Inquilab Logo

کانگریس الیکشن کیلئے تیار، ۵؍ ریاستوں میں فتح کا یقین

Updated: September 18, 2023, 10:29 AM IST | Agency | Hyderabad

کانگریس ورکنگ کمیٹی میں  قرارداد منظور، راہل گاندھی نے لیڈروں  کو پارٹی کے نظریات پر قائم رہنے اور بی جےپی کے جال میں نہ پھنسنے کا مشورہ دیا۔

Sonia Gandhi, Mallikarjan Kharge and Rahul Gandhi at the CWC meeting. Photo: INN
سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں سونیا گاندھی، ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی۔ تصویر:آئی این این

حیدرآباد میں کانگریس ورکنگ کمیٹی کے ۲ ؍ روزہ اجلاس کے دوسرے دن سی ڈبلیو سی نے ایک قرارداد منظور کرکے آ نے والے چند مہینوں میں  ۵؍ ریاستوں   کے اسمبلی انتخابات میں فیصلہ کن فتح حاصل کرنے اور ’آمرانہ‘ طرز کی حکومت کو ملک سے اکھاڑ پھینکنے کا عزم کیا ہے۔ ۲۰۲۴ء کے پارلیمانی الیکشن کیلئے تیار ہونے کے عزم کا اظہارکرتے ہوئے پارٹی نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ ملک کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں ۔ 
سی ڈبلیو سی کے اختتام پر منظور کی گئی قرارداد کے مطابق’’کانگریس ورکنگ کمیٹی کی یہ توسیعی میٹنگ اس اعتماد کااظہار کرتی ہے کہ انڈین نیشنل کانگریس کوچھتیس گڑھ،مدھیہ پردیش، میزورم، راجستھان اور تلنگانہ میں  عوام جلد ہی ہونے والے اسمبلی الیکشن میں فیصلہ کن فتح  سے ہمکنار کریں   گے۔‘‘ قرارداد کے مطابق’’ ہم قانون کی حکمرانی ، آزادی،سماجی اور معاشی انصاف نیز برابری سے متعلق عوام کی توقعات کو پورا کریں گے۔‘‘ 
میٹنگ میں راہل گاندھی نے لیڈروں کو مشورہ دیا کہ وہ عوام کی خدمت میں  مصروف اور اپنے نظریہ کے تعلق سے پوری طرح واضح رہیں۔ انہوں  نے پارٹی لیڈروں  کو ’’بی جےپی کے جال میں  پھنسنے ‘‘سے خود کو بچانے کی تلقین کی ۔ انہوں  نے کانگریس کے لیڈروں کو ہدایت دی کہ وہ بھارت ماتا کی آواز کو سنیں اور عوام کی خدمت کریں ۔ پارٹی صدر ملکارجن کھرگے نے کانگریس لیڈروں  کو للکارتے ہوئے کہا کہ ’’متحد ہوجاؤ ، ’آمرانہ ‘ حکومت کو اکھاڑ پھینکواور ملک کی جمہوریت کو بچاؤ۔‘‘سی ڈبلیو سی کی میٹنگ میں  آپسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتحاد کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیاگیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK