صدرجمہوریہ نے قومی سیاست میں ان کی آواز کو مخصوص اور پُر اثر قراردیا، راہل نے کہا کہ وہ ہندوستان کے نظریات کے محافظ تھے، سنجے سنگھ نے انہیں مزدوروں اور مظلوں کو کا مسیحابتایا۔
EPAPER
Updated: September 13, 2024, 11:19 AM IST | Agency | New Delhi
صدرجمہوریہ نے قومی سیاست میں ان کی آواز کو مخصوص اور پُر اثر قراردیا، راہل نے کہا کہ وہ ہندوستان کے نظریات کے محافظ تھے، سنجے سنگھ نے انہیں مزدوروں اور مظلوں کو کا مسیحابتایا۔
سی پی ایم کے جنرل سیکریٹری سیتا رام یچوری کے انتقال پرسیاسی حلقوں کی جانب سے اظہار تعزیت کیا گیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے بھی ان کی رحلت پرملال کا اظہار کیا ۔ مرمو نے ایکس پر ایک پیغام میں لکھا’’سی پی آئی (ایم) جنرل سیکریٹری سیتارام یچوری کے انتقال کے بارے میں جان کر دکھ ہوا۔ پہلے ایک طالب علم لیڈر کی حیثیت سے اور پھر قومی سیاست میں اور ایم پی کے طور پر ان کی ایک مخصوص اور پُر اثر آواز تھی۔ ایک پُرعزم مفکر ہونے کے باوجود، انہوں نے پارٹی لائن سے بالاتر ہوکر کر دوست بنائے۔ ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں سے میری دلی تعزیت۔‘‘ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے سیتارام یچوری کی وفات پراپنے تعزیتی پیغام میں کہا ’’میں سینئر سیاستداں اور سابق رکن پارلیمنٹ سیتارام یچوری کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ایشور ان کی آتما کو شانتی دے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے ۔‘‘ واضح رہے کہ سیتا رام یچوری کاجمعرات کودہلی کے ایمس میں انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر ۷۲؍ سا ل تھی ۔ انہیں۱۹؍ اگست کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
عام آدمی پارٹی ( آپ) کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے کہا ’’جمہوریت اور آئین کے حق میں ایک مضبوط آواز اور فرقہ پرستی کے خلاف سب کو متحرک کرنے والے سرکردہ لیڈر سیتارام یچوری دنیا کو الوداع کہہ گئےلیکن وہ غریبوں کی آواز بن کر ہمیشہ زندہ رہیں گے، مزدوروں اور مظلوموں کے مسیحا کا انتقال ہندوستانی سیاست کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ کامریڈ سیتارام یچوری کو سر جھکا کر سرخ سلام۔‘‘
دہلی کے سابق نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا نے کہا ’’ سیتارام یچوری کے انتقال کی خبر سن کر مجھے بہت دکھ ہوا، وہ ایک عظیم رہنما، ایک سچے سوشلسٹ اور ایک غیر معمولی انسان دوست تھے۔ ان کا جانا ملکی سیاست کیلئے بہت بڑا نقصان ہے۔ میری تعزیت ان کے خاندان اور پارٹی کے ساتھ ہے۔‘‘کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے کمیونسٹ لیڈر سیتارام یچوری کے انتقال پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنا بہترین دوست قرار دیا۔راہل گاندھی نے کہا’’سیتارام یچوری جی ایک اچھے دوست تھے۔ ہندوستان کے نظریات کے محافظ تھے اور ہمارے ملک کے بارے میں گہری سمجھ رکھتے تھے۔ میرے اور ان کے درمیان طویل بات چیت کا جو سلسلہ رہا ہے میں اب اس سے محروم رہوں گا ۔غم کی اس گھڑی میں ان کے لواحقین، دوستوں اور پیروکاروں کے ساتھ دل کی گہرائی سے اظہار ہمدردی۔‘‘کانگریس نے ایکس پر اپنے آفیشل پیج پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا’’سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈر سیتارام یچوری کا انتقال ہندوستانی سیاست کیلئے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے۔ ممتا بنرجی نے بھی یچوری کی وفات کو ملک کیلئے بڑا نقصان قراردیا اور انہیں تجربہ کار پارلیمنٹرین کے طورپر یاد کیا۔