ویسٹرن ریلوے نے معیار سے سمجھوتہ نہ کرنے کا اعادہ کیا ، ایف ڈی اے کی مسلسل کارروائی کے بعد ریلوے انتظامیہ بھی بیدار ہونے اور کارروائی کرنے پر مجبور۔
آئی آر سی ٹی سی کے سربراہ کے ذریعے ممبئی سینٹرل میں بیس کچن کا معائنہ کیا جارہا ہے۔ تصویر: آئی این این
ایف ڈی اے کی مسلسل کارروائی کے بعد ویسٹرن ریلوے میں ’ انڈین ریلوے گیٹرنگ اینڈ ٹوریزم کارپوریشن‘ ( آئی آر سی ٹی سی) نے بھی جانچ اور کمرشیل ڈپارٹمنٹ کے جانب سے کارروائی شروع کرنے کے بعد اب ممبئی ڈویژن کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ اپریل سے آج تک ۹۹۹؍ کھانے اور پانی کے نمونوں کی جانچ کی گئی اور حیرت انگیز طور پر تقریباً ۹۸؍ فیصد نمونے درست پائے گئے۔ اتنا ہی نہیں ویسٹرن ریلوے نے۶۴؍’ایٹ رائٹ‘ سرٹیفیکیشن حاصل کئے ہیں ۔ ۵۱؍ اسٹیشنز اور۱۳؍ کیمپس میں ویسٹرن ریلوے کا میڈیکل ڈپارٹمنٹ کھانے کی حفاظت اور پینے کے پانی کے معیار پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔
مسافروں اور ریلوے ملازمین کو محفوظ ، صاف اور اچھے معیار کا کھانا اور پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے اپریل۲۰۲۶ء سے بڑے پیمانے پر نمونے لینے کے ساتھ مسلسل جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔
کتنے نمونے درست پائے گئے؟
ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک کے مطابق فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز ایکٹ (ایف ایس ایس اے) اور کوالیٹی کنٹرول پروگرام کے تحت ، اپریل۲۰۲۶ء سے اب تک۹۹۹؍ کھانے کے نمونوں کی جانچ کی جا چکی ہے جس میں تقریباً۹۸؍ نمونے فٹ پائے گئے ہیں۔ ایف ایس ایس ایس اے کے تحت جانچ کئے گئے۳۵۷؍نمونوں میں سے ۳۵۶؍ فٹ پائے گئے ، جو کہ۹۹ء۷۲؍فیصد فٹنس ہے جبکہ کوالیٹی کنٹرول کے تحت چیک کئے گئے ۶۴۲؍ نمونوں میں سے۶۲۶؍ درست پائے گئے۔ راجکوٹ ، بھاؤ نگر اور ممبئی سینٹرل میں واقع جگجیون رام اسپتال نے ایف ایس ایس اے اور کوالیٹی کنٹرول دونوں کے نمونے لینے میں سوفیصد فٹنس ریکارڈ کی گئی ہے۔ اس نگرانی پروگرام کے ذریعے ظاہر ہوا کہ فوڈ سیفٹی کے مقررہ معیارات پر عمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جانچ کے دوران پائی جانے والی کمیوں کو دور کرنے کیلئے بھی ضروری کارروائی کی جا رہی ہے۔ اسی طرح محفوظ ، صاف ، صحت مند اور اچھے کھانے کے طریقوں کو فروغ دینے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر ، ویسٹرن ریلوے نے۶۴؍’ایٹ رائٹ‘ سرٹیفیکیشن حاصل کئے ہیں۔
پینے کے پانی کے معیار کی بڑے پیمانے پر نگرانی
ویسٹرن ریلوے باقاعدہ بیکٹیریا لوجیکل ٹیسٹنگ اور کلورین کی نگرانی کے ذریعے پینے کے پانی کی بھیبڑے پیمانے پر جانچ کر رہا ہے۔
ایٹ رائٹ اقدام کیا ہے؟
فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھاریٹی آف انڈیا کے تعاون سے شروع کیا گیا ’ایٹ رائٹ‘ اقدام، کھانے کی اشیاء اور کھانے پینے والوں کو فروخت کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ وہ تربیت، جانچ اور باقاعدہ نگرانی کے ذریعے فوڈ سیفٹی اور صفائی کے مقررہ اصولوں پر عمل کریں۔ یہ مسافروں اور ریلوے عملہ کے درمیان صحت مند اور محفوظ کھانے کے اختیارات کو بھی فروغ دیتا ہے اور ایک محفوظ اور مسافروں کے لئے موزوں ماحول بنانے میں مدد کرتا ہے۔