Inquilab Logo

کورونا اور غیرملکی سرمایہ کاروں کے موقف کا مارکیٹ پر اثر پڑے گا

Updated: December 25, 2023, 12:45 PM IST | Agency | Mumbai

اس کےعلاوہ بحیرہ احمر کا بحران، بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں، ڈالر انڈیکس کا رجحان اور گھریلو ڈیٹا بھی اس ہفتے گھریلو شیئر بازار پر اثرانداز ہوسکتے ہیں۔

The bullish market has taken a pause in the last week, so investors will be watching the market this week. Photo: INN
مسلسل بلندی کی طرف گامزن بازار نے پچھلے ہفتے کچھ توقف کیا ہے، اس لحاظ سے بازار پر اس ہفتے سرمایہ کاروں کی خاص نظر ہوگی۔ تصویر : آئی این این

مسلسل نئی بلندیوں پر گامزن گھریلو شیئر بازار کی رفتار کو گزشتہ ہفتے بریک لگا ہے۔ عالمی منڈی کے ملے جلے رجحان کے درمیان اونچی قیمتوں پر منافع وصولی دباؤ میں گزشتہ ہفتے اسٹاک مارکیٹ میں نصف فیصد کی گراوٹ آئی ہے ۔اگلے ہفتے کورونا کے نئے ویرینٹ جی این ون کے پھیلاؤ، غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (ایف آئی آئی) کی سرمایہ کاری کے بہاؤ، بحیرہ احمر بحران، خام تیل کی قیمتوں ، ڈالر انڈیکس کے رجحان اور ڈومیسٹک ڈیٹاکا اثر دیکھنے کو مل سکتا ہے۔کچھ ماہرین کا اندازہ ہے کہ بازار ایک ’رینج‘ میں  رہ سکتا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے بی ایس ای کا۳۰؍ حصص کا حساس انڈیکس سینسیکس ہفتے کے آخر میں ۳۷۶ء۷۹؍ پوائنٹس یعنی۰ء۵۳؍ فیصد گر کر ۷۱۱۰۶ء۹۶؍ پوائنٹس پر آگیا۔ اسی طرح نیشنل اسٹاک ایکسچینج (این ایس ای) کا نفٹی۱۰۷ء۲۵؍ پوائنٹس یعنی۰ء۵؍ فیصد گر کر۲۱۳۴۹ء۴۰؍ پوائنٹس پر آگیا۔
 زیرجائزہ ہفتے میں بڑی کمپنیوں کی طرح درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں کے حصص میں بھی فروخت کا دباؤ رہا۔ اس کی وجہ سے ہفتے کے آخر میں بی ایس ای کا مڈ کیپ۳۱۵ء۶۷؍ پوائنٹس یعنی۰ء۹؍ فیصد گر کر ۳۵۸۸۲ء۶۸؍ پوائنٹس اور اسمال کیپ۸۱ء۴۶؍ پوائنٹس یعنی۰ء۲؍ فیصد گر کر۴۲۰۰۱ء۷۵؍ پر پہنچ گیا۔ اگلے ہفتے پیر کو کرسمس کی تعطیل کی وجہ سے سینسیکس اور نفٹی میں صرف ۴؍ دن ہی کاروبار ہوگا۔
اور کون کون سے عوامل بازار پر اثر انداز ہوسکتے ہیں 
 تجزیہ کاروں کے مطابق ملک میں کورونا جی این ون کے نئے ویرینٹ سے انفیکشن کے کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں ۔ گزشتہ۲۴؍ گھنٹوں میں ۷۵۲؍ متاثرہ افراد کی شناخت ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ اس انفیکشن کی وجہ سے ملک میں چار لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ سرمایہ کار اس سے خوفزدہ ہیں ۔ اس کا اثر اگلے ہفتے مارکیٹ پر دیکھا جا سکتا ہے۔
 اس کے علاوہ، مقامی مارکیٹ ایف آئی آئی کی سرمایہ کاری کے بہاؤ، بین الاقوامی سطح پر خام تیل کی قیمتیں اور اگلے ہفتے ڈالر انڈیکس کے رجحان سے متاثر ہوگی۔ ایف آئی آئی نے اس سال اگست، ستمبر اور اکتوبر کے مسلسل تین مہینوں میں بھاری فروخت کے بعد نومبر میں ۵۷۹ ۵ء۰۵؍ کروڑ روپے کی خالص خریداری کی ہے۔ اس کے علاوہ دسمبر میں اب تک مارکیٹ میں ان کی خالص سرمایہ کاری۲۳۳۱۰ء۸۲؍ کروڑ روپے رہی ہے۔ اگر ایف آئی آئی کا رویہ مثبت رہا تو مارکیٹ میں اضافہ جاری رہ سکتا ہے۔
 کرسمس کی تعطیلات کی وجہ سے اگلے ہفتے دنیا کی بیشتر مارکیٹوں بالخصوص یورپی منڈیوں میں کوئی لین دین نہیں ہوگا۔ اس کا اثر مقامی سطح پر رہ سکتا ہے۔
عالمی سیاسی جغرافیائی حالات
حوثی باغیوں  نے اسرائیلی حملوں  کی مخالفت اور فلسطین کی حمایت کا اعلان کیا ہے ۔ اسی کے تحت حوثی باغی بحیرہ احمر (ریڈ سی) سے گزرنے والے تجارتی جہازوں  کو نشانہ بنارہے ہیں ۔ اس باعث کئی کمپنیوں  نے یا تو اس راستے سے اپنے جہازوں  کی آمدورفت بند کردی ہے یا جہازوں  کو راستہ بدل دیا ہے۔ اس باعث  مال ڈھلائی میں  تاخیر ہورہی ہے اور سپلائی بھی کم ہوگئی ہے۔ سی این بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق ۲۱؍ دسمبر تک ۲۱؍لاکھ سے زیادہ کارگو کنٹینر ز کو لے جانے والے لگ بھگ ۱۵۸؍ جہازوں کا رخ بدل دیا گیا اور بحیرہ احمر سے دور لے جایا گیا ہے۔اس کارگو کی قیمت مجموعی طور پر ۱۰۵؍ ارب ڈالر بتائی جارہی ہے۔ ٹرانسپورٹیشن میں  رخنہ اور تاخیر کے سبب تجارتی میدان پر اس کا اثر دیکھا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK