شہریوں کو بچا لیا گیا ہے اور ان کی بحفاظت وطن واپسی کا انتظام کیا جا رہا ہے لیکن تبت کے کیروُنگ بارڈر پوائنٹ پر اب بھی تقریباًایک ہزار ۴؍ سو  نیپالی شہری پھنسے ہوئے ہیں۔دوسری جانب نیپال میں تقریباً ۵۸۳؍ غیر ملکی شہری لاپتہ ہیں۔

ایک فوجی افسر نے بتایا کہ ہندوستان، جنوبی کوریا اور چین کے ماہرین کے تعاون سے بجلی منصوبوں سے متعلق سرنگوں میں پھنسے تقریباً ۹؍سو افراد کی تلاش جاری ہے۔

اس دوران نیپال میں ہندوستانی سفیر نوین سریواستو نے جمعرات کو سیابروبیسی کا دورہ کیا اور سرنگ میں ہندوستان اور نیپال کی مشترکہ ٹیم کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK