Inquilab Logo Happiest Places to Work

پونے کے دونڈ تعلقے میں فرقہ وارانہ کشیدگی، قابل اعتراض پوسٹ پر ہنگامہ ، وزیر اعلیٰ کا انتباہ

Updated: August 02, 2025, 7:40 AM IST | Pune

یک قابل اعتراض پوسٹ کے بہانے پونے کے دونڈ تعلقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ حتیٰ کہ پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے اور لاٹھی چارج کرنی پڑی۔

A large police force reached Dond (Photo: Agency)
بڑے پیمانے پر پولیس فورس دونڈ پہنچی( تصویر: ایجنسی)

یک قابل اعتراض پوسٹ کے بہانے پونے کے دونڈ تعلقے میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ حتیٰ کہ پولیس کو آنسو گیس کے گولے چھوڑنے پڑے  اور لاٹھی چارج کرنی پڑی۔ اطلاع کے مطابق اس دوران  ایک مخصوص طبقے کے مکانات پر پتھرائو کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔ اطلاع کے مطابق اس توڑ پھوڑ کی زد میں عبادتگاہیں بھی آئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اشتعال انگیزی کرنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 
  اطلاع کے مطابق پونے ضلع کے دونڈ تعلقے میں واقع یوت گائوں میں جمعہ کے روز اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب کسی مسلم  نوجوان نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر ایک قابل اعتراض پوسٹ شیئر کی۔ کچھ ہی دیر میں جمعہ کے روز لگنے والا ہفتہ واری بازار بند کروا دیا گیا۔ اس کے بعد مسلم علاقوں کے مکانات پر پتھرائو شروع کیا گیا۔ پوسٹ کرنے والا نوجوان جس کا نام ’سید‘ بتایا جا رہا ہے کے مکان  میں بری طرح توڑ پھوڑ کی گئی ہے۔ ساتھ ہی   علاقے میں کھڑی گاڑیوں میں آگ لگا دی گئی۔ سڑک پر ٹائر جلا کر احتجاج کیا گیا۔ ایک رپورٹ کے مطابق مقامی مسجد میں بھی توڑ پھوڑ کی خبر ملی ہے۔ بھیڑ میں سے کچھ شر پسندوں نے مسجد پر چڑھ کر اس کے مینار پر بھگوا جھنڈا لگا دیا۔ اس کی تصویر’ اے بی پی نیوز‘ کی ویب سائٹ پر شیئر کی گئی ہے۔  
  ہرچند کہ پولیس ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچی اور اس نے بھیڑ کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔ نہ صرف لاٹھی چارج کیا گیا بلکہ آنسو گیس کے گولے بھی چھوڑے گئے لیکن پتھرائو کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔ یاد رہے کہ دونڈ ہی وہ جگہ ہے جہاں مسلمانوں کے بائیکاٹ کا شوشہ چھیڑا جاتا رہا ہے۔ باہر کے مسلمانوں کو مقامی مسجد میں نماز پڑھنے سے روکنے کا فرمان بھی کچھ عرصہ پہلے جاری کیا گیا تھا۔ گزشتہ دنوں یہاں وینکٹیشور مندر میں لگے چھتر پتی شیواجی کے مجسمے کے ساتھ کسی نے چھیڑ چھاڑ کی ۔ وہ نوجوان مسلمان تھا اور شراب کے نشے میں تھا۔ پولیس نے اسے فوری طور پر گرفتار کیا ۔ وہ اب بھی جیل میں ہے۔ جمعہ کو جس نوجوان  نے’ نا زیبا‘ پوسٹ کیا وہ بھی پولیس حراست میں ہے۔
  اجیت پوار کا دورہ
  پونے کے نگراں وزیر اجیت پوار نے اپنے سارے کام چھوڑ کر فوراً دونڈ کا رخ کیا اور حالات کا جائزہ لیا۔   انہوں نے کہا ’’ جس شخص نے قابل اعتراض پوسٹ کیا ہے اس کا دونڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے کہ وہ کچھ سال قبل ناندیڑ سے یہاں آ کر بسا ہے۔ گزشتہ دنوں ہونے والے کچھ واقعات سے شاید وہ مشتعل ہو گیا ہے۔ ‘‘ نائب وزیر اعلیٰ نے کہا ’’ یہاں توڑ پھوڑ ہوئی ہے گاڑیاں جلائی گئی ہیں۔ ان ساری چیزوں کا پنچ نامہ کیا جائے گا۔ یہ شیو،بھلے، امبیڈکر کی ریاست ہے یہاں سب کو ساتھ لے کر چلنے کی روایت رہی ہے۔ ‘‘ 
 وزیر اعلیٰ کا انتباہ
  اس دوران وزیر اعلیٰ  دیویندر فرنویس نے بھی بیان جاری کرکے کشیدگی پھیلانے والوں کو متنبہ کیا ہے۔    انہوں نے کہا ’’ دونوں طرف کے لوگ مل کر بیٹھے ہیں اور معاملے کو حل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔  کچھ لوگوں نے قابل اعتراض پوسٹ کے ذریعے اشتعال انگیزی کی ہے۔ ایسے لوگوں پر سخت  کارروائی کی جائے گی ۔ ‘‘ اس دوران بڑی تعداد میں پولیس فورس دونڈ میں تعینات کی گئی ہے۔ 

pune Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK