Inquilab Logo Happiest Places to Work

آپریشن سندور کیلئے کانگریس کا مسلح افواج کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین

Updated: May 08, 2026, 12:53 PM IST | New Delhi

کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا، ’’آج آپریشن سندور کی پہلی برسی ہے۔

Jairam Ramesh. Photo: INN
جئے رام رمیش۔ تصویر: آئی این این

کانگریس کے شعبۂ مواصلات کے انچارج جے رام رمیش نے جمعرات کو یہاں جاری ایک بیان میں کہا، ’’آج آپریشن سندور کی پہلی برسی ہے۔ یہ موقع ہماری مسلح افواج کی بہادری، جرأت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سلام پیش کرنے کا ہے، لیکن اس کے ساتھ کچھ اہم حقائق کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال۱۰؍مئی کو جنگ بندی کا پہلا اعلان امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کیا تھا اور اس کا سہرا صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی مداخلت کو دیا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کے بعد ٹرمپ نے مختلف مواقع پر فوجی کارروائی رکوانے کا دعویٰ دہرایا، لیکن وزیر اعظم مودی نے عوامی طور پر کبھی اس دعوے کی تردید نہیں کی۔  جئے رام رمیش نے کہا کہ اسکے بعد۳۰؍ مئی کو سنگاپور میں چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انل چوہان نے اعتراف کیا تھا کہ ابتدائی مرحلے میں بعض حکمتِ عملی کی غلطیوں کی وجہ سے ہندستان کو نقصان اٹھانا پڑا، تاہم بعد میں حکمتِ عملی میں بہتری لا کر پاکستان کے اندر درست کارروائیاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ۱۰؍ جون۲۰۲۵ء کو جکارتہ میں ہندستانی سفارت خانے کے ڈیفنس اتاشی نے بھی یہ تسلیم کیا تھا کہ سیاسی قیادت کی جانب سے مقرر کردہ حدود کے باعث ہندستان نے اپنے کچھ طیارے کھو دیے تھے۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ۴؍ جولائی۲۰۲۵ء کو نائب سربراہِ فوج لیفٹیننٹ جنرل راہل نے پاکستان کی کارروائیوں میں چین کے کردار کی طرف اشارہ کیا تھا۔ ان کے مطابق چین نے پاکستان کو سازوسامان، گولہ بارود، سیٹیلائٹ تصاویر اور ریئل ٹائم ٹارگٹنگ میں مدد فراہم کی۔ کانگریس نے الزام لگایا کہ اس کے باوجود مودی حکومت چین کے معاملے میں نرم رویہ اپنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندستان کی وسیع سفارتی مہم کے باوجود پاکستان عالمی سطح پر اس طرح تنہا نہیں ہوا، جیسے ۲۰۰۸ء کے ممبئی حملوں کے بعد ہوا تھا۔ کانگریس نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف عاصم منیر کو امریکی قیادت کی جانب سے مسلسل حمایت اور اہمیت حاصل ہو رہی ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ کارگل جنگ کے بعد اُس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی حکومت نے اسٹراٹیجک امور کے ماہر کے۔ سبرامنیم کی سربراہی میں کارگل جائزہ کمیٹی تشکیل دی تھی۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ آپریشن سندور سے متعلق واقعات کا بھی اسی طرز پر جامع جائزہ لیا جانا چاہیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK