Inquilab Logo Happiest Places to Work

الہ آباد میں ہونے والے ’چھاتروں کی گونج‘ کیلئے کانگریس کی مہم تیز

Updated: August 05, 2026, 10:58 AM IST | New Delhi

’راہل گاندھی ڈاٹ اِن‘ کے نام سے بنائی گئی ویب سائٹ پر وہاں پہنچنے والے طلبہ کا رجسٹریشن شروع، بارش کے پیش نظر تقریباً دو کروڑ روپے کی لاگت سے ایک بڑا پنڈال تیار کرایا جا رہا ہے۔

Rahul Gandhi speaking to students at a rally in Dehradun. Photo: INN
دہرا دون کی ریلی میں طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی۔ تصویر: آئی این این

ملک بھر کے طلبہ اور نوجوانوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر ملنےوالی حمایت سے کانگریس کے حوصلے بلند ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ’چھاتروں کی گونج‘ کے تیسرے مرحلے کیلئے کانگریس کی تیاریاں اور بڑے پیمانے پر کی جارہی ہیں۔ اس تعلق سے کانگریس نے اپنی مہم تیز کردی ہے۔ اترپردیش کانگریس نے دعویٰ کیا ہے کہ الہ آباد میں طلبہ اور نوجوان کی ایک بڑی تعداد جمع ہوگی جو ملک میں تعلیمی اصلاحات کیلئے کانگریس کا ساتھ دے گی۔ ’چھاتروں کی گونج‘  سے جڑنے میںطلبہ کی آسانی کیلئے کانگریس کی جانب سے ’راہل گاندھی ڈاٹ اِن‘ کے نام سے ایک ویب سائٹ بھی بنائی گئی  جہاں پر طلبہ اور نوجوانوں کا  رجسٹریشن کیا جارہاہے۔ خیال رہے کہ کانگریس کے  رکن پارلیمان اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی۸؍ اگست کو الہ آباد میں طلبہ کے ساتھ بات چیت (چھا تر سمواد) کریں گے۔ پارٹی کا دعویٰ ہے کہ کے پی کالج میدان میں منعقد ہونے والے اس پروگرام میں تین لاکھ سے زائد طلبہ شامل ہوں گے۔اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے نے بتایا کہ راہل گاندھی طلبہ سے روزگار، پیپر لیک، طلبہ کی خودکشی اور تعلیمی نظام جیسے مسائل پر براہِ راست بات چیت کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے: اپوزیشن کا سرکار کو چیلنج ’مودی، شاہ ایوان میں آئیے اور جواب دیجیے‘

پارٹی ذرائع کے مطابق یہ’چھاتر سمواد‘  پروگرام شام ۵؍ بجے سے شروع ہوگا۔ اس میں طلبہ کیلئے چائے پانی کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ کچھ شرکاء کیلئے رات کے کھانے کا بھی بندوبست رہے گا۔ طلبہ کی سہولت کیلئے مفت ای-رکشہ سروس فراہم کرنے کی بھی تیاری کی جا رہی ہے۔کانگریس لیڈران کے مطابق بارش کے پیش نظر پروگرام کیلئے تقریباً ۲؍ کروڑ روپے کی لاگت سے ایک بڑا پنڈال تیار کرایا جا رہا ہے۔ راہل گاندھی کے اسٹیج تک پہنچنے کیلئے خاص راہداری بنائی جا رہی ہے، جس سے وہ طلبہ کے درمیان گفتگو کر سکیں۔ تقریب سے جڑے لوگوں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ راہل گاندھی کے پروگرام کی جگہ پہنچنے کے دوران آتش بازی کا انتظام کیا گیا ہے۔

راہل گاندھی نے اپنے ’ایکس‘  اکاؤنٹ پر پروگرام کی معلومات شیئر کرتے ہوئے ’چھاتروں  کی گونج‘ کے عنوان سے پوسٹر جاری کیا ہے۔ پوسٹر میں پروگرام میں حصہ لینے کیلئے رجسٹریشن کی خاطر کیو آر کوڈ بھی فراہم کیا گیا ہے۔ اس پوسٹر میں راہل گاندھی نے طلبہ کی جانب سے بی جے پی کو مخاطب کرتے ہوئے ایک پیغام لکھا ہے کہ ’’جاب نہیں ملے گا تو سنگھاسن ہلے گا۔‘‘  مدھیہ پردیش کی دتیا اسمبلی اور بہار کی بانکی پور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی کی شرمناک شکست کے پس منظر میں اس پوسٹر کی گونج دور تک سنائی دے رہی ہے۔ انہوں نے ایکس اکاؤنٹ پر ایک تفصیلی پیغام بھی پوسٹ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: دورانِ پرواز طیارہ ۳۰۰؍ فٹ نیچے آگیا

  کانگریس نے کہا کہ تعلیم کا اہم مرکز مانے جانے والے الہ آباد سے پارٹی نوجوانوں اور طلبہ کے مسائل پر وسیع تر بات چیت شروع کرنا چاہتی ہے۔ حال ہی میں دہلی کے جنتر منتر پر ہوئے طلبہ کے احتجاج کے بعد یہ پروگرام سیاسی طور پر بھی اہم مانا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK