ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل ،پرینکا اور تمام سینئر لیڈروں کی شرکت، بہار میں پارٹی میں نئی جان ڈالنے کی کوشش۔
EPAPER
Updated: September 24, 2025, 10:10 AM IST | Agency | Patna
ملکارجن کھرگے، سونیا گاندھی، راہل ،پرینکا اور تمام سینئر لیڈروں کی شرکت، بہار میں پارٹی میں نئی جان ڈالنے کی کوشش۔
ووٹر ادھیکاریاترا کے ذریعہ پارٹی کارکنوں میں نئی جان ڈال دینے کے بعد کانگریس نے بدھ کو پٹنہ کے صداقت آشرم میں اپنی ورکنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے۔ پٹنہ میں سی ڈبلیو سی کا یہ اجلاس تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ میٹنگ میں میں شرکت کیلئے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے نیزسی کے وینوگوپال اور الکا لامبا کی شکل میں کئی سینئر لیڈر منگل کو ہی پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔ اجلاس میں سونیا گاندھی کی شرکت بھی متوقع ہے جبکہ پارٹی کے اقتدار والی تمام ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ، اپوزیشن لیڈر راہل اور سینئر لیڈر پرینکا گاندھی سمیت تمام اہم لیڈرشریک ہوں گے۔
کانگریس کے بہار انچارج کرشنا اللاورو نے بتایا کہ کانگریس بہار میں ’آزادی کی دوسری جنگ‘ لڑ رہی ہے اور اسی لئے یہ میٹنگ یہاں بلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اے آئی سی سی صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی، سی ڈبلیو سی میٹنگ میں موجود ہوں گے۔ دیگر تمام اراکین کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ کانگریس کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی بھی میٹنگ میں شرکت متوقع ہے۔بہار پردیس کانگریس کے صدر راجیش کمار نے کہا کہ صداقت آشرم میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کا انعقاد پارٹی کیلئے تاریخی لمحہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یہ ہمارے لیے تاریخی موقع ہے کہ صداقت آشرم جہاں مہاتما گاندھی، ڈاکٹر راجندر پرساد اور جواہر لال نہرو جیسے عظیم لیڈروں نے میٹنگیں کیں، آج سی ڈبلیوسی میٹنگ کی میزبانی کر رہا ہے۔
اس دوران مرکزی وزیر چراغ پاسوان نے پٹنہ میں کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی) کی میٹنگ کو کانگریس کی’دباؤ کی سیاست‘ قراردیتے ہوئے کہاکہ یہ آرجےڈی اور کانگریس کی برتری کی جنگ ہے۔وہیں جنتا دل یو کے ریاستی صدر امیش سنگھ کشواہا نے کہا کہ یہ میٹنگ محض مہاگٹھ بندھن کے اندر سیاسی دباؤ بنانے اور زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر دعویٰ کرنے کی سوچی سمجھی حکمت عملی ہے۔ بی جےپی نے بھی کانگریس پر حملہ کیاہے۔