• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس کو بی ایم سی الیکشن اکیلے لڑنا چاہئے: ورشا گائیکواڑ

Updated: November 16, 2025, 11:53 AM IST | Inquilab News Network/Agency | Mumbai

بہار انتخابات کے مایوس کن نتائج کے بعد ایشیا کی سب سے امیر بلدیہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی )  پر قبضہ کرنے کی تگ و دو تیز ہو گئی ہے۔

Varsha Gaikwad. Photo: INN
ورشا گائیکواڑ۔ تصویر:آئی این این
بہار انتخابات کے مایوس کن نتائج کے بعد ایشیا کی سب سے امیر بلدیہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی )  پر قبضہ کرنے کی تگ و دو تیز ہو گئی ہے۔ یہ سوال اٹھ رہے ہیں کہ کیاکانگریس مہا وکاس اگھاڑی( ایم وی اے) اور راج ٹھاکرے کی قیادت والی مہاراشٹر نونرمان سینا کے اتحاد کے ساتھ الیکشن لڑے گی ؟ اس ضمن میں ممبئی کانگریس کی صدر ورشا گائیکواڑ نے سنیچر کو صاف کر دیا ہے کہ کانگریس پارٹی کارکنان اور عام شہریوں کا واضح مطالبہ ہے کہ آئندہ بی ایم سی کے انتخابات میں کانگریس آزادانہ طور پر اور اپنی طاقت کے بل بوتے پر اترے۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے عوام بدعنوانی اور نااہل انتظامیہ سے پریشان ہیں، اس لئے کانگریس کو خود مختار مہم کے ذریعے عوام کا اعتماد بحال کرنا چاہئے۔ 
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ممبئی کانگریس کی صدر نے مہا وکاس اگھاڑی(ایم وی اے) کی اتحادی شیو سینا( ادھو)، جو کئی دہائیوں سے بی ایم سی پر حکمرانی کرتی رہی ہے، پر سنگین الزامات عائد کئے۔ 
انہوں نے کہا کہ شہری ادارے میں بدعنوانی کا دائرہ بہت وسیع ہے اور برسوں سے چند بااثر افراد نے عوامی وسائل کو ذاتی مفادات کیلئے استعمال کیا ہے۔
اس دوران ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ بی ایم سی کے انتخابات بنیادی طور پر کارکنان کے عزم اور عوامی خدمت کے جذبے سے جڑے ہوتے ہیں اور پارٹی کے اندر اس حوالے سے اتفاقِ رائے پایا جاتا ہے کہ کانگریس کو آزادانہ طور پر الیکشن لڑنا چاہئے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کارکنان کے اس موقف کو آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے انچارج رمیش چنیتھلا اور دیگر سینئر لیڈروں کے علم میں لایا جا چکا ہے۔  
اس ضمن میں رمیش چنیتھلا کہا کہ بلدیاتی انتخابات اتحاد میں لڑنا ہے یا الگ اس کا فیصلہ پارٹی کی مقامی قیادت سے پوچھ کر کیاجائے گا۔
ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ ممبئی ملک کی اقتصادی راجدھانی ہے، یہاں سے اربوں روپے کا ٹیکس جمع ہوتا ہے۔ اس کے باوجود شہریوں کو بنیادی سہولتیں میسر نہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ برسوں سے بی ایم سی کے فنڈ کا غلط استعمال ہوتا رہا ہے۔ ہمارا مقصد شہریوں کو درپیش مسائل اجاگر کرنا اور بدعنوانی کے خلاف حقیقی عوامی تحریک چلانا ہے، اس لئے کانگریس کو اپنے بل پر انتخابی میدان میں اترنا چاہئے۔ 
ایم این ایس  سے اتحاد کرنے سے متعلق سوال کے جواب میں ورشا گائیکواڑ نے کسی کانام لئے بغیر کہاکہ ’’ لوگوں کے ساتھ مار پیٹ کرنا اور تشدد برپا کرنا کانگریس کی تہذیب نہیں رہی ہے۔ اس لئے کسی   اشتعال انگیزی کرنے  والوں کے ساتھ کانگریس کا اتحاد ممکن نہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK