ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی نے مساجد کے خلاف یکطرفہ کارروائی کو سرے سے خارج کردیا۔
EPAPER
Updated: June 30, 2025, 4:54 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai
ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی نے مساجد کے خلاف یکطرفہ کارروائی کو سرے سے خارج کردیا۔
ممبئی پولیس نے شہر کی عبا د ت گاہوں کا لاؤڈ اسپیکر سے پاک کرنے کا دعویٰ کیاہے ۔ واضح رہے کہ شہر اور مضافات کی اکثر مساجد میں لگائے جانے والے لاؤڈ اسپیکر کیخلاف ممبئی پولیس کی مسلسل کی جانے والی کارروائی پر نہ صرف عوامی سطح پر ناراضگی پائی جارہی ہے بلکہ سیاسی، سماجی اور ملی تنظیموں سے وابستہ ذمہ داران نے اس سلسلے میں ریاستی وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس اور نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوارکے علاوہ ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی سے بھی ملاقات کی تھی اور اس سلسلے کو روکنے کی اپیل کی تھی۔ اسی درمیان ممبئی پولیس کمشنر نے ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کو نشانہ نہیں بنایا جارہا ہے بلکہ پولیس نےسبھی مذاہب کے ماننے والوں کی عبادت گاہوں میں لگے لاؤڈ اسپیکر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے شہر کی عبادت گاہوں کو لاؤڈ اسپیکر سے پاک کر دیا ہے۔ ‘‘
ممبئی پولیس کمشنر دیوین بھارتی نے مساجد کے خلاف یکطرفہ کارروائی کو سرے سے خارج کرتے ہوئے کہا کہ ’’ شہر اور مضافات میں مختلف مذاہب کے ماننے والوں کی ہزاروں عبادت گاہوں میں لگے لاؤڈ اسپیکر کو نکالا گیاہے۔ مذکورہ بالا کارروائی بامبے ہائی کورٹ کے جاری کردہ احکامات اور حکومت کی ہدایت کے مطابق کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں کی گئی کارروائی کے دوران شہر اور مضافات کی ۱۵؍ سو عبادت گاہوں سے لاؤڈ اسپیکر نکال کر عبادت گاہوں کو لاؤڈ اسپیکر سے پاک کیا گیا ہے۔ ‘‘
کمشنر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سلسلےمیں کی جانے والی کارروائی سے قبل عبادت گاہوں کے ذمہ داران اور عوام کو بھی اعتماد میں لیا گیا تھا۔ اس ضمن میں عوامی سطح ہی پر نہیں بلکہ سیاسی، سماجی اور ملی لیڈروں سے بارہا ہونے والی گفت و شنید اور میٹنگوں کے بعد مذہبی مقامات سے لاؤڈ اسپیکر ہٹانے کی کارروائی شروع کی گئی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ نکالے گئے لاؤڈ اسپیکر کو دوبارہ لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ساتھ ہی کسی بھی مذہبی تہوار کے موقع پر درخواست کے بعد عارضی طو ر پر صوتی آلودگی کے طے شدہ قانون کے مطابق لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کی اجازت دی جائے گی۔
یہاں یہ بات ذہن نشین رہےکہ بی جے پی کے لیڈر کریٹ سومیا جنہوں نے مساجد میں لگے لاؤڈ اسپیکر کو ہٹانے کی مہم چلارکھی ہے، نے بھی گزشتہ روز ڈیڑھ سومساجد سے لاؤڈ اسپیکر نکالے جانے کا دعویٰ کیا تھا۔