• Mon, 23 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شیوسینا (یوبی ٹی) کی نشاندہی پر اسکول سے تعمیراتی اشیاء ہٹائی گئیں

Updated: November 23, 2026, 11:55 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

بوریولی میں بی ایم سی کے مندپیشور اسکول کے احاطے میںنجی بلڈر نے تعمیراتی اشیاء کے علاوہ سیمنٹ مکسر ٹرک بھی کھڑا کردیا تھا۔

Kishori Pednekar during a school visit. Photo: INN
اسکول کے دورہ کے موقع پر کشوری پیڈنیکر۔ تصویر: آئی این این

بوریولی میں واقع مندپیشور اسکول کے احاطے میں ایک نجی بلڈر نے تعمیراتی کام میں استعمال ہونے والے گیس سلنڈر اور دیگر اشیاء رکھنے کے علاوہ سیمنٹ کنکریٹ ملانے والی گاڑی تک پارک کردی تھی۔ البتہ شیوسینا (ادھو) لیڈر کشوری پیڈنیکر اور آڈتیہ ٹھاکرے کی نشاندہی کے بعد بی ایم سی نے اس جگہ کو خالی کروالیا ہے۔

متذکرہ اسکول بوریولی کی آئی سی کالونی میں واقع ہے جس میں ہندی اور انگریزی میڈیم اسکول ہیں جن میں تقریباً ۱۴۰۰؍ طلبہ زیر تعلیم ہیں اور نجی بلڈر کے ذریعہ مختلف بھاری بھرکم اشیاء رکھنے کی وجہ سے یہاں زیر تعلیم طلبہ کا تحفظ خطرے میں پڑ گیا تھا۔اس بات کی اطلاع ملنے کے بعد ممبئی کی سابق میئر، میونسپل کارپوریٹر اور شیوسینا (ادھو) کی پارٹی کی طرف سے بی ایم سی میں لیڈر آف اپوزیشن کشوری پیڈنیکر اپنی پارٹی کی مقامی کارپوریٹر سریکا زورے اور انتظامی کمیٹی کے ممبر ششیکانت زورے کے ہمراہ مندپیشور اسکول میں پہنچ گئی تھیں اور وہاں کا جائزہ لینے کے بعد اس حرکت پر سخت اعتراض کیا۔

یہ بھی پڑھئے: جعلی پولیس والوں سے بچانے کیلئے کیو آر کوڈ اسمارٹ شناختی کارڈ متعارف

اس کے علاوہ آدتیہ ٹھاکرے نے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اسکول کی تصاویر اور ویڈیو شیئر کیا تھا۔ ویڈیو میں بڑی تعداد میں طلبہ کو تعمیراتی اشیاء کے بازو سے گزرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ آدتیہ ٹھاکرے نے دھمکی دی تھی کہ وہ اور ان کی پارٹی کے رضاکار میڈیا کے ساتھ دوبارہ اس اسکول کا دورہ کریں گے۔ تاہم اس دورہ سے قبل ہی بی ایم سی نے اسکول کا احاطہ صاف کردیا۔ آدتیہ ٹھاکرے نے بعد کی تصویر بھی شیئر کی ہے لیکن ساتھ ہی یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ اس بات کی تحقیق ہونی چاہئے کہ کس نے یہ سب کچھ ہونے دیا اور خاطیوں کے خلاف کارروائی بھی ہونی چاہئے۔

اسکول کی یہ عمارت نئی تعمیر کی گئی ہے اور اسی سال جون سے پہلے نجی بلڈر نے تعمیر کے بعد اسے بی ایم سی کے حوالے کیا ہے اس لئے جون سے یہاں نئے تعلیمی سال سے پڑھائی بھی شروع کردی گئی ہے۔ اسکول کے احاطے میں رکھے گئے سامان میں سیمنٹ، لوہے کی سلاخیں، ریتی، اسٹیل کاٹنے کے آلات اور گیس سلنڈر وغیرہ شامل ہیں۔ بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق جس بلڈر نے اسکول کی عمارت تعمیر کی ہے وہی بلڈر اپنی تعمیراتی اشیاء اس کے احاطے میں رکھ رہا تھا۔ بہر حال بی ایم سی افسران نے اس ہنگامے کے بعد خاموشی سے اسکول کے احاطے کونہ صرف خالی کروادیا بلکہ اسے دھوکر بھی صاف کردیا جس کی تصویر آدتیہ ٹھاکرے نے سوشل میڈیا پر شیئر کی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK