کساراسیکشن پربھی ۱۷؍تا ۲۲؍مئی یومیہ ۲؍گھنٹے کا دن میں بلاک رہے گا۔ ویسٹرن ریلوے میں بھی بلاک۔ ٹرین خدمات متاثر ہوں گی اورمسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 12:51 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
کساراسیکشن پربھی ۱۷؍تا ۲۲؍مئی یومیہ ۲؍گھنٹے کا دن میں بلاک رہے گا۔ ویسٹرن ریلوے میں بھی بلاک۔ ٹرین خدمات متاثر ہوں گی اورمسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
سینٹرل ریلوے میں ۲؍ الگ الگ سیکشن پر رات اور دن میں اور ویسٹرن ریلوے میں بلاک کی وجہ سے ٹرین خدمات متاثر ہوں گی جس سے مسافروں کوپریشانی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ کرلا ودیا وہار اسٹیشنوں (کرلا بھانڈوپ سیکشن ) کے درمیان فٹ اووربریج کی تعمیر کے لئے آج(سنیچر) سے پیر تک شبینہ بلاک رہے گا۔ اس کی وجہ سے لوکل اور طویل مسافتی خدمات متاثر ہوں گی اورکئی ٹرینیں رد کردی جائیں گی۔
کسارا سیکشن پراتوار سے ۶؍دن تک شام کےوقت ۲؍ گھنٹے کا یومیہ بلاک رہے گا۔ اسی طرح ویسٹرن ریلوے میں سورت میں کام جاری ہونے کے سبب باندرہ ٹرمنس سے جانے والی ٹرین خدمات متاثر ہوں گی۔
سینٹرل ریلوےمیں شبینہ بلاک کے اوقات
کرلا اورودیا وہار اسٹیشنوں کے درمیان جمعہ اور سنیچر کی شب میں ایک بجکر ۱۵؍منٹ سے ۴؍بجکر ۱۵؍منٹ تک، سنیچر اوراتوار کی درمیانی شب میں ۱۲؍بجکر ۱۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۴۰؍ منٹ تک اوراتوار اورپیر کی درمیانی شب میں ایک بجکر ۱۵؍ منٹ سے ۳؍بجکر ۵؍ منٹ تک بلاک رہے گا۔
یہ بھی پڑھئے: سنجے راؤت کی پوسٹ سے مہایوتی میں تلملاہٹ
اس دوران اَپ اورڈاؤن دھیمی لائن کی ٹرینوں کوفاسٹ لائن پر موڑ دیا جائے گا۔ اسی طرح سنیچر اوراتوار کی درمیانی شب میں بلاک کے دوران سی ایس ایم ٹی سے کرجت کے لئے چھوٹنے والی لوکل ٹرینیں بلاک شروع ہونے سے قبل ملنڈ اورماٹنگا کے درمیان فاسٹ لائنوں پرموڑ دی جائیں گی اور وہ دیاوہار، کانجور مارگ اورناہور اسٹیشنوں پر نہیں رکیں گی۔ اس کے علاوہ طویل مسافتی ٹرینیں اپنے مقررہ وقت سےتاخیر سے چلائی جائیں گی اور کچھ تاخیر سے اپنے آخری اسٹیشن پہنچیں گی۔
سینٹرل ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی پریشانی کا اعتراف کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا ہےکہ کوشش کی گئی ہے کہ میل ا ورایکسپریس ٹرینیں کم متاثر ہوں۔ بلاک کی تفصیلات تمام اسٹیشن ماسٹروں کو پہلے ہی دی گئی ہیں۔ چونکہ یہ بلاک بنیادی ڈھانچے کی دیکھ بھال اور حفاظت کے لئے ضروری ہے، اس لئے مسافروں سے تعاون کی اپیل کی جاتی ہے۔
۱۷؍مئی سے ۲۲؍مئی تک دو گھنٹے کا کسارا میں بلاک
دوسرا بلاک ۱۷؍مئی سے ۲۲؍ مئی تک (اتوار سے جمعہ تک ) دن میں ۲؍ گھنٹے کا بلاک رہے گا۔ بلاک کا وقت سہ پہر۳؍بجکر ۵۰؍منٹ سے ۵؍بجکر ۵۰؍ منٹ تک کیا جائے گا۔ اس دوران ۱۰؍ سے زائدمیل اورایکسپریس ٹرینیں متاثر ہوں گی جبکہ بلاک کے دوران کسارکےلئے روانہ کی جانے والی ٹرینیں آٹ گاؤں تک ہی چلائی جائیں گی۔ بلاک کے بعد تمام ٹرینیں معمول کے مطابق روانہ کی جائیں گی۔
۳۰؍مئی تک ٹرینیں متاثر رہیں گی
ویسٹرن ریلو ے میں ممبئی اورسورت سیکشن کے درمیان خاص طور پرسورت اسٹیشن پرپلیٹ فارم نمبر ۲؍۳؍ اور۴؍ کا کام کیا جائے گا۔ اس کی وجہ سے ۱۶؍مئی سے۳۰؍مئی تک ۱۲۹۳۵؍ باندرہ ٹرمنس سورت سپرفاسٹ ایکسپریس اُدھنا اسٹیشن تک ہی چلائی جائیں گی۔ یہ ٹرین ادھنا اورسورت کے درمیان رد کردی جائے گی۔
اسی طرح ۱۷؍مئی سے ۲۹؍مئی تک ۲۰۹۲۵؍ سورت امراؤتی سپرفاسٹ ایکسپریس اُدھنا اسٹیشن تک ہی چلائی جائے گی ا وریہیں سے واپس کی جائے گی۔ یہ بھی ادھنا اورسورت کےدرمیان منسوخ رہے گی۔