نئی دہلی میں عالمی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے منفرد فوائد اور کاروبار دوست ماحول کو اجاگر کیا۔
EPAPER
Updated: November 14, 2025, 3:28 PM IST | Agency | New Delhi
نئی دہلی میں عالمی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے منفرد فوائد اور کاروبار دوست ماحول کو اجاگر کیا۔
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کے تلنگانہ کو ۲۰۳۴ء تک ایک کھرب ڈالر اور۲۰۴۷ء تک ۳؍ کھرب ڈالر والی معیشت بنانے کے ویژن کو جمعرات کو امریکہ-ہندوستان اسٹریٹیجک پارٹنرشپ فورم کے سالانہ اجلاس میں عالمی تاجروں نے بھرپور تائید کی۔ٹکنالوجی کے شعبہ کی سرکردہ شخصیت اور سابق سسکو سی ای او جان چیمبرس نے ریونت ریڈی کے ویژن کو بہادر، واضح اور قابلِ حصول قرار دیتے ہوئے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ریونت ریڈی کے ترقیاتی منصوبوں کو گیم چینجر قرار دیتے ہوئے ان کے سماجی اثرات کی ستائش کی۔یو ایس آئی ایس پی ایف کے صدر و سی ای او ڈاکٹر مکیش آغی نے کہا کہ فورم تلنگانہ کی ترقی کے روڈ میپ کی مکمل تائیدکرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریونت ریڈی کی دعوت پر ہمارے بیشتر اراکین تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کریں گے جو۸؍ اور۹؍ دسمبر کو حیدرآباد میں منعقد ہوگی۔اس میں ریاست کا جامع ویژن پیش کیا جائے گا۔ عالمی سرمایہ کاروں سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے تلنگانہ کے منفرد فوائد اور کاروبار دوست ماحول کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہندوستان کی سب سے کم عمر،متحرک اور کامیاب ریاست ہے۔ حیدرآباد مرکزی طور پر واقع، محفوظ اور عالمی معیار کے انفراسٹرکچر اور خوشگوار موسم کے لئے مشہور ہے۔ ہم ہندوستان کی مارکٹ کے لئے گیٹ وے ہیں اور گلوبل کیپیبلیٹی سنٹرس کے لئے پسندیدہ منزل بن چکے ہیں۔ میں عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور ہماری ترقی کی کہانی میں شریک ہوں۔انہوں نے ہارورڈ، اسٹینفورڈ اور آکسفورڈ جیسی سرکردہ یونیورسٹیوں کو حیدرآباد میں آف شور کیمپس قائم کرنے کی دعوت دی اور کہا کہ آسان ویزا عمل اور کم لاگت سے گلوبل ساؤتھ کے طلبہ بھی آئیوی لیگ تعلیم تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بھارت فیوچر سٹی، موسی ندی کی بحالی، ریجنل رنگ روڈ، ریڈیل روڈس، حیدرآباد میٹرو توسیع اور نئے ڈرائی پورٹ جیسے منصوبے تلنگانہ کے شہری و صنعتی منظرنامہ کو یکسر بدل دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت فیوچر سٹی۳۰؍ہزار ایکڑ پر پھیلا ہوا ہندوستان کا سب سے جدید اور عالمی معیار کا شہری مرکز ہوگا ۔