• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ووٹ چوری کیخلاف آج یوم آئین پر کانگر یس کا ملک گیر ’سنویدھان رکشا مارچ‘

Updated: November 26, 2026, 11:22 AM IST | Agency | New Delhi

ہر ضلع میں پارٹی کارکنوں کو مارچ نکالنے اورآئین کی تمہید پڑھنے کی ہدایت۔ آزادی ،اُخوت اور مساوات کے آئینی اصولوں کو نافذ کرنے کا عزم کیا جائےگا۔

Congress General Secretary K.C. Venugopal. Photo: INN
کانگریس کے جنرل سیکریٹری کے سی وینو گوپال۔ تصویر: آئی این این

تہواروں  کے پیش نظراحتجاج کو موقوف رکھنے کے بعد کانگریس’’ووٹ چوری‘‘ کے خلاف  جمعرات سے احتجاج کا سلسلہ  پھر شروع کرنے جارہی ہے۔ پارٹی نے ۲۶؍ نومبر کو یوم آئین کے موقع پر  ووٹ چوری کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کرتےہوئے ’’سنویدھان سرکشا مارچ‘‘ نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ تمام پردیش کانگریس کمیٹیوں کو ہدایت  دی گئی ہے کہ وہ ہر ضلع میں مارچ کا اہتمام کریں۔ مارچ بابا صاحب امبیڈکر یا مہاتمام گاندھی کے پُتلے کے پاس سے شروع ہوگا۔اس دوران شرکا آئین کی تمہید کو اجتماعی طور پر پڑھیں گے اور آزادی، اُخوت اور بھائی چارے کے آئینی اصولوں ملک میں عام کرنے کا عزم کریں گے۔ 

کانگریس کے جنرل سیکریٹری (تنظیم) کے سی وینوگوپال نے  اس کی تفصیلات فراہم کرتےہوئےکہا کہ یہ لڑائی کسی ایک سیاسی جماعت کی  نہیں بلکہ اس سوال پر ہے کہ ہندوستان جمہوری ملک رہے گیا نہیں۔ وینوگوپال نے کہا کہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے ملک کے سامنے ’’ووٹ چوری‘‘ کے دستاویزی ثبوت پیش کئے ہیں لیکن غیر جانب دارانہ تحقیقات کا حکم دینے کے بجائے الیکشن کمیشن  نے ان انکشافات کو مسترد کر دیا۔‘‘وینوگوپال نے کہا، ’’جب کسی شہری کا ووٹ چوری ہو جاتا ہے تو آئین کے ذریعے اسے دیئے گئے دیگر تمام حقوق بے معنی ہو جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا ۱۴ ؍معیشتوں پر نئے محصولات عائد کرنے کی تجویز، چین،ہندوستان بھی نشانے پر

اس لیے یہ لڑائی کسی ایک سیاسی جماعت کی نہیں، بلکہ اس بات کی ہے کہ ہندوستان ’ہم، عوام‘ کی جمہوریت بنا رہے گا یا نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ سنویدھان سرکشا مار آئین کے تحفظ کی مہم کا مرکزی حصہ  ہیں ۔ کانگریس لیڈر نے ’’ووٹ رکشک‘‘ مہم کا بھی اعلان کیا اور کہاکہ کانگریس کارکن ہر پولنگ بوتھ تک پہنچیں گے، حذف کئے  گئے ناموں والے ووٹروں کی تصدیق کریں گے اور انہیں اپنا حقِ رائے دہی دوبارہ حاصل کرنے میں مدد فراہم کریں گے۔

لکھنؤ میں مارچ کی اجازت نہیں دی گئی، کھرگے کو شرکت کرنی ہے

یوپی سرکار نے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی قیادت میں لکھنؤ میں نکالے جانے والے ’’سنودھان رکشا مارچ‘‘ کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس لیڈر پی ایل پونیا نے  بتایا کہ  مارچ کو پُرامن طریقے سے منعقد کرنے کی تحریری یقین دہانی  کے باوجود انتظامیہ نے مجوزہ راستے کو حساس علاقہ قرار دیتے ہوئے اجازت نہیں دی۔  کانگریس نے اجازت نہ ملنے کے باوجود  پروگرام جاری رکھنے کا اعلان کیا  ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK