• Thu, 12 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

یکساں سول کوڈ کمیٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی اور مشورے واعتراضات منگوانے کی مدت میں توسیع کا مطالبہ

Updated: November 12, 2026, 4:25 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbra

ممبرا میں دارالعلوم غریب نوازمیں اس تعلق سے منعقدہ میٹنگ میں علماء نے کہا:حکومت آئین اور اس میں دی گئی شہریوں کی آزادی اوران کے حقوق کا تحفظ کرے۔

Maulana Abbas Rizvi speaking at a meeting regarding the UCC in Mumbra. Photo: Inquilab
ممبرا میں یو سی سی کے تعلق سے میٹنگ میں مولانا عباس رضوی اظہار خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یکساں سول کوڈکے تعلق سے جاری بیداری مہم کے حوالے سے دارالعلوم غریب نواز (ممبرا) میںبھی سنّی جمعیۃ العلماء اور رضا اکیڈمی کے اشتراک سےعلماء ، ائمہ اورذمہ دار اشخاص کی میٹنگ کا انعقاد عمل میںآیا۔ اس میں یوسی سی کے نفاذ سےممکنہ اثرات کاجائزہ لیا گیا۔ دریں اـثناء علماء نے کہاکہ حکومت کی ذمہ داری ہےکہ وہ آئین کااوراس میں دیئے گئے شہریوں کے حقوق کاتحفظ کرے نہ کہ کوئی ایسا قدم اٹھائے جس سے وہ حقوق سلب ہوں ۔

مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں نے اپنے صدارتی خطاب میں پُرزور مطالبہ کیاکہ یکساں سول کوڈ سے متعلق تشکیل دی گئی کمیٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی کویقینی بنایا جائے۔ اس کے علاوہ یوسی سی کے نفاذ سے مسلمانوں کے عائلی قوانین، نکاح، طلاق، وراثت اور دیگر شرعی معاملات پر کیامنفی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، اس پر بھی معین میاں نے روشنی ڈالی۔‘‘ معین میاں نے اس پربھی زور دیا کہ لیو اِن ریلیشن شپ کا نفاذنہ صرف اسلامی قوانین میں مداخلت ہوگی بلکہ معاشرہ تباہ ہوجائے گا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مالونی: پٹاخے کے سبب بھیانک آتشزدگی، ۳؍ مکانات کو نقصان پہنچا۔۱۶؍سالہ لڑکا فوت

رضا اکیڈمی کے سربراہ الحاج محمد سعید نوری نے مطالبہ کیا کہ ’’یو سی سی کے تعلق سے مشورے اورتجاویز کےلئے مدت میں۱۰۰؍دن کی توسیع کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں کی رائے سامنے آسکے ۔ اس کے علاوہ حکومت مہاراشٹر فوراًیکساں سول کوڈ کا مسودہ تیار کرواکر عوام میں پیش کرے۔‘‘

مولانا اعجاز کشمیری نے کہا کہ’’ اس نشست کا بنیادی مقصد یکساں سول کوڈ کے مختلف پہلوؤں کا علمی، شرعی، آئینی اور سماجی اعتبار سے جائزہ لینا ہے۔ وراثت میںاسلامی قانون نے مرد و عورت، والدین، اولاد، شوہر اور بیوی سمیت تمام وارثوں کے حصے متعین کئے ہیںجبکہ یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے اسلامی قانونِ وراثت کے نفاذ میں رکاوٹ پیدا ہوسکتی ہے۔‘‘

مولانا عباس رضوی نے کہا کہ’’ اگر یکساں سول کوڈ میں شرعی احکام سے متصادم قوانین نافذ کئے جائیں گے تو مسلمانوں کے مذہبی معاملات میں مداخلت کا اندیشہ ہے، اسے کسی صورت قبول نہیں کیا جاسکتا۔‘‘ مولانا امان اللہ رضا نے کہا کہ ’’یکساں سول کوڈ کے نفاذ سے اسلامی اصولوں پر عمل پیرا ہونے میں دشواری کا اندیشہ ہے۔‘‘ مولانا توکیل شمسی نے کہا کہ’’ یو سی سی کے نفاذ سے مذہبی آزادی اور مسلمانوں کے شرعی و عائلی معاملات پر منفی اثرات مرتب ہو ں گے۔ ‘‘ 

مولانا محفوظ الرحمٰن نے کہا کہ ’’یکساں سول کوڈ اگر مذہبی تنوع کو ختم کرنے کا ذریعہ بنے تو یہ ملک کی گنگا جمنی تہذیب کےلئے انتہائی نقصان دہ ہوسکتا ہے۔ائمہ کو چاہئے کہ جمعہ کے خطاب میں عوام کو یکساں سول کوڈ کے تعلق سے آگاہ کرائیںاور دستخطی مہم میں شامل ہونے پر زور دیں ۔‘‘ مولانا محمد ابراہیم آسی نے کہا کہ ’’ اس سیاہ قانون کے نفاذ سے یہ اندیشہ ہے کہ سماج میں فحاشی کو فروغ ملےگا، شریعت میں مداخلت ہوگی اور مذہبی قوانین کے پامال ہونےسےبھی انکار نہیں کیا جاسکتا۔‘‘

میٹنگ میں مولانا عبدالرحیم اشرفی، مولانا قاری سجاد مصباحی، مولانا ارشد، مولانا نذرالاسلام،حافظ رونق، مولانا حسن منظر، مولانا الیاس قادری اور مولانا مظہرالباری کے علاوہ بڑی تعداد میں ائمہ اورعلماء موجود تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK