Inquilab Logo

کانگریس کی جانب سےمہاراشٹر میں ۷؍ امیدواروں کے ناموں کا اعلان

Updated: March 23, 2024, 11:38 AM IST | Agency | Mumbai

چھترپتی شاہو مہاراج اور پرنیتی شندے کا نام شامل ، ادھو ٹھاکرے نے بھی تنازع کے باوجود سانگلی سے امیدوارکو میدان میں اتارا۔

MLA Parineeti Shinde has been given ticket from Sholapur. Photo: INN
رکن اسمبلی پرنیتی شندے کو شولاپور سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ تصویر : آئی این این

مہا وکاس اگھاڑی کے درمیان فی الحال سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ کم از کم اس کا اعلان تو نہیں ہوا ہے اس درمیان کانگریس نے ریاست میں ۷؍ سیٹوں پر اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ اسی دوران ادھو ٹھاکرے نے بھی سانگلی سیٹ پر باوجود تنازع کے اپنا امیدوار کھڑا کر دیا ہے۔ جمعرات کی رات کانگریس اعلیٰ کمان نے لوک سبھا انتخابات کیلئے اپنے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی جس میں کل ۵۷؍ نام شامل ہیں ۔ ان میں ۷؍ امیدوار مہاراشٹر کے بھی ہیں حالانکہ یہاں ابھی تک تینوں پارٹیوں میں سیٹوں کی تقسیم پر حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ اس فہرست میں سب سے اہم نام چھترپتی شاہو مہاراج کا ہے جبکہ رکن اسمبلی پرنیتی شندے بھی امیدوار بنائی گئی ہیں ۔ ٹویٹر پر شیئر کی گئی فہرست کے مطابق شیواجی مہاراج کے گھرانے سے تعلق رکھنے والے چھترپتی شاہو مہاراج کو حسب اعلان کولہاپور سے ٹکٹ دیا گیا ہے جبکہ سابق وزیر اعلیٰ سشیل کمار شندے کی بیٹی پرنیتی شندے کو شولاپور سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ ضمنی انتخابات میں پونے کے قصبہ اسمبلی حلقے میں بی جے پی سے سیٹ چھین کر کانگریس کو اہم کامیابی دلانے والے رویندر دھنگے کر کوپونے پارلیمانی حلقے سے امیدوار بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ آدیواسیوں کی اکثریت والے نندور بار حلقے سے گوول پڑوی کو ٹکٹ دیا گیا ہے تو امراوتی سے بلونت وانکھیڈے کو میدان میں اتارا گیا ہے۔ ساتھ ہی ناندیڑ سے بھی امیدوار کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہاں سے وسنت رائو چوان کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ جبکہ لاتور سے شیواجی رائو کلگے کانگریس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گے۔ 

یہ بھی پڑھئے: بہرام پور: ادھیر رنجن چودھری اور یوسف پٹھان کے درمیان مقابلہ دلچسپ ہوسکتا ہے

 سانگلی میں شیوسینا کا امیدوار
 اس دوران شیوسینا ( ادھو) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے جمعرات کی رات سانگلی میں ایک جلسہ عام سے خطاب کیا۔ خطاب کے دوران ہی انہوں نے پہلوان چندر ہر پاٹل کو سانگلی سے امیدوار بنانے کا اعلان کیا۔ چندرہرپاٹل پہلوان ہیں اور وہ مہاراشٹر میں کشتی مقابلے کا سب سے بڑا خطاب مہاراشٹر کیسری دو مرتبہ جیتا ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا پہلوان کو آگے کرتے ہوئے کہا ’’ یہ مرد میں آپ کو دے رہا ہوں جو آپ کیلئے لڑے گا لیکن اس کیلئے اسے کامیاب بنانے کی ذمہ داری آپ کو نبھانی ہوگی۔ آپ کو ثابت کرنا ہوگا کہ آپ بھی مرد ہیں۔ ‘‘ یاد رہے کہ سانگلی کی سیٹ پر کانگریس اور شیوسینا کے درمیان رسہ کشی ہے۔ کانگریس کا دعویٰ ہ کہ یہ اس کی روایتی سیٹ ہے جبکہ شیوسینا کا کہناہے کہ وہ یہ سیٹ کسی حال میں نہیں چھوڑے گی۔ اس کی وجہ سے دونوں پارٹیوں کے درمیان ناراضگی بھی ہے۔ ادھو کی ریلی سے قبل ہی مقامی کانگریس یونٹ نےاس کے بائیکاٹ اعلان کر دیا تھا۔ ضلع کے جت حلقے سے رکن اسمبلی وکرم سنگھ ساونت کا کہنا تھا کہ سانگلی سیٹ ہمیشہ سے کانگریس کی رہی ہے ہمارا خیال ہے کہ یہ سیٹ کانگریس کو ملنی چاہئے اور ہم اعلیٰ کمان کو اس بات پر آمادہ کریں گے کہ وہ یہاں سے اپنا امیدور کھڑا کریں۔ ‘‘ ساتھ ہی انہوں نے کہا ’’ چونکہ شیوسینا نے یک طرفہ طور پر یہاں سے اپنے امیدوار کے نام کا اعلان کر دیا ہے اس لئے ہم ادھو ٹھاکرے کی ریلی کا بائیکاٹ کریں گے اور اس میں شریک نہیں ہوں گے۔ یاد رہے کہ اب تک مہا وکاس اگھاڑی نے سیٹوں کی تقسیم کے تعلق سے کوئی حتمی اعلان نہیں کیا ہے اور دونوں طرف سے امیدواروں کا اعلان ہو رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK