• Sat, 24 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان : شدید برف باری، معمولات متاثر

Updated: January 24, 2026, 1:00 PM IST | Agency | Islamabad

سردی کی شدت میں اضافہ ، کچھ علاقوںمیں بارش بھی ہوئی ۔ جمعہ تک مر ی میں تقریباً۱۲؍ انچ تک برف پڑچکی ہے۔

Vehicles pass near a pile of snow near the Pak-Afghan border in Chaman. Picture: INN
چمن میں پاک افغان سرحد کے قریب بر ف کے ڈھیر کے قریب سے گاڑیاں گزر رہی ہیں۔ تصویر: آئی این این
پاکستان کے مختلف علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔اس دوران کچھ علاقوںمیں بارش  بھی ہوئی ہے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے جاری ایڈوائزری کے مطابق آئندہ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور شدید برف باری کا امکان ہے۔
جمعرات کوجمعہ کی درمیانی شب خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے اپنے ایکس اکاؤنٹ سے جاری بیان میں علاقے سے عوام کے انخلا ءکے عمل کو ’زبردستی‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’انخلاء کے دوران لوگ بر ف باری میں پھنسے ہوئے ہیں، تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اُن کی مدد کی جا رہی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ تقریباً ۳؍ جگہوں پر لوگ پھنسے ہوئے ہیں۔ کچھ افراد کو نزدیک واقع گھروں میں اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بنائے گئے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ جبکہ کچھ افراد  سےسگنلز نہ ہونے اور راستہ کلیئر نہ ہونے کی وجہ سے رابطہ نہیں ہو پا رہا ہے۔
واضح ہوکہ اب تک صوبہ خیبر پختونخوا کے کئی علاقوں اور پنجاب کے سیاحتی مقام مری میں شدید برف باری درج کی گئی ہے۔حکام کے مطابق مری میں جمعہ تک تقریباً۱۲؍ انچ تک برف پڑ چکی ہے۔صوبے میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ مری میں اس وقت بھی برف باری جاری ہے جبکہ آئندہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مزید بارش اور شدید برف باری کی پیش گوئی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق مری اور گردونواح میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔حکام کی جانب سے سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب اور احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ حکام کنٹرول روم سے موسم کی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور عوام کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ۱۱۲۹؍ پر رابطہ کر سکتے ہیں۔دوسری جانب مری پولیس کا کہنا ہے کہ برف باری کے باعث ملک بھر سے بڑی تعداد میں سیاح مری کا رخ کر رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK