صنعتی شہر کے چنندہ نوجوانوںکو ممبئی بھیجا جائے گا جو ماہرین سے تربیت حاصل کرکے اپنے شہر کی رہنمائی کریں گے۔
ریاست میں فی الحال ووٹر میپنگ کا کام جاری ہے۔تصویر:آئی این این
صنعتی شہر کے حج ہاؤس میں ’ آؤ ! ایس آئی آر کی تیاری کریں ‘ اِس عنوان سے منعقدہ رہنمایانہ جلسہ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔اس کا انعقاد مالیگاؤں مومن بُنکر فرنٹ اور کمیونیٹی کو آرڈینیشن انشیٹیو کے زیراہتمام ہوا تھا۔اس موقع پر قاسم انظر، صدیقی اور ایڈوکیٹ ندیم صدیقی (ممبئی ) نے مفصل ،مدلل اور سہل انداز میں اسپیشل انٹینسیو ریویژن (ایس آئی آر ) سے متعلق معلومات فراہم کی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ کئی مہینوں سے جنوب مرکزی ممبئی کے مدن پورہ،بائیکلہ،محمد علی روڈ،ڈونگری و اطراف کی بستیوں میں عوامی سطح پر رضاکارانہ کام کررہے ہیں۔فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی درستی و نئے ناموں کے اندراجات، آدھار کارڈ، برتھ و ڈیتھ سرٹیفکیٹ ،پاسپورٹ کے ساتھ باالخصوص ایس آئی آر میں لازمی کاغذات ودستاویزات کی تیاریاں جاری ہیں۔
اس موقع پر رہنمایانہ جلسہ کے کنوینر پروفیسر عبدالمجید صدیقی نے کہا کہ مالیگاؤں سے منتخب نوجوانوں کو ممبئی بھیجا جائے گا ۔ قاسم انظر صدیقی اور ایڈوکیٹ ندیم صدیقی اُن منتخب نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔تربیت یافتہ نوجوان شہرمالیگاؤں آکر اپنی خدمات انجام دیں گے۔ تربیتی مراحل سے متعلق ساری معلومات عنقریب عوام کیلئے جاری کردی جائیگی۔اس جلسہ کے اہم شرکاء میں حنیف شوال،جمیل کرانتی،شاہد رمضان فیمس،شاہدلطیف،ساجد انصاری،اخلاق بالے مقادم،عمران انجینئر،ایوب رحمانی،عمران راشد وغیرہ شامل ہیں۔
جلسہ کی اہم بات یہ بھی رہی کہ شرکاء کیلئے سوال جواب کا اوپن سیشن رکھا گیا ۔سوالات کرنے والوں کو موقع دیا گیا جبکہ جوابات دینے کیلئے قاسم انظرصدیقی اور ایڈوکیٹ ندیم صدیقی موجود تھے۔منتظمین کی جانب سے اخیرمیں اعلان ہواکہ اس جلسہ کو اختتام نہیں بلکہ ایس آئی آر کی تیاری کا آغاز سمجھا جائے۔ روزانہ سنیچر تا جمعرات رات میں نَو بجے سے ساڑھے دس بجے تک سی سی آئی آفس واقع اے ٹی ٹی کیمپس میں ایس آئی آر،ووٹرلسٹ،آدھارکارڈ،ڈیتھ و برتھ سرٹیفکیٹ نیز دیگر سرکاری کاغذات ودستاویزات سے متعلق رہنمائی کا سلسلہ جاری رہے گا۔جمعہ کو سی سی آئی آفس کی تعطیل رہتی ہے۔خواہش مندان دئے گئے نظام الاوقات میں تشریف لاسکتے ہیں۔ یاد رہے کہ ریاست میں ایس آئی آر کا عمل شروع ہو چکا ہے۔