Inquilab Logo Happiest Places to Work

’جین زی‘ سے کانگریس کا اظہار یکجہتی، جیتو پٹواری کی ۲۰۰؍ کلومیٹر سائیکل یاترا

Updated: July 15, 2026, 11:17 AM IST | Bhopal

نیٹ اور سی بی ایس ای امتحان میں بے ضابطگی، پیپر لیک اور بےروزگاری کیخلاف احتجاج، مدھیہ پردیش کانگریس کے سربراہ یہ سفر دو دنوں میں پورا کریں گے۔

Jeetu Patwari during the cycle yatra. Photo: INN
جیتو پٹواری سائیکل یاترا کے دوران۔ تصویر: آئی این این

ملک کے تعلیمی نظام میں در آئی بدعنوانی اور بدانتظامی کے خلاف کانگریس نے ’چھاتروں کی گونج‘ کے نام سے ملک گیر تحریک چھیڑ رکھی ہے۔ اس کے تحت ملک کی تمام ریاستوں میں کانگریس کارکنان بیداری مہم چلارہے ہیں۔ اسی کے تحت مدھیہ پردیش کانگریس  نے اندور سے بھوپال تک ایک خصوصی ’سائیکل یاترا‘ کا منگل سے آغاز کیا  ہے۔ یہ یاترا نیٹ-یوجی امتحان میں بے ضابطگی، سی بی ایس ای امتحان میں بے ضابطگی، پیپر لیک اور بڑھتی بے روزگاری جیسے سنگین مسئلوں کے خلاف نکالی جا رہی ہے۔ راہل گاندھی کی مہم ’چھاتروں کی گونج‘ کے تحت منعقدہ اس پروگرام کی قیادت مدھیہ پردیش کانگریس کے ریاستی صدر جیتو پٹواری خود کر رہے ہیں۔ وہ بذات خود سائیکل چلاتے ہوئے۲؍ دنوں میں اندور سے بھوپال تک کا سفر طے کریں گے۔ راستے میں لوگ اس قافلے سے ملتے جائیں گے۔ اس طرح منزل تک پہنچتے پہنچتے یہ کاررواں بڑا ہوسکتا ہے۔ اس سائیکل یاترا کا مقصد نوجوانوں کو بیدار کرنا اور ان کے والدین سے رابطہ قائم کرنا ہے۔ جیتو پٹواری نے اس یاترا کو ’یوتھ سوابھیمان یاترا‘ اور ’جین  زی سائیکلوتھون‘ کا نام دیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ناگپور: عام آدمی پارٹی کی ایتھنال کے خلاف گڈکری کی رہائش گاہ تک مارچ کی کوشش

یہ سائیکل یاترا منگل ۱۴؍ جولائی کو صبح تقریباً۸؍ بجے اندور میں دیوی اہلیا یونیورسٹی کے قریب واقع ’آر این ٹی‘ مارگ سے شروع ہوئی۔ قابل ذکر ہے کہ اندور کا یہ علاقہ تعلیمی اداروں کا سب سے بڑا مرکز مانا جاتا ہے۔ کانگریس نے اس مقام کا انتخاب خصوصی طور پر کیا تاکہ یہاں سے طلبہ کی پریشانیوں اور حکومت کی بے ضابطگیوں کی وجہ سے مسلسل ہو رہے پیپر لیک کے معاملے کو لے کر ایک بڑا اور موثر پیغام دیا جا سکے۔ اندور سے بھوپال کے راستے میں آنے والے ہر ضلعے سے تقریباً ۵۰۰؍ ’سائیکل یاتری‘ اس یاترا میں شامل ہوتے جائیں گے۔ اس طرح سے اندور، دیواس، سیہور اور بھوپال ضلع کو ملا کر مجموعی طور پر۲؍ہزار سے زیادہ سائیکل یاتریوں کا ایک بڑا قافلہ تیار ہوگا۔اس موقع پرجیتو پٹواری نے کہا کہ ’’مدھیہ پردیش میں گزشتہ۲۵؍ برسوں سے بی جے پی کی حکومت ہے۔ اس دوران یہاں پر تعلیم اور امتحان مافیا بے لگام ہو گئے ہیں۔اس کامنہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ ان برسوں میں۹۰؍ سے زائد مرتبہ پیپر لیک ہو چکے ہیں جبکہ ۵۰؍ سے زائد مرتبہ امتحانات منسوخ ہو چکے ہیں۔اس کے ساتھ ہی نوکریوں کے مواقع کی جو تشہیر کی جا رہی ہے، وہ ناکافی ہے۔ ’کے جی‘ سے ’پی جی‘تک کی تعلیم اتنی مہنگی ہو گئی ہے کہ یہ عام آدمی کے بس کی بات نہیں رہ گئی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ ملک کے عام آدمی، نوجوان اور طلبہ اپنی عزت نفس، اپنے خوابوں اور اپنے حقوق کیلئے متحد ہو کر آگے بڑھیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مال بردار ٹرین پر چڑھ کر ہائی وولٹیج لائن چھونے سے نوجوان کی موت

اس دوران ایک دلچسپ بات بھی سامنے آئی ہے۔یاترا کے دوران کانگریس کارکنوں نے ریگل اسکوائر پر مہاتما گاندھی کے مجسمے کے سامنے نعرہ لکھے غبارے،پمفلٹ اور پانی کی کچھ خالی بوتلیں چھوڑ دیں جس کی وجہ سے میونسپل کارپوریشن نے این ایس یو آئی کے ریاستی انچارج روی ڈانگی پر۲؍ ہزار روپے کا سپاٹ جرمانہ عائد کردیا ہے۔ جرمانے کی رسید کو لوگ  یہ لکھتے ہوئے سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں کیا اس سے قبل بھی اس طرح کسی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے؟

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK