بھیونڈی میں ابو عاصم اعظمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مراٹھی کے بجائے ہندی میں اظہار خیال کیا جس پر ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 02, 2025, 3:27 PM IST | Inquilab News Network | Bhiwandi
بھیونڈی میں ابو عاصم اعظمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مراٹھی کے بجائے ہندی میں اظہار خیال کیا جس پر ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔
بھیونڈی میں ابو عاصم اعظمی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران مراٹھی کے بجائے ہندی میں اظہار خیال کیا جس پر ہنگامہ برپا ہوگیا ہے۔ مہاراشٹر نونرمان سینا(ایم این ایس) کے لیڈر نے دھمکی دی ہے کہ اگر ابو عاصم اعظمی کو مراٹھی بولنے میں شرم آرہی ہے تو ہم انہیں ایم این ایس کے اسٹائل میں سبق سکھائیں گے۔
بھیونڈی میونسپل کارپوریشن نے ترقیاتی منصوبہ ۲۰۲۳ء کے تحت راجیو گاندھی چوک تا ٹیمگھر سڑک کے دونوں طرف سڑک کو ۶، ۶؍ میٹر چوڑا کرنے کی تجویز حکومت کو بھیجی ہے، اس توسیع سے کئی مکانات، دکانیں اور مذہبی مقامات متاثر ہو سکتے ہیں۔ انہیں منہدم ہونے سے بچانے کیلئے سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر اور رکن اسمبلی ابوعاصم اعظمی نے منگل کو ’دھارمک استھل بچاؤ سمیتی‘اور کلیان روڈ بیوپاری و رہیواسی سنگھرش سمیتی کے نمائندوں کے ہمراہ میونسپل کمشنر انمول ساگر سے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے کےبعد انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو تفصیل بتائی۔ جب وہ ہندی میں بات کررہے تھے تبھی ایک رپورٹر نے ان سے مراٹھی میں اظہار خیال کرنے کی درخواست کی جس پر ابو عاصم اعظمی نے برجستہ کہا کہ ’’کیوں مراٹھی؟ مراٹھی اور ہندی میں کیا فرق ہے؟ مِی مراٹھی پن بولو شکتو پر (میں مراٹھی بھی بول سکتا ہوں لیکن )مراٹھی میں بولنے کی ضرورت کیا ہے؟یہ بھیونڈی ہے.. یہ مراٹھی اگر دہلی میں جائے گی تو کوئی سمجھ نہیں پائے گا۔ یوپی میں میری بات جائے گی تو مراٹھی وہاں کوئی نہیں سمجھے گا ۔‘‘
اس پرایم این ایس لیڈر پریش چودھری نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ ابو عاصم اعظمی تو مہاراشٹر میں سیاست کر رہے ہیں اور اتر پردیش کے بھیا لوگوں کی فکر ہو رہی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ بھیونڈی مہاراشٹر میں ہے اور وہاں بھی مراٹھی ہی بولی جائے گی اور اگر مراٹھی میں بات کرنے میں تمہیں شرم آرہی ہے تو یاد رکھو! ایم این ایس اسٹائل میں تمہیں جواب دیاجائے گا۔‘‘