Inquilab Logo

دنیا بھر میں اب تک ساڑھے ۷؍ کروڑ افرادکورونا سے متاثر

Updated: December 19, 2020, 5:00 AM IST | Geneva

اب تک مختلف ممالک میں ساڑھے ۱۶؍ لاکھ سے زائد ہلاکتیں ۔ امریکہ بدستور پہلے نمبر پر ، ہندوستان میں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچنے کو ہے۔ فرانس میں مسلسل نئے معاملات میں اضافہ۔ ترکی اچانک سب سے متاثرہ ممالک کی فہرست میں شامل ۔ اٹلی میں مریضوں کی تعداد میں پھر تیزی۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

 ایک طرف جہاں دنیا کے کئی ممالک میں ویکسین کی تقسیم شروع ہو گئی ہے وہیں دنیا بھر میں کورونا مریضوں کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ بھی بدستور جاری ہے۔ اس وقت مختلف ممالک میں کورونا مریضوں کی مجموعی تعداد ساڑھے ۷؍ کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ ورڈو میٹر کے تازہ اعداد وشمار دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں ۷؍ کروڑ ۵۴؍ لاکھ ۹؍ ہزار ۶۷۸؍ افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں جن میں سے ۱۶؍ لاکھ ۷۱؍ ہزار ۱۴۵؍ افراد فوت ہو چکے ہیں ۔ البتہ ۵؍ کروڑ ۲۹؍ لاکھ ۸۷؍ ہزار ۴۶۰؍ افراد شفایاب بھی ہوئے ہیں جو ایک بڑی تعداد ہے۔ 
  امریکہ کی پوزیشن میں کوئی فرق نہیں 
  امریکہ اب بھی دنیا کا سب سے بڑا کورونا مرکز ہے۔ حالانکہ یہاں ویکسین کی تقسیم شروع ہو چکی ہے۔ یہاں ایک اب تک ایک کروڑ ۷۶؍ لاکھ ۲۸؍ ہزار ۵۶۸؍ افراد اس وبا میں مبتلا ہو چکے ہیں جن میں سے ۳؍ لاکھ ۱۷؍ ہزار ۹۲۹؍ افراد کی موت ہو چکی ہے۔ دوسرے نمبر پر بدستور ہندوستان موجود ہے جہا ں مریضوں کی تعداد ایک کروڑ تک پہنچنے کو ہے۔ تازہ اطلاع کے مطابق اب تک ہندوستان میں ۹۹؍ لاکھ ۷۹؍ ہزار ۴۴۷؍ افراد اس مرض کا شکار ہیں جبکہ ایک ۴۴؍ ہزار ۸۲۹؍ افراد فوت ہو چکے ہیں ۔ برازیل بھی مسلسل تیسری پوزیشن پر ہے ، حالانکہ یہاں مریضوں کی تعداد میں اضافے کی رفتار سست ہوئی ہے۔ لیکن یہاں ۷۱؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۵۲۷؍ افراد لوگ کورونا وائرس کی زد میں آچکے ہیں ۔ یہاں ایک لاکھ ۸۴؍ ہزار ۸۷۶؍ لوگ ہلاک ہو چکے ہیں ۔ اس طرح ہندوستان مریضوں کے معاملے میں تو دوسرے نمبر پر ہے لیکن اموات کے معاملے میں تیسرے نمبر پر جبکہ برازیل کے معاملے میں یہ ترتیب الٹی ہے۔ 
  ترکی اچانک آگے
  روس جہاں کورونا مریضوں کی تعداد اب قابو میں ہے اور وہاں ویکسین بھی دریافت ہو چکی ہے ، لیکن سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں وہ اب بھی چوتھے مقام پر ہے۔ یہاں اب تک ۲۷؍ لاکھ ۹۱؍ ہزار ۲۲۰؍ افراد کورونا کی زد میں آ چکے ہیں جبکہ ۴۹؍ ہزار ۷۶۲؍اموات ہو چکی ہیں ۔فرانس گزشتہ ایک ماہ سے یورپ میں کورونا کا اہم مرکز بنتا جا رہا ہے۔یہاں اب تک ۲۴؍ لاکھ ۲۷؍ ہزار ۳۱۶؍ لوگ اس مرض میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ ۵۹؍ ہزار ۶۱۹؍ افراد فوت ہو چکے ہیں ۔ لیکن اس سےاہم خبر یہ ہے کہ ترکی جو اب تک سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں کہیں نہیں تھا وہاں مریضوں کی تعداد اچانک بڑھنے لگی ہے۔ ترکی میں دیکھتے ہی دیکھتے ۱۹؍ لاکھ ۵۵؍ ہزار ۶۸۰؍ مریض سامنے آ چکے ہیں ۔ ان میں سے ۱۷؍ ہزار ۳۶۴؍ مریضوں کی موت ہو چکی ہے۔
  دیگر ممالک کے احوال
 مذکورہ فہرست میں ہندوستان کو چھوڑ کر تمام ممالک یا تو یورپ میں  ہیں یا یورپ کے قریب ہیں ۔ برطانیہ جو کہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں کافی پیچھے جا چکا تھا اب ساتویں نمبر پر پہنچ چکا ہے ۔ یہاں ۱۹؍ لاکھ ۴۸؍ ہزار ۶۸۰؍ مریض پائے گئے ہیں جبکہ ۶۶؍ ہزار ۶۲؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ واضح رہے برطانیہ ایک وقت مریضوں کے معاملے میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر رہ چکا ہے۔ اٹلی جہاں کورونا مریضوں کی رفتار رک سی گئی تھی، اچانک دوبارہ یہاں نئے معاملات سامنے آنے لگے ہیں ۔ اٹلی میں اب تک ۱۹؍ لاکھ ۶؍ ہزار ۳۷۷؍ افراد اس مرض میں مبتلا ہوئے ہیں جبکہ ۶۷؍ ہزار ۲۲۰؍ لوگوں فوت ہو چکے ہے۔ اسپین ، ارجنٹائنا اور میکسیکو کا نمبر اس کے بعد آتا ہے۔ ان میں میکسیکو میں ہلاکتوں کی تعداد ایک لاکھ ۱۶؍ ہزار سے زائد ہو چکی ہے۔ اگر پوری فہرست پر نظر ڈالیں تو ۱۵؍ ممالک ایسے ہیں جہاں مریضوں کی مجموعی تعداد ۱۰؍ لاکھ سے زیادہے۔ ان میں بیشتر یورپی ممالک ہیں ۔ 
 امریکہ میں ماڈرنا ویکسین کو بھی منظوری
 امریکہ کے ’فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن‘‘ نے فائزر ویکسین کے بعد ’ماڈرنا ویکسین‘ کے استعمال کی بھی منظوری دیدی ہے۔ اطلاع کے مطابق ایف ڈی اے کے غیرجانبدار ماہرین کے ایک پینل نے ۷؍گھنٹے سے زائد طویل مباحثے کے بعد ماڈرنا ویکسین کو منظوری دی ہے۔ پینل میں شامل اسٹین فرڈ یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر ہیلے گینز کا کہنا تھا کہ اس ویکسین کے نتائج سے ثابت ہوا ہے کہ یہ ۹۵؍ فیصد موثر اور محفوظ ہے۔قبل ازیں ’ایف ڈے اے‘ فائزر کی ویکسین کو منظوری دے چکا ہے اور امریکہ میں اس کا استعمال شروع بھی ہو چکا ہے۔ تاہم ماڈرنا کو فائزر ویکسین پر دو طرح سے فوقیت حاصل ہے۔اوّل ماڈرنا کی۹۵؍ فیصد موثر ہے جبکہ فائزر ۹۰؍ فیصد ۔ دوم یہ کہ ماڈرنا ویکسین کی ترسیل اور شیلف ۲۰؍ سینٹی گریڈ سینٹی گریڈ پر ہونا چاہئے جو کہ نارمل ہے جبکہ فائزر ویکسین کو منفی ۷۵؍ سینٹی گریڈ پر رکھنا ضروری ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK