شہری اس کارڈ کو اپنے موبائل سے اسکین کرکے حقیقی پولیس افسر کی شناخت کرسکیں گے۔ مذکورہ کارڈ کو اسکین کرتے ہی اس کا نام، عہدہ اور دیگر تفصیلات سامنے آجائیں گی ،وزیراعلیٰ کا اہم اعلان۔
EPAPER
Updated: November 23, 2026, 11:52 AM IST | Nadeem Asran | Mumbai
شہری اس کارڈ کو اپنے موبائل سے اسکین کرکے حقیقی پولیس افسر کی شناخت کرسکیں گے۔ مذکورہ کارڈ کو اسکین کرتے ہی اس کا نام، عہدہ اور دیگر تفصیلات سامنے آجائیں گی ،وزیراعلیٰ کا اہم اعلان۔
شہر اور مضافات میں بعض اوقات شہریوں کو ایسے جعلسازوں کا شکار ہونا پڑتا ہے جو اپنے آپ کو پولیس والا بتا کر ہزاروں لاکھوں روپے لوٹ کر فرار ہوجاتے ہیں ۔ نقلی پولیس والوں کی وارداتوں پر قدغن لگانے کیلئے ممبئی پولیس کو کیو آر کوڈ والا ایسا شناختی کارڈ دیا جارہا ہے جسے شہری اپنے موبائل پر اسکین کرکے ان کے اصلی ہونے اور حقیقی پولیس والے کی تمام تر تفصیلات حاصل کرسکتے ہیں ۔ اسی دوران سنیچر کوایک تقریب کے دوران مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے ممبئی پولیس کیلئے ٹیکنالوجی سے لیس کئی نئے منصوبوں کے آغاز کا اعلان کیا۔
جدید منصوبہ
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ’’ ان اقدامات کا مقصد پولیسنگ کے نظام کو مزید تیز تر، جدید، مؤثر اور شفاف بنانا ہے۔ان منصوبوں میں ممبئی پولیس سٹیزن ایپ بھی شامل ہےجو شہریوں کے لئے پولیس سے متعلق مختلف خدمات، اجازت ناموں، پولیس کے دائرۂ اختیار کی تفصیلات، تجاویز اور عوامی آرا ءاور شکایات کیلئے ایک متحد پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔‘‘ وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس نے اس موقع پر مجرمانہ سرگرمیوں پر قابو پانے اورجرائم کو ختم کرنے کے تعلق سے جن منصوبوں کا اعلان کیا ان میں قابل ذکر پولیس والوں کو ایسا شناختی کارڈ فراہم کرنا بھی شامل تھاجسے عام شہری اپنے موبائل سے اسکین کرکے اس کا عہدہ اور پولیس والا ہونے کی تصدیق کر سکتے ہیں۔
یہ شناختی کارڈ عوام کی حفاظت اور نقلی پولیس والوں سے محفوظ رہنے کے مقصد سے تیار کیا جارہا ہے ۔ مذکورہ آئی کارڈ آئندہ ماہ سبھی پولیس افسران و اہلکاروں کو فراہم کر دیا جائے گا ۔نئے نظام کے تحت دھات سے تیار کردہ شناختی کارڈجس پر افسر یا اہلکار کی تصویر ابھری ہوئی ہوگی اور ساتھ ہی ایک کیو آر کوڈ بھی چسپاں ہوگا۔ اطلاع کے مطابق شہری شبہ ہونے پراپنے اسمارٹ فون سے اس کوڈ کو اسکین کرکے متعلقہ پولیس جوان کی شناخت اور اس کے سرکاری عہدے و تعیناتی کی تفصیلات کی تصدیق کرسکیں گے۔یہ شناختی کارڈ ان مجرمانہ ذہنیت کے حامل ملزمین سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے بنایا جارہا ہے جو نقلی پولیس والوں کا شکار ہوجاتے ہیں ۔
پولیس انفارمیشن سسٹم
مذکورہ نئے منصوبوں کے تحت ممبئی پولیس انفارمیشن سسٹم کے ذریعے پولیس کے مختلف شعبوں اور کارروائیوں کو ایک مربوط نظام سے جوڑا جائے گا جس سے باہمی تال میل بہتر بنانے اور پولیس کے کاموں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی۔ وہیں’ سمواد ایپ ‘ پولیس اہلکاروں کے درمیان داخلی رابطے اور معلومات کے تبادلے کو آسان بنائےگا۔اسکے علاوہ پولیس اہلکاروں کو فیلڈ ورک اور ڈیجیٹل ریکارڈ رکھنے کیلئے ۵۰؍ہزاراسمارٹ ٹیبلٹس فراہم کئے جائیں گے۔
اسی طرح مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کو یکجا کیا جائے گاتاکہ خفیہ معلومات کے تبادلے کو مضبوط بنانے، ممکنہ خطرات کی نشاندہی کرنے کے ساتھ مشتبہ سرگرمیوں اور افراد کی شناخت میں بھی مدد مل سکے۔
تفتیش میں اے آئی کا استعمال
قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ وزیر اعلیٰ نے مذکورہ منصوبہ کی تفصیلات فراہم کرنے کے دوران سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘پر ’تپاس سارتھی‘ نامی مصنوعی ذہانت (اے آئی )پر مبنی تحقیقاتی نظام کی تیاری پر بھی زور دیا۔پولیس کی فراہم کردہ اطلاع کے مطابق یہ جدید نظام ایف آئی آردرج ہونے سے لے کر چارج شیٹ داخل کرنے تک تفتیش کے تمام مراحل اور کارروائیوں کو منظم کرنے کیلئے تیار کیا جا رہا ہے۔پولیس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اے آئی کی مدد سے تیار کئے جانے والے شواہد ، تفتیشی عمل میں شفافیت اور عدالتوں میں ملزمین کو سزا دلانے کی شرح میں اضافہ کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔