مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مہایوتی حکومت پر سخت تنقید کی ، کہا کہ لاڈلی بہنیں مہنگائی سے ناراض ہیں، برسراقتدار کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
EPAPER
Updated: October 07, 2024, 1:11 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai
مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے مہایوتی حکومت پر سخت تنقید کی ، کہا کہ لاڈلی بہنیں مہنگائی سے ناراض ہیں، برسراقتدار کی جانب سے لگائے جانے والے الزامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔
خواتین کو ان کے بنیادی حقوق سے باور کرانے، انہیں سیاسی طور پر بیدار کرنے اور ان کی شراکت داری بڑھانے کیلئے مہاراشٹر کانگریس نے علاقے کی سطح سے تعلقہ اور ضلع کی سطح پر ’’شکتی ابھیان ‘‘ شروع کرنے کا اعلان کیاہے۔ یہ اعلان اتوار کو دادر میں واقع کانگریس کے آفس تلک بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر نانا پٹولے نے کیا۔ اس سلسلے میں پٹولے نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایاکہ خواتین کے بنیادی مسائل کو دور کرنے اور سیاسی شعور پیدا کرنے کیلئے گزشتہ برس راہل گاندھی نے یہ مہم شروع کی تھی اب اسے دوبارہ لانچ کیاجارہا ہےتاکہ خواتین قیادت میں اضافہ کیاجائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سینئر لیڈر سونیا گاندھی کی پہل پر کانگریس نے خواتین ریزرویشن بل پیش کیا تھا لیکن اُس وقت بی جے پی نے اس کی مخالفت کی تھی اور جب بعد میں مودی حکومت آئی تو اسی بل کو پیش کیا۔ کانگریس نے اس بل کی حمایت کی اور خواتین کو ریزرویشن دینے کا بل بلا مخالفت منظور کر لیاگیا۔ مودی حکومت نے یہ بل تو منظور کر لیا لیکن ابھی تک ریزرویشن کو لاگو نہیں کیا ہے۔ البتہ کانگریس پارٹی کی حکومت آتے ہی خواتین کے ریزرویشن کو نافذ کیاجائے گا۔
اس پریس کانفرنس میں ریاستی نائب صدر سنجے راٹھوڑ، اقلیتی محکمہ کے ریاستی صدر وجاہت مرزا، شکتی ابھیان کے نیشنل کوآرڈینیٹرایڈوکیٹ سندیپ پاٹل دھاولے اور دیگر موجود تھے۔ نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے نانا پٹولے نے شکتی ابھیان میں بہترکارکردگی انجام دینے پر مہاراشٹر سے عائشہ خان، انوشکا وانکھڑے، روہنی دھوترے، وجیا دُردھولے، مینا دھونڈے کی ستائش کی اور کہا کہ ان رضاکاروں نے اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ ایسی ہی متحرک خواتین کی مدد سے اس مہم کو ضلع، تعلقہ، بلاک سطح پر لاگو کیا جائے گا۔
’’لاڈلی بہن اسکیم سے خواتین خوش نہیں ‘‘
پٹولے نے کہا کہ’’ ریاستی حکومت یہ دعویٰ کر رہی ہے کہ لاڈلی اسکیم سے خواتین خوش ہیں جبکہ ایسا نہیں ہے بلکہ خواتین تو بڑھتی مہنگائی سے ناراض ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومت ہمیں ایک روپیہ دے کر ضروری اشیا مہنگی کر کے ۱۰؍ روپے ہم سے وصول کررہی ہے۔ اس طرح ریاست کی لاڈلی بہنیں (خواتین) حکومت سے ناراض ہیں اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اس کی جگہ ضرور دکھائے گی۔ ‘‘
’شکتی ابھیان میں کیا ہوگا
اس استفسار پر کہ اس مہم میں کیا اور کیسے ہوگا؟ شکتی ابھیان کے نیشنل کوآرڈینیٹر ایڈوکیٹ سندیپ پاٹل سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایاکہ اس مہم کے تحت علاقائی سطح پر کانگریس کی رضاکار خواتین سے رابطہ قائم کریں گے اور انہیں اس بارے میں بیدار کریں گی کہ ان کے علاقہ میں اگر کوئی مسئلہ ہے تو وہ اسے حل کرنے کیلئے کیا کر سکتی ہیں ؟ علاقائی، تعلقہ اور ضلع کی سطح کے مسائل کو دور کرنے انہیں کیسے کام کرنا ہوگا؟ خواتین کا علاقائی سطح پر کلب/بچت گٹ کیسے تشکیل دیا جاسکتا ہے اور اسکے ذریعے کس طرح کام کئے جاسکتے ہیں۔ گویا وہ سیاسی طور پر کس طرح سرگرم عمل ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہاکہ ’’کانگریس کاعزم ہے کہ ۲۰۲۹ء تک ملک کی اکثریت خواتین میں سیاسی شعورپیدا ہو اور اس سوچ کو بدلاجاسکے کہ گھر سے لے کر ملک صرف مردوں سے ہی چل سکتا ہے۔ ‘‘
بی جے پی لیڈروں پر تنقید
سنیچر کو تھانے میں میٹرو ۳؍ کی افتتاحی تقریب میں تقریر کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے کانگریس پر شدید تنقیدیں کی تھیں، اس تعلق سے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہا کہ’’نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ کے دوران پنڈت نہرو کی تحریروں پر تنقید چونکا دینے والی ہے۔ فرنویس کی پڑھائی ادھوری ہے۔ نہرو نے بعد میں جیل میں رہتے ہوئے جو لکھا تھا اسے درست کر دیا اور معافی مانگ لی تھی۔ بی جے پی شیواجی مہاراج کو صرف ووٹ حاصل کرنے کیلئے استعمال کر رہی ہے۔ مالون میں مہاراج کی مورتی کی توہین کی گئی، مہاراج کے کروڑوں چاہنے والوں کو شدید تکلیف پہنچی لیکن فرنویس نے ابھی تک معافی نہیں مانگی، وہ کب معافی مانگیں گے؟‘‘
انہوں نے مزید کہاکہ ’’بی جے پی چھترپتی شیواجی مہاراج کی آئیڈیالوجی کے خلاف ہے۔ شیواجی مہاراج کی تاجپوشی کی اس وقت بھی اس پیشوا رویہ نے مخالفت کی تھی اور آج بھی وہی پیشوا رویہ مہاراشٹر میں حکومت کر رہا ہے۔ شیواجی مہاراج کی فکر اس رجحان کو ختم کر رہی ہے۔ ۲۰۱۹ء میں وزیر اعظم مودی اور دیویندر فرنویس نے بحرعرب میں شیواجی مہاراج کی یادگار تعمیر کرنے کا سنگ بنیاد رکھا تھا اس کا کیا ہوا؟ فرنویس کو اس کا جواب دینا چاہیے۔ ‘‘
مودی کی حالت ’الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے‘جیسی ہے
وزیر اعظم مودی کی جانب سے کانگریس پر منشیات سپلائی اور نئی نسل کو نشہ کا عادی بنانے کے الزام پر نانا پٹولے نے کہا کہ ’’ نریندر مودی پر الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے والی کہاوت صادق آتی ہے۔ نشہ کے کاروباری للت مودی کو کس نے بچایا؟ ڈرگس مافیا کو کون بچارہا ہے؟ یہ عوام کو بخوبی معلوم ہے کہ انہیں ریاستی حکومت کا تحفظ حاصل ہے۔ حکومت ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی ہے۔ ‘‘ نانا پٹولے نے کہا کہ ’’کانگریس پر فرقہ پرستی کا الزام عائد کرنے والی بی جے پی اور مودی خود تشدد کی سیاست کر رہے ہیں لیکن وہ کانگریس پر الزام لگا رہے ہیں۔ مودی گزشتہ ۱۱؍ برس سے اقتدار میں ہیں تو ان کےاقتدار میں ہندو خطرے میں ہیں۔ ‘‘
بیف ایکسپورٹ مودی حکومت کے دور میں زیادہ ہورہا ہے
کانگریس لیڈر نےکہا کہ ’’ بی جےپی گائے کے نام پر سیاست کر رہی ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ مودی کے دور اقتدار میں گائے کا گوشت سب سے زیادہ ایکسپورٹ کیا جارہا ہے۔ بیف ایکسپورٹ بڑھ گیا، یہ کیسے گئو رکھشک ہیں۔ ‘‘ پٹولے نے یقین ظاہر کیا کہ مہاراشٹر کی قانون ساز اسمبلی، ہریانہ اور جموں کشمیر سے بہتر نتائج دیکھے گی۔