• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ثاقب خان کی شاندارگیندبازی، سری لنکا بڑی برتری سے محروم

Updated: November 13, 2026, 1:18 PM IST | Agency | Rawalpindi

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔ پورے دن میں ۲؍ سیشن بھی مکمل نہیں ہو سکے۔

Saqib Khan. Photo: INN
ثاقب خان۔ تصویر: آئی این این

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی ٹیسٹ کے چوتھے روز کا کھیل خراب روشنی کے باعث قبل از وقت ختم کر دیا گیا۔ پورے دن میں ۲؍ سیشن بھی مکمل نہیں ہو سکے۔ کھیل ختم ہونے تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ۵۷؍ رن بنا لیے تھے اور اسے سری لنکا پر ۴۵؍ رنوں کی برتری حاصل ہو گئی تھی۔ محمد طحہٰ ۲۴؍ اور اذان اویس ۲۲؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے جبکہ طیب عارف ۱۱؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دن کے آغاز پر ثاقب خان نے شاندار گیندبازی کرتے ہوئے سری لنکا کو بڑی برتری حاصل کرنے سے روک دیا۔ سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز ۴۰۴؍ رن پر ۴؍ وکٹوں کے نقصان سے آگے بڑھائی لیکن دن کے پہلے ہی اوور میں دھننجے ڈی سلوا گزشتہ روز کے اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔دھننجے ڈی سلوا نے گزشتہ روز ۱۶۷؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی تھی جس کے باعث پاکستان کی میچ پر گرفت کمزور پڑ گئی تھی۔ انہوں نے کپتان کوسل مینڈس کے ساتھ ذمہ دارانہ بلے بازی کرتے ہوئے ۲۴۹؍رنوں کی شراکت قائم کی تھی۔

یہ بھی پڑھئے: مسلح افواج کو اپنی جارحانہ اور دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہوگا: راجناتھ

تیسرے روز کے اختتام پر ۱۱۷؍رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہنے والے کوسل مینڈس بھی آج صبح صرف ۲؍ رنوں کا اضافہ کرکے ثاقب خان کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔اس کے بعد ثاقب خان نے سونل دینوشا (۲۰)، لاہیرو کمارا (صفر) اور اسیتھا فرنانڈو (۴) کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اس طرح وہ ٹیسٹ ڈیبیو پر ایک اننگز میں ۷؍ وکٹیں حاصل کرنے والے چوتھے پاکستانی گیندباز بن گئے۔ ان سے قبل محمد زاہد، محمد نذیر اور ابرار احمد یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔سری لنکا کی ٹیم اپنے گزشتہ اسکور میں صرف ۴۲؍ رنوں کا اضافہ کر سکی اور اس دوران اس کی ۶؍ وکٹیں گر گئیں، تاہم اسے ۱۲؍رنوں کی برتری حاصل ہو گئی۔ثاقب خان کے علاوہ محمد عباس نے ۲؍ اور رضا اللہ نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے اپنی پہلی اننگز ۴۳۴؍ رنوں۹؍ وکٹ کے نقصان پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ سعود شکیل (۹۳)، طیب عارف (۵۷)، عرفات منہاس (۵۲)، محمد طحہٰ (۵۱) اور کپتان بابر اعظم (۵۰) نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا نے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کی تھیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK