Inquilab Logo Happiest Places to Work

کولہاپور میں فرقہ وارانہ تصادم ، پتھرائو اور آتشزنی

Updated: August 23, 2025, 11:12 PM IST | Kolhapur

۴؍ پولیس اہلکار سمیت ۱۰؍ افراد زخمی ، بینر اور سائونڈ سسٹم کے خلاف پولیس میں شکایت کرنے پر شر پسندوںکا ہنگامہ اور توڑ پھوڑ

The area`s electricity was cut off due to stone-pelting
پتھرائو کے سبب علاقے کی بجلی گل ہو گئی تھی (تصویر : انقلاب)

کولہا پور شہر کے سدھارتھ نگر میں واقع کمانی گیٹ کے پاس دو گروپوں کے درمیان  تصادم کی وجہ سے شہر میں کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔ڈیجیٹل بینر اور ساؤنڈ سسٹم کے لگانے کی وجہ شروع ہونے والے جھگڑے میں ۴؍ پولیس اہلکار اور ۶؍ شہری زخمی ہوئے ہیں ۔ساتھ ہی ایک ٹیمپو سمیت ۶؍ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔پولیس نے  ڈھائی گھنٹے کی مسلسل جدوجہد کے بعد بالآخر صورتحال پر قابو پالیا ۔جمعہ کی شب ہی سے پولیس نے تفتیش شروع کردی تھی  اور علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمین کی شناخت  ان کی گرفتاریوں کی کوشش جاری تھی۔
  اطلاع کے مطابق سدھارتھ نگر کے سی پی آر چوک سے سونیا ماروتی روڈ تک  راجے باگیشور فٹ بال کلب کی ۳۱؍ویں سالگرہ  کا بورڈ لگایا گیا تھا۔ اسی مناسبت سے جمعہ کی رات ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیلئے جمعہ کی دوپہر سے  لائٹنگ اور ساؤنڈ سسٹم لگایا گیا  جس پر ایک گروہ نے اعتراض کیا اور وہ لکشمی پوری پولیس اسٹیشن شکایت کرنے گئے جہاں انہوں نے پولیس انسپکٹر شری رام کنیرکر سے شکایت کی۔انسپکٹر نے ابتدائی جانچ پڑتال کر جائے وقوعہ پر پہنچے ۔ انہوں نے لائٹنگ اور ساونڈ سسٹم ہٹوا دیا ۔ اس وقت ایسا لگا جیسے تنازع ختم ہو گیا۔
  مگر اس کاروائی سے دوسرا گروپ مشتعل ہوگیا۔ رات ساڑھے ۸؍ بجے انہوں نے شور مچایا اور دونوں گروپ کے لوگ آمنے سامنے آگئے جس کی وجہ  حالات خراب ہوگئے ۔دیکھتے ہی دیکھتے پتھر بازی شروع ہوگئی۔اس کی وجہ سے الیکٹرک بلب پھوٹ گئے اور علاقہ میں اندھیرا ہوگیا ادھیرے  کا فائدہ اٹھاکر بھیڑ نے  ہنگامہ آرائی  شروع کر دی۔ اچانک تشدد کی وجہ سے وہاں سے گاڑیوں میں گزرنے والے مسافر اورراہ گیر خوفزدہ ہوگئے۔ مشتعل ہجوم نے سدھارتھ نگر راجے باگیشور علاقے میں گاڑیوں کی شدید توڑ پھوڑ کی۔ ایک ٹیمپو کو الٹ دیا گیا اور آگ لگا دی گئی۔ اس کے علاوہ ۴؍؍ کاریں اور ایک رکشا تباہ ہو گیا۔اطلاع کے مطابق یہ پورا ہنگامہ اور پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کم و بیش ۴۰؍ تا ۴۵؍ منٹ تک چلتی رہی۔پولیس نے مقامی شہریوں کی مدد سے گھروں سے پانی لا کر جلتے ہوئے ٹیمپو کو بجھایا ۔
 پولیس کو موقع پر پہنچنے میں تھوڑی دیری ہوگئی۔ جیسے جیسے پولیس کے دستے پہنچے ہجوم منتشر ہوتا گیا۔اطلاع کے مطابق پولیس نے کم و بیش دو سے ڈھائی گھنٹوں میں صورتحال پر قابو پالیا تھا۔پتھراؤ زنی میں لوکل کرائم  انویسٹی گیشن پولیس کے سب انسپکٹر آشیش مورے اور لکشمی پوری پولیس اسٹیشن کے عملدار عابد ملا سمیت صدام مہات (۳۴)، نہال شیخ(۲۳)،زریاب انعامدار(۳۹)، اشفاق نائک واڑی(۲۶)، اقبال سرکاواس(۴۲) شامل ہیں ۔ان سبھی کا علاج سی پی آر اسپتال میں جاری ہے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس سپرنٹنڈنٹ یوگیش کمار گپتا، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر دھیرج کمار، شہر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پریہ پاٹل کے علاوہ شاہو واڑی ،کرویر کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اپاسی پوار ، سجیت کمار شیرساگر، لوکل کرائم برانچ کے انسپکٹر رویندر کملاکر اور کولہا پور شہر کی۴؍ پولیس تھانہ کے پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ فسادات پر قابو پانے والی ٹیم کو بھی فوری طور پر روانہ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK