Inquilab Logo Happiest Places to Work

کانگریس نے بی ایم سی الیکشن کا بگل بجا دیا

Updated: July 14, 2025, 11:19 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

کانگریس تمام زبانوں کی عزت کرتی ہے، مہاراشٹر سرکار چوری کے ووٹوں سے بنی ہے اور اسے ممبئی کو لوٹنے نہیں دیا جائے گا: عمران پرتاپ گڑھی۔

Rajya Sabha member Imran Pratapgarhi and other leaders are seen on stage at the Congress event. Photo: INN
کانگریس کے پروگرام میں راجیہ سبھا کے رکن عمران پرتاپ گڑھی اور دیگر لیڈر اسٹیج پر نظر آرہے ہیں۔ تصویر: آئی این این

اتوار کو کانگریس نے ممبئی میں میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا بگل بجا دیا۔ اس روز بائیکلہ میں واقع ’لوک شاہیر انّا بھاؤ ساٹھے سبھا گرہ‘ میں راجیہ سبھا کے ممبر عمران پرتاپ گڑھی اور ممبئی کے دیگر سینئر لیڈران نے پارٹی کے رضاکاروں کو خطاب کیا اور پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کی پروا کئے بغیر پارٹی کے نمائندوں کو فاتح بنانے کیلئے محنت کریں۔ 
’سمودھان زندہ باد‘ عنوان سے منعقدکئے گئے جلسہ میں سیکڑوں رضاکاروں سے بھرے ہوئے ہال میں اپنے خطاب کے دوران عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ اسمبلی الیکشن کی مہم کے دوران انہوں نے پورے مہاراشٹر کا دورہ کیا اور اس دوران انہیں نہ تو کہیں بی جے پی کا جھنڈا نظر آیا اور نہ ہی  پارٹی کاکوئی رضاکار لیکن جب انتخابات کے نتیجے آئے تو کانگریس جیت نہیں سکی۔ اس کا راز اس وقت افشاء ہوا جب راہل گاندھی نے الیکشن کمیشن سے انتخابات کے تعلق سے سوالات کئے اور کمیشن کے پاس ایک بھی سوال کا جواب نہیں تھا۔
ممبئی میں جاری زبان کی سیاست پر عمران پرتاپ گڑھی نے کہا کہ ممبئی نے ہر ریاست سے آنے والوں کو ان کی شناخت، ذات اور مذہب معلوم کئے بغیر پناہ دی، اسے روزی روٹی دی اور اس کے خواب پورے کئے لیکن اب سیاست بہت خراب ہوگئی ہے۔ اگرچہ ہر کانگریسی ہر زبانیں بولنا نہیں جانتا لیکن بابا صاحب امبیڈکر نے لکھ دیا ہے کہ سب برابر ہیں اس لئے کانگریسی تمام زبانوں اور انسانوں کی عزت کرتے ہیں اور اگر کوئی اس سے زیادہ پوچھتا ہے تو سمجھ جاتے ہیں کہ یہ ’’رانگ نمبر ہے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھلے ہی حکومت بی جے پی کی بنی ہو لیکن جب راہل گاندھی نے محض ایک ٹی شرٹ اور جینس پینٹ پہن کر ۴؍ ہزار کلو میٹر کا پیدل سفر کیا اور عوام سے ملاقات کی تو لاکھوں کا سوٹ اور چشمہ پہننے والے وزیر اعظم کی قلعی کھل گئی۔ اڈانی کو ممبئی فروخت کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے عمران نے کہا کہ ’’اپنی آنے والی نسلوں کیلئے سوال اٹھانا ضروری ہے ورنہ وہ ہم سے سوال کریں گی کہ جب ممبئی کو اڈانی کو فروخت کیا جارہا تھا تو آپ چُپ کیوں تھے۔ ‘‘ اجول نکم کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورشا گائیکواڑ نے ایک ایسے مضبوط امیدوار کو ہرایا تھا جو وزیر اعظم مودی کیلئے بہت اہم ہے۔ اس وجہ سے انہیں خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے راجیہ سبھا کا ممبر نامزد کیا گیا ہے۔
اس جلسہ میں سابق وزیر اور ایم ایل اے اسلم شیخ اور ایم ایل اے امین پٹیل نے بھی خطاب کیا۔ ان دونوں لیڈران نے ہندی کے ساتھ مراٹھی میں بھی خطاب کیا اور کہا کہ مراٹھی ان کی اپنی زبان ہے۔ امین پٹیل نے کہا کہ وہ مراٹھی پر سیاست کرنے والوں سے بہتر مراٹھی بول سکتے ہیں لیکن جو لوگ اس پر سیاست کررہے ہیں ان سے اگر پوچھا جائے کہ کیا وہ اپنے بچوں کو مراٹھی میڈیم اسکولوں میں پڑھاتے ہیں تو جواب نفی میں ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کانگریس گلدستہ ہے جس میں ہر زبان، ہر ذات اور ہر مذہب کے لوگ ملیں گے۔ اسلم شیخ نے کہا کہ جس تیزی سے یہ حکومت اڈانی کو ممبئی فروخت کررہی ہے اگر کل کو ممبئی کا سمندر اور اس کے اندر کی مچھلیاں تک اڈانی کی ہوجائیں تو تعجب نہیں ہوگا۔
ممبئی کانگریس کی صدر اور رکن پارلیمان ورشا گائیکواڑ نے کہا کہ آئین زندہ تھا، زندہ ہے اور زندہ رہے گا اس بات کی ذمہ داری ہماری ہے۔ اگر آئین کو بدلنے سے روکنا ہے تو بی جے پی جیسی پارٹی کو برسراقتدار آنے سے روکنا ہوگا۔ کیونکہ اس کے لیڈران یہ طے کرنے لگے ہیں کہ کون کیا پہنے گا، کیا کھائے گا، کیسے زندگی گزارے گا۔ انہوں نے بھی ممبئی کی اہم زمینوں کو اڈانی کو فروخت کرنے کا موضوع زور و شور سے اٹھایا۔
اس پروگرام میں مدھو چوان، پنڈت بھنور سنگھ راج پروہت، روی بائوکر، نظام الدین راعین، یوسف پنجابی، راجا رہبر، اشرف اعظمی، جاوید جنیجا، وینی ڈیسوزا، آفرین شیخ، حاجی ببو خان، سریش چندر راج ہنس، عمر لکڑا والا، فرقان سید اور دیگر لیڈران و رضاکار بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK