Inquilab Logo Happiest Places to Work

خلیج تعاون کونسل کے اجلاس میں اسرائیل کی مذمت، حملے روکنے اور مذاکرات بحال کرنے کا مطالبہ

Updated: December 06, 2023, 10:23 AM IST | Agency | Doha

امیر ِقطر تمیم بن حماد الثانی نے اقوام متحدہ سے اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی مانگ کی، اردگان نے متنبہ کیا کہ تل ابیب پورے خطے کے مستقبل کو خطرہ میں ڈال رہاہے۔

Photo on the occasion of the Gulf Cooperation Council meeting in Doha. Photo: INN
دوحہ میں خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کےموقع کی تصویر۔ تصویر : آئی این این

دوحہ میں خلیج تعاون کونسل کے اجلاس کا افتتاح کرتے ہوئے امیرِ قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی نے اس بات کو شرمناک قراردیا کہ ۲؍ ماہ سے اسرائیل غزہ پر بمباری کررہاہے، بچوں اور خواتین کو دانستہ طورپر منظم طریقے سے قتل کررہاہے اور عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ذمہ داری نبھائے اور اسرائیل کو مذاکرات کی  میز پر لائے۔  اس بیچ ترک صدر رجب طیب اردگان  نے متنبہ کیا کہ اسرائیل اپنی حرکتوں سے پورے خطے کی سلامتی اور مستقبل کو خطرے میں ڈال رہاہے۔ 
واضح رہے کہ قطر وہ عرب ملک ہے جہاں حماس کے متعدد سیاسی لیڈررہائش پزیر ہیں اور امن مذاکرات کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہی مذاکرات کے نتیجے میں حماس اور اسرائیل کے درمیان تقریباً ایک ہفتے کی جنگ بندی  اورسیکڑوں قیدیوں کی  رہائی ممکن ہوئی۔ جنگ بندی میں توسیع نہ ہوپانے کی وجہ سے  دوبارہ جنگ شروع ہو چکی ہے جس میں ایک ہزار سے زائد مزید فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ مہلوکین کی مجموعی تعداد ۱۶؍ ہزار کے قریب پہنچ رہی ہے جس میں ۷۰؍ فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ 
شیخ تمیم بن حماد نے کہا `عارضی جنگ بندی مستقل جنگ بندی کا متبادل نہیں ہو سکتی۔ خطے میں المیوں اور سانحوں سے بچنے کا یہی ایک راستہ ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کیلئے ان کی ریاست کے حق کو تسلیم کر لے۔ انہوں نے کہا کہ `اسرائیل حق دفاع کے نام پر فلسطینیوں کی نسل کشی  نہیں کرسکتا۔ 
ترک صدر رجب طیب اردگان نے غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تل ابیب پورے خطے کی سلامتی کے ساتھ کھیل رہاہے۔ دوحہ میں خلیج تعاون کونسل کی سمیٹ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو  اپنے سیاسی مستقبل کیلئے غزہ کو تباہ کررہے ہیں اور پورے خطے کے مستقبل کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔  انہوں نے متنبہ کیا کہ بچوں اور خواتین کا قتل جنگی جرائم میں شامل ہے جس کیلئے اسرائیل کو سزا ملنی چاہئے۔ ترک صدر نے  فوری جنگ بندی پر زور دیا اور ۱۹۶۷ءکی سرحدوں پر مشتمل آزاد مملکت فلسطین  کی وکالت کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK