Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیٹرول کی قلت اور داموں میں اضافے کیخلاف کانگریس کارکنان کا احتجاج

Updated: May 30, 2026, 11:07 AM IST | Z.A Khan | Nanded

احتجاج کے طور پر کہیں سڑک پر بیٹھ کر کھانا پکایا گیا توکہیں بیل گاڑی پر اسکوٹر رکھ کر پیٹرول پمپ پہنچایا گیا، قیمتوں پر کنٹرول کا مطالبہ۔

On the right, a cylinder on a cart in Dhule, on the left, a bullock cart and a scooter in Nanded. Photo: INN
دائیں جانب دھولیہ میں تانگے پر سلنڈر، بائیں جانب ناندیڑ میں بیل گاڑی پراسکوٹر۔ تصویر: آئی این این

ایندھن کی بڑھتی قیمتوں اور قلت کے خلاف کانگریس کارکنان نے مختلف مقامات پر احتجاج کیا۔ احتجاج کیلئے طریقہ بھی الگ الگ استعمال کیا گیا۔ کہیں سڑک پر چولہا جلا کر کھانا پکایا گیا تو کہیں بیل گاڑی کی سواری کی گئی۔ ناندیڑ اور دھولیہ میں بھی اسی طرح کا احتجاج دیکھنے کو ملا۔ 
ناندیڑ ضلع کانگریس کے کارکنان نےشہر میں مہاتما پھلے کے مجسمے کے سامنے سے ریلی کا آغاز کیا۔ مظاہرین ایک موٹر سائیکل کو بیل گاڑی پر رکھ کر پٹرول پمپ تک لے گئے، تاکہ ایندھن کی قلت اور مہنگائی کے باعث عوام کو درپیش مشکلات کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر خواتین کارکنوں نے سڑک پر علامتی چولہا جلا کر کھانا تیار کیا اور گیس کی قلت کے خلاف اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف نعرے لگائے گئے۔ ساتھ ہی ’میلوڈی‘ چاکلیٹ تقسیم کئے گئے۔ اس دوران کانگریس کے شہر صدر عبدالغفار نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران چار مرتبہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: کرناٹک میں نئے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کیلئے آج میٹنگ، سدارمیا کا استعفیٰ منظور

صرف ایک ہفتے کے اندر فی لیٹر تقریباً ۹؍ روپے کا اضافہ کیا گیا، جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ عبدالغفار نے کہا کہ انہی تمام عوامی مسائل کے خلاف کانگریس پارٹی نے حکومت کے خلاف یہ احتجاجی مظاہرہ منعقد کیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں فوری کمی کی جائے اور ایندھن کی قلت کو ہنگامی بنیادوں پر دور کیا جائے تاکہ عوام کو راحت مل سکے
ادھر دھولیہ میں بھی کانگریس کارکنان نے تانگے پر گیس سلنڈر اور ۱۵؍ لیٹر پیٹرول کا بیرل رکھ کر ریلی نکالی۔ کانگریس بھون سے لے کر ضلع کلکٹر دفتر تک نکالی گئی ریلی میں حکومت کے خلاف جم کر نعرے لگائے گئے۔ ساتھ ہی مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ایندھن پر عائد اضافی قیمت واپس لے کر عوام کو فوری طور پر راحت دے۔ اس تعلق سے ضلع انتظامیہ کوا یک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا۔ 
کانگریس ضلع صدر یوراج کرنکال نے ریلی کی قیادت کی۔ کانگریس بھون کے پاس سے ریلی کا آغاز کیا گیا۔ تانگے کے اوپریوراج کرنکال کے علاوہ شہر صدر صابر سیٹھ، رمیش شری کھنڈے، کانگریس کے سینئر لیڈر بھائی نگرالے سوار تھے۔ یوراج کرنکال نے کہا کہ گزشتہ کچھ دنوں میں پیٹرول، ڈیزل، رسوئی گیس کی شرح میں فی لیٹر ۸؍ رو پے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ مہنگائی سے بے حال عام انسان پر ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ایک طرح کا ظلم ہے۔ اس بے تحاشہ اضافے سے غریب عوام کا جینا دو بھر ہوگیا ہے۔ اس ضمن میں پارٹی کی جانب سے ضلع انتظامیہ کوایک مکتوب پیش کیا گیا جس میں بڑھتی قیمتوں پر قابو پانے کا مطالبہ کیا گیا 
اس احتجاجی مورچے میں کانگریس کے الوک رگھوونشی، را جندر کھیرنار، مظفر حسین راجا بھیا، فاروق شیخ، شالیگرام گردے، بانو شرساٹھ، پرمود شیسودے، پرشانت اہیرے، وجے کرنکال کے علاوہ سیکڑوں کارکنان موجود تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK