Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹی ای ٹی پیپرلیک کے خلاف احتجاج، کانگریس نے وزیر تعلیم کا پتلا جلایا

Updated: June 30, 2026, 11:10 AM IST | Ali Imran | Amravati

امراوتی میں پارٹی کی یوتھ ونگ نے فوری طور پر مرکزی اور ریاستی وزرائے تعلیم کے استعفے کا مطالبہ کیا ۔

Tet Protest.Photo:INN
ٹی ای ٹی کے خلاف احتجاج۔ تصویر:آئی این این
نیٹ کے بعد  ٹیچر اہلیت ٹیسٹ ( ٹی ای ٹی) کا پرچہ بھی لیک ہو گیا جس کی وجہ سے ایک بار پھر ملک بھر میں ناراضگی پھیل گئی ہے۔ کانگریس جو پہلے ہی نیٹ پیپر لیک کے خلاف احتجاج کر رہی تھی اس نے اب ٹی ای ٹی پیپر لیک کے خلاف بھی احتجاج شروع کر دیا ہے۔  پیر کے روز امراوتی ضلع یوتھ کانگریس نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اور ریاستی وزیر برائے اسکولی تعلیم دادا بھسے کا علامتی پتلا جلاکر احتجاج درج کیا۔
 
 
یوتھ کانگریس کے ضلع صدر نیلیش گُوہے، ضلع نائب صدر نتن کالے اور این ایس یو آئی کے ضلع صدر سوراج پوٹے نے احتجاج کی قیادت کی۔ یوتھ کانگریس نے الزام لگایا ہے کہ بھیونڈی سے پیپر لیک ہونے کی ابتدائی اطلاع کے بعد اتوار کو ہونے والے ٹی ای ٹی امتحان کو ملتوی کرکے ایک بار پھر طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ جبکہ نیٹ پیپر لیک معاملہ ابھی تازہ ہی ہے ایسے میں ٹی ای ٹی پیپر لیک  کسیبھی حال میں قابل معافی نہیں ہے۔ قابل ذکر ہے کہ پیپر لیک کے دونوں واقعات مہاراشٹر میں ہوئے جس سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ مرکزی اور ریاستی دونوں وزیر تعلیم ناکام ہو چکے ہیں۔ لہٰذا مطالبہ کیا گیا کہ دونوں وزراء اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں اور اس معاملے کی حقیقت سامنے لائی جانی چاہئے۔
 
 
اس معاملے میں تمام مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور مستقبل کے امتحانات کو شفاف اور محفوظ بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کرنے کا معاملہ بھی اس وقت اٹھایا گیا۔ اس موقع پر یہ بھی مطالبہ کیا کہ ٹی ای ٹی امتحان کی نئی تاریخ کا اعلان کیا جائے اور طلبہ کو ذہنی اور مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا یقینی بنایا جائے۔ احتجاج میں یوتھ کانگریس عہدیداران کے علاوہ طلبہ و والدین نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یاد رہے کہ نیٹ پیپر لیک کے بعد سے مختلف تنظیمیں مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے خلاف احتجاج کر رہی ہیں۔ ان میں کاکروچ جنتا پارٹی  پیش پیش ہے جس کا قیام ہی وزیر تعلیم کا استعفیٰ مانگنے کیلئے عمل میں آیا ہے۔ کانگریس بھی ریاست کے مختلف علاقوں میں نیٹ پیپر لیک کے معاملے پر احتجاج کر رہی ہے، اسی دوران اب ٹی ای ٹی پیپر لیک معاملہ سامنے آ گیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK