پونے این سی پی کےسربراہ نے شردپوار سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات مہا وکاس اگھاڑی کے طورپر ہی لڑے جائیں گے،اس سے پہلے ہی وہ کہہ چکے ہیں کہ اگر دونوںگروہ متحد ہوئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے
EPAPER
Updated: December 06, 2025, 10:55 PM IST | Mumbai
پونے این سی پی کےسربراہ نے شردپوار سے ملاقات کے بعد واضح کیا کہ بلدیاتی انتخابات مہا وکاس اگھاڑی کے طورپر ہی لڑے جائیں گے،اس سے پہلے ہی وہ کہہ چکے ہیں کہ اگر دونوںگروہ متحد ہوئے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے
بلدیاتی انتخابات کے پس منظر میں ریاست میں کئی الٹ پھیر دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ اس موقع پر کئی علاقوں میں کچھ اعلانات بھی کئے گئے ہیں۔ کہیںشیوسینا کے دونوںگروہ مل کر الیکشن لڑنے کی بات کررہے ہیں تو کہیں این سی پی کے دونوںگروہ متحدہ الیکشن لڑنےکا اشارہ دے رہے ہیں۔ ایسے میںاین سی پی کے شہری اکائی کے صدرپرشانت جگتاپ نےجو این سی پی کے دونوں گروہوںکے اتحاد کے خلاف ہیں ، سنیچر کوشرد پوار سے ملاقات کی ۔ پرشانت جگتاپ یہ تک کہہ چکے ہیںکہ اگر بلدیاتی انتخابات کیلئے این سی پی (شرد) اور این سی پی (اجیت) میں اتحاد ہوا توو ہ سیاست چھوڑ دیں گے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے اعلان کیاتھاکہ وہ شردپوار سے ملاقات کرکے ان کے سامنے اپنا موقف رکھیں گے۔ سنیچر کو شردپوار سے ملاقات کے بعدپرشانت جگتاپ نےواضح کیا پونے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں این سی پی کے دونوں گروہوں میںاتحادنہیں ہوگا۔ پرشانت جگتاپ نے شرد پوار سے ملاقات کے بعد بتایاکہ این سی پی سربرادہ شرد پوار نے سب کو مہا وکاس اگھاڑی (ایم وی اے) کے طور پر الیکشن لڑنے کی ہدایت دی ہے۔
پرشانت جگتاپ نے کہا کہ ہر کسی کو مہا وکاس اگھاڑی کے طور پر ہی الیکشن لڑنے کیلئے کہا گیا ہے اور شرد پوار نے بھی اس کیلئے تیاری کرنے کا حکم دیا ہے۔سنیچر کو پرشانت جگتاپ نے شرد پوار سے ملاقات میںانہیں اپنے اس موقف سے آگاہ کیاکہ وہ شہر میںاجیت پوار گروہ سے اتحاد نہیںچاہتے۔ پونے شہر کے صدر پرشانت جگتاپ نے مقامی سطح پر دونوں گروپوں کے اکٹھے ہونے کی سخت مخالفت کی ہے ۔ میٹنگ کے بعد یہ واضح ہو گیا کہ این سی پی کے دونوں گروپ پونے میں متحد نہیں ہوں گے ۔ پرشانت جگتاپ نے مزید کہا کہ اس کے علاوہ شرد پوار نے ریاست کے دیگر میونسپل کا رپوریشنوں میں بھی پارٹی کے دونوں گروہوںکے درمیان اتحادکے تعلق سےیہی موقف اختیار کیا ہے،یعنی وہ بھی اتحادکےخلاف ہیں۔پرشانت جگتاپ نے یہ بھی کہا کہ ہم پونے اور ریاست میں بلدیاتی انتخابات مہاوکاس اگھاڑی کے طور پر لڑیں گے۔جگتاپ نے بتایا کہ شرد پوار نے ششی کانت شندے سے بھی بات کی ہے۔ شرد پوار، سپریہ سلے اور ششی کانت شندے تینوںنے کہا ہے کہ وہ پونے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات مہاوکاس اگھاڑی کےبینر تلے ہی لڑیں گے۔