Inquilab Logo Happiest Places to Work

سوشل میڈیا پر نفرت انگیز تبصرہ، کمپنی نے ۲۲؍ لاکھ روپے سالانہ کی ملازمت کی پیشکش واپس لے لی

Updated: July 07, 2025, 11:01 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

لنکڈ اِن پر ممبئی کی اسٹارٹ اپ کمپنی کے بانی محمد احمد بھٹی کے پیغام کی پزیرائی۔

Muhammad Ahmed Bhati. Photo: INN
محمد احمد بھاٹی۔ تصویر: آئی این این

ممبئی کی ایک اسٹارٹ اَپ کمپنی نےایک امیدوار کیلئے ۲۲؍ لاکھ روپے سالانہ ملازمت کی اپنی پیشکش اس لئے واپس لے لی کہ ماضی میں  وہ سوشل میڈیا پر ایک مذہبی گروپ کےخلاف نفرت انگیزی کا مظاہرہ کر چکا ہے۔ ’’جابی‘‘ نامی اس کمپنی کے بانی محمد احمد بھاٹی اس فیصلے کی وجہ سے موضوع بحث بن گئے ہیں۔ واضح رہے کہ ’جابی‘ اے آئی پر مبنی ایک ’’آل- اِن- وَن‘‘ کیریئر پلیٹ فارم ہے جو ملازمت کی تلاش کو تیز کرنے کیلئے خدمات کا ایک جامع پیکیج فراہم کرتا ہے۔ 
  اس ضمن میں  لنکڈ اِن پر ان کی پوسٹ تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں  بھاٹی نے لکھا ہے کہ ’’انٹرویو سے متاثر ہو کر ہم اپنے بجٹ سے زیادہ کی پیشکش کیلئے تیار تھے۔ لیکن آخری بیک گراؤنڈ چیک کے دوران معلوم ہوا کہ (منتخب کئے گئے) امیدوار نے حالیہ عوامی تبصروں میں مذہبی برادریوں کے خلاف تضحیک آمیز باتیں کی ہیں۔ کام میں کوئی کتنی ہی مہارت رکھتا ہو، ہمارے لئے عزت اور بنیادی شائستگی زیادہ اہم ہے۔ ‘‘ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ ’’صلاحیت آپ کو دروازے تک لاتی ہےمگرآپ کی قدریں   یہ فیصلہ کرتی ہیں کہ آپ رکیں گے یا نہیں۔ ‘‘
  مذکورہ امیدوار کو دی گئی پیشکش واپس لینے کی اطلاع دیتے ہوئے بھیجے گئے پیغام میں   محمد احمد بھاٹی نے کہا ہے کہ ’’جیسا کہ آپ کو معلوم ہے ہم آفرلیٹر جاری کرنے سے قبل بیک گراؤنڈ چیک کرتے ہیں۔ اس چیکنگ کےدوران ہم نے لنکڈ اِن پر آپ کے کچھ ایسے عوامی پیغامات دیکھے جو کچھ برادریوں  کے مذہبی جذبات کو بہت زیادہ مجروح کرنےوالے تھے۔ جابی میں  ہم آزادی ٔ اظہار رائے کا احترام کرتے ہیں مگر ہم یہ بھی مانتے ہیں  کہ یہ آزادی کچھ ذمہ داریوں  کے ساتھ ہے۔ ہماری ٹیم متنوع ہے۔ میں  مسلمان ہوں، میرا شریک بانی عیسائی ہے، ہمارے سرمایہ کار اور مشیر جین ہیں اورمیری ٹیم کے تمام اراکین ہندو ہیں۔ ہم ایسے عناصر سے اپنے دفتر کو پار رکھنا ضروری سمجھتے ہیں۔ اس لئے ہم نے آپ کا آفر لیٹر نہ جاری کرنےکافیصلہ کیا ہے۔ ‘‘
 اگرچہ بڑی تعداد میں  لوگوں  نے بھاٹی کو محض تکنیکی صلاحیت کے بجائے اقدار کو ترجیح دینے پر سراہا ہے لیکن کچھ نے اس بات پر سوال اٹھایا کہ کیا سوشل میڈیا پر کئےگئے تبصروں کی بنیاد پر ملازمت کی پیشکش واپس لینا جائز ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK