Inquilab Logo

جلگاؤں میں کورونا کا زور بڑھا، متاثرین کی تعداد میں اضافے سے شہری پریشان

Updated: February 26, 2021, 8:55 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

لگاتار تین دنوں سے یومیہ ۳؍سو سے زائد نئے معاملات سامنے آئے،متاثرین کی مجموعی تعداد ۶۰؍ ہزار کے پار ہوئی

Coronavirus - pic : INN
کورونا وائرس ۔ تصویر : آئی این این

ضلع میں ایک بار پھر کورونا انفیکشن کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا ہے۔یہاں گزشتہ تین دنوں سے مسلسل تین سو سے زائد نئے معاملات سامنے آئے ہیں۔اس کی وجہ سے عوامی سطح پر ایک بار پھر  خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہونے لگا ہے۔
  سرکاری ذرائع کے مطابق بدھ کو یہاں پر۳۶۳؍ نئے مریض سامنے آئے تھےجبکہ اس سے۲؍ روز قبل بالترتیب۳۱۹؍ اور۳۶۸؍ نئے مریض سامنے آئے تھے۔اس طرح اب پورے ضلع میں کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد۶۰؍ ہزار کے پار ہوچکی ہے۔اس میں فکرکی بات یہ بھی ہے کہ کورونا متاثرین کی تعداد میں اضافے کے ساتھ ہی کورونا کی وجہ سے ہونےوالی اموات کی تعداد میں بھی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے ۔
 ضلع جلگاؤں میں گزشتہ چار ماہ سے کورونا انفیکشن زیر کنٹرول تھا لیکن گزشتہ تین ہفتوں سے کورونا انفیکشن  بڑھتا ہی جارہا ہے اور پچھلے۷۔۶؍ دنوں میں حالات قابو سے باہر ہوتے جارہے ہیں۔اس کی وجہ سے عوامی سطح پر خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ عوام میں پائے جانے والے خدشات پر روک لگانے اور  حالات پر قابو پانے کیلئے ضلع کلکٹر اور انتظامیہ نے چند ضروری اقدامات اٹھائے ہیں ۔اطلاع کے مطابق ضلع کلکٹر ڈاکٹر ابھیجیت راؤت نے گزشتہ تین ہفتوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا دیکھ کر ضلعی محکمہ صحت کو روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے ٹیسٹ کی تعداد بڑھانے کی ہدایت کی  تھی۔ اسی پر عمل درآمد کرتے ہوئے محکمہ صحت نے اس ہفتے سے ٹیسٹ کی تعداد میں اضافے کا اعلان کیا ہے۔اس کے مطابق اب تک یہاں پر آر ٹی پی سی آر اور ریپڈ اینٹی جن ٹیسٹ ملا کر کل۴؍ لاکھ۵۳؍ ہزار۹۴۷؍ ٹیسٹ کئے  جاچکے ہیں۔ ان میں سے کل۳؍ لاکھ۹۱؍ ہزار۳۸۱؍ رپورٹ نگیٹو ہوئے تھے جبکہ کم و بیش۶۰؍ ہزار  متاثرین کی رپورٹ پازیٹیو  آئی تھی ۔
 اطلاع کے مطابق ضلع بھر میں کورونا مریضوں کی نگہداشت کیلئے بنائے گئے سی سی اور ڈی سی ایچ اور  ڈی سی ایچ سی سینٹروں میں ایک روز قبل تک۶۰۱؍ مریض زیر علاج تھے۔ ان زیر علاج مریضوں میں تشویشناک حالت والے مریضوں کی تعداد جن میں آکسیجن لیول کی کمی ہے اورجو آئی سی یو میں داخل ہیں، دونوںکی تعداد کم و بیش۲؍سو ہے۔دوسری جانب لاک ڈاؤن کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں پر محکمہ جات کارروائی بھی شروع ہوچکی ہے ۔محکمہ ایکسائز کے افسران سے ملی اطلاع کے مطابق ہوٹل ،ریسٹورنٹ،بار اورکلب صبح ۹؍ تا رات ۹؍ بجے  ہی کھلے رکھنے کی اجازت ہے۔اس حکم کی خلاف روزی پر کئی ہوٹل  مالکان کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK