شہر میں صوتی اور فضائی آلودگی بڑھتے مسائل اور اس پر قابو پانے کیلئے بامبے ہائی کورٹ نے نہ صرف حکومت، شہری انتظامیہ، مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ساتھ ساتھ پولیس کو بھی آلودگی کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور متعلقہ محکموں کو کئی قسم کی پابندی عائد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔
آتش بازی سے صوتی اور فضائی آلودگی کا مسئلہ پیدا ہورہا ہے۔ تصویر: آئی این این
شہر میں صوتی اور فضائی آلودگی بڑھتے مسائل اور اس پر قابو پانے کیلئے بامبے ہائی کورٹ نے نہ صرف حکومت ، شہری انتظامیہ ، مہاراشٹر پولیوشن کنٹرول بورڈ کے ساتھ ساتھ پولیس کو بھی آلودگی کا سبب بننے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے اور متعلقہ محکموں کو کئی قسم کی پابندی عائد کرنے کی ہدایات دی ہیں۔ مذکورہ معاملہ میں ہونے والے شنوائی کے دوران کورٹ نےدیوالی کے علاوہ دیگر تہواروں کے موقع پر لیزر ، انتہائی تیز روشنی والی اور لیزر بیم لائٹس پر پابندی عائد کرنے کا فرمان جاری کیا ہے۔
اس سلسلہ میں بامبے ہائی کورٹ کی ناگپور بنچ کی جسٹس اُرملا جوشی پھالکے اور جسٹس راج واکوڑےکے روبرو داخل کردہ عرضداشت پر شنوائی کے دوران دیوالی اور دیگر تہواروں کے موقعپربڑے پیمانےپر آتش بازی ، ڈھول تاشے ، ڈی جے اور تیز روشنی والی لائٹوں جس میں لیزر لائٹس ، انتہائی تیز روشنی والی لائٹس (ہائی انٹینسٹی لیومن لائٹس) اور لیزر بیم لائٹس کا استعمال کئے جانے کی اطلاع دی گئی۔ عرضداشت گزاروں کا کہنا تھا کہ جس طرح دھواں پیدا کرنے والے پٹاخوں اور تیز آواز والی موسیقی سے فضائی اور صوتی آلودگی کے سبب شہریوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، اسی طرح تہواروں کے موقع پر شہرو مضافات میں جا بجا تیز روشنی والی اور لیزر لائٹس کا استعمال کرنے سے بھی کئی طرح کے حادثات رونما ہونے اور دیگر مسائل پیدا ہونے کا خدشہ لاحق ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: یکساں سول کوڈ کمیٹی میں اقلیتوں کی نمائندگی اور مشورے واعتراضات منگوانے کی مدت میں توسیع کا مطالبہ
مذکورہ عرضداشت کا جائزہ لینے اور شہر میں دیوالی کے موقع پر آلودگی پیدا ہونے کےسنگین مسائل کو مد نظر رکھتے ہوئے دیوالی کے علاوہ دیگر تہواروں کے موقع پر تیز روشنی والی لائٹس کا استعمال کرنےکی اطلاع پر ناگپور بنچ نے حکومت ،شہری انتظامیہ اور پولیس کو ہدایت دی ہے کہ تہواروں اور جلوسوں کے دوران لیزر لائٹس، انتہائی تیز روشنی والی لائٹس اور لیزر بیم کے استعمال پر پابندی عائد کی جائے۔ عدالت نے خبردار کیا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ عدالت نے فضائی اور صوتی آلودگی پر قابو پانے کیلئےسبھی تہواروں کے موقع پر سڑکوں پر پٹاخے پھوڑنے پر بھی عائد کردہ مکمل پابندی کو برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کا حکم دیا ۔دو رکنی بنچ مذکورہ معاملہ میں ہونے والی شنوائی کے دوران خصوصی طو رپر انتہائی تیز موسیقی بجانے والے اور شہر میں آگ لگنے اور ممنوع پٹاخوں کی خرید و فروخت پر پابندی کے باوجود ہول سیل ، ریٹیل میں ہونے والی خرید و فروخت کے ساتھ فیکٹری میں بنائے جانے والے نقصان دہ پٹاخوں کے ڈسٹری بیوٹروں کے خلاف پہلے سے عائد پابندی کے مطابق کارروائی کو یقینی بنانے کا حکم دیا ۔اس ضمن میں عدالت نے پولیس کمشنر سے یہ بھی کہا کہ وہ حلف نامہ داخل کرکے وضاحت کریں کہ تیز آواز والے پٹاخےبنانےوالوں، فروخت کرنے والوںاور خریدنے والوں کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی ۔ دو رکنی بنچ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ وہ لائسنس جاری کرتےوقت دھماکہ خیز مواد کے قانون کی دفعہ(۶۔ڈی) اور دھماکہ خیز مواد کے قواعد پرسختی سے عمل کریںساتھ ہی عدالت نے ناگپور کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس کو ہدایت دی کہ پٹاخوں کے لائسنس جاری کرنے میںیہ شرط بھی شامل کی جائے کہ متعلقہ دکان کو آلودگی کنٹرول بورڈ سے منظوری حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
اس دوران پولیس کی جانب سے پٹاخوں کے مضر اثرات اور اس سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے تعلق سے اسکولوں اور کالجوں میں اور عوامی مقامات پر ۳۶۳؍ بیداری مہم چلانے کی اطلاع دی۔ عدالت نے پولیس کو دیوالی اور دیگر تہواروں کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس میں تیز روشنی والی لائٹس کے استعمال پر پابندی عائد کرنے کے علاوہ گاڑیوں میں بے ہنگم اور تیز آواز والے سائلنسر کا استعمال کرنے والے گاڑی مالکان پر بھی کارروائی کرنے اور عمل نہ کرنے والوں پر سخت کارروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت کو ایک ہفتہ کیلئے ملتوی کر دیا۔