• Fri, 27 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئین اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے کانگریس کی زبردست ریلی

Updated: November 27, 2026, 3:39 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

باندرہ میں کلکٹرآفس کے باہر اور تھانے میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لیڈران اورکارکنان نے آئین کو بچانے کا حلف لیا۔

Rallies were held outside the Collector’s office in Bandra and in Thane. Leaders and party workers took an oath to protect the Constitution....
باندرہ مشرق میں کلکٹرآفس کے پاس ’آئین بچاؤ‘ ریلی میں رکن پارلیمان ورشاگائیکواڑ ،کانگریس کے لیڈران اور کارکنان۔ تصویر: انقلاب

’یوم آئین‘ پر جمہوریت اور آئین کے تحفظ کیلئے کانگریس نے باندرہ اور تھانے میں عظیم الشان ریلیوں کا انعقاد کیا جس میں پارٹی لیڈران کے ساتھ ہزاروں رضاکاروں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ان دونوں ریلیوںکے شرکاء سے آئین کو بچانے کا حلف بھی لیا گیا۔باندرہ مشرق میں کھیر واڑی جنکشن سے ریلی شروع کی گئی جوقریب ہی ضلع کلکٹر آفس کے باہر بھارت رتن ڈاکٹر با با صاحب امبیڈکر کے مجسمے کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔ دوسری ریلی   تھانے میں نکالی گئی تھی۔ 

باندرہ کی ریلی میں ممبئی کانگریس کمیٹی کی صدر اور رکن پارلیمان ڈاکٹر ورشا گائیکواڑ نے حکومت کو للکارتے ہوئے کہا کہ ’’ہم اپنی آنے والی نسلوں کو وہی آئین دیں گے جو ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے ہمارے اسلاف کو اور انہوں نے ہمیں سونپا ہے۔‘‘ انہوں نے ہر شہری کو ہر قیمت پر فرقہ پرست طاقتوں سے لڑنے کی اپیل کی اور یہ بھی درخواست کی کہ فاشسٹ حکومت کو کرسی سے اتار کر پھینک دیں۔

باندرہ کی ریلی میں اراکین اسمبلی اسلم شیخ، امین پٹیل، جیوتی گائیکواڑ، سابق وزیر عارف نسیم خان، سچن ساونت، سریش چندر راج ہنس، نارتھ سینٹرل ڈسٹرکٹ کے صدر ارشد اعظمی اور بی ایم سی  میں گروپ لیڈر اشرف اعظمی سمیت سبھی موجودہ اور سابق کارپوریٹرس شامل تھے۔ 

تھانے کی ریلی کا آغاز مہاتما جیوتی با پھلے اور ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کوخراجِ عقیدت پیش کرکے کیا گیا۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے اس موقع پر حاضرین کو آئین بچانے کا حلف دلایا۔

یہ بھی پڑھئے:ممبئی حملوں میں شہید ہونے والوں کو خراجِ عقیدت پیش کیاگیا

یہاں انچارج ڈاکٹر سریویلا پرساد، ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال، قانون ساز کونسل میں گروپ لیڈر ستیج پاٹل، کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن سابق وزیر بالاصاحب تھوراٹ، ایم پی چندرکانت ہنڈورے، شوبھا بچھاؤ، حسین دلوائی، مظفر حسین، پرنیتی شندے، رویندر چوان، شیواجی کالگے، ایم ایل اے بھائی جگتاپ، سی ڈبلیو سی ممبر سابق ایم پی کمار کیتکر، سابق وزیر ڈاکٹر وشواجیت کدم، رمیش باگوے، ریاستی مہیلا کانگریس کی صدر سنیتا گاوندے، چرن سنگھ سپرا، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سیکریٹری موہن جوشی، ریاستی نائب صدر ایڈوکیٹ گنیش پاٹل، ریاستی جنرل سیکریٹری ایڈوکیٹ سندیش کونڈولکر، دیگر کانگریس لیڈران اور بڑی تعداد میں کارکنان موجود تھے۔

اس موقع پر ڈاکٹر سریویلا پرساد نے کہا کہ ’’مودی-شاہ حکومت ملک کے آئین کو تباہ کر رہی ہے، آئین پڑھا جائے گا تو ملک بچ جائے گا۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آئین نے تمام ذاتوں، مذاہب، خواتین اور محروم طبقے کو مساوی حقوق اور مراعات دی ہیں۔ اس نے انفرادی آزادی، اظہار رائے کی آزادی اور ووٹ کا حق دیا ہے لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کی مودی-شاہ حکومت عام لوگوں کے ان حقوق کو چھین رہی ہے۔ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر کا ملک کو دیا گیا آئین آج خطرے میں ہے اور اس آئین کو بچانا وقت کی ضرورت ہے۔

کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ ’’جب ملک میں آئین سازی ہورہی تھی اس وقت بی جے پی نہیں تھی، اس وقت راشٹریہ سوئم سیوک سنگھ تھی، اس وقت کے سرسنگھ چالک گولوالکر نے ڈرافٹنگ کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر کو خط بھیج کر مطالبہ کیا تھا کہ ملک کا آئین منوسمرتی کے مطابق لکھا جائے۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی آئین کے بجائے منوسمرتی کو اہمیت دینے والی پارٹی ہے۔بی جے پی کی آئین سے محبت صرف دکھاوے کی ہے۔ ‘‘

قانون ساز کونسل کے گروپ لیڈر ستیج پاٹل نے کہا کہ اس ریلی کیلئے تھانے کا انتخاب اس بات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کیا گیا ہےکہ تین چار سال پہلے تھانے سے جمہوریت کا قتل کیا گیا تھا۔ ان کا اشارہ تھانے سے تعلق رکھنے والی نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے کے ذریعہ شیو سینا کی تقسیم کی طرف تھا۔ انہوں نے ووٹ چوری پر بھی بات کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK