Inquilab Logo

کورونا : دنیا بھر میں مہلوکین کی تعداد ۱۰؍ لاکھ تک پہنچی

Updated: September 29, 2020, 11:54 AM IST | Agency | Geneva

ہندوستان نے متاثرین کی تعداد کے معاملے میں ۶۰؍ لاکھ کا ہندسہ پارکیا جبکہ مہلوکین کی تعداد ایک لاکھ کے قریب۔ مریضوں کی تعداد یوں ہی بڑھتی رہی تو مہینے بھر میں امریکہ کے برابر ہونے کا خدشہ۔ میکسیکو ، پیرو اور اسپین میں شرح اموات میں اضافہ۔ کولمبیا میں مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

Coronavirus Fear - Pic : PTI
کورونا وائرس کا خوف ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 دنیا بھرمیں کورونا وائرس  کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک ملین یعنی ۱۰؍ لاکھ تک جا پہنچی ہے۔  جبکہ متاثرین کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔  ورڈو میٹر کے تازہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا  کے مختلف ممالک میں اب تک ۳؍ کروڑ ۳۳؍ لاکھ  ۵۶؍ ہزار ۱۰؍ افراد اس بیماری میں مبتلا ہوئے ہیں جبکہ  ۱۰؍ لاکھ  ۳؍ ہزار ۱۵۰؍ مریض اس وبا کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔ حالانکہ  ۲؍ کروڑ ۴۶؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار  ۱۸۴؍ مریض شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ 
 ہندوستان امریکہ کی راہ پر 
   اس وقت بھی دنیا بھر میں امریکہ ہی  کورونا کا سب سے بڑا مرکز ہے جہاں اب تک ۷۳؍ لاکھ  ۲۱؍ ہزار ۴۶۵؍ افراد اس بیماری میں مبتلا ہو چکے ہیں جبکہ ۲؍ لاکھ ۹؍ ہزار  ۴۵۴؍ مریضوں کی موت  ہو چکی ہے۔  لیکن ہندوستان بہت تیزی سے اعداد وشمار کے معاملے میں اس کے قریب ہوتا جا رہا ہے۔  یہاں مریضوں کی تعداد ۶۰؍ لاکھ   ۷۹؍ ہزار  ۳۵۰؍ ہو چکی ہے  اور جس تیزی سے یہ تعداد بڑھ رہی ہے کہ خدشہ ہے کہ مہینے بھر میں کہیں ہندوستان امریکہ کو پیچھے نہ چھوڑ دے۔  مریضوں کے ساتھ ساتھ ہندوستان میں مہلوکین کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ اب تک یہاں ۹۵؍ ہزار  ۶۰۶؍ افراد کورونا کے سبب ہلاک ہو چکے ہیں۔ 
  تیسرا ملک ہے برازیل جہاں ۴۷؍ لاکھ ۳۲؍ ہزار  ۳۰۹؍ افراد کورونا کا شکار ہو چکے  ہیں  جبکہ ایک لاکھ ۴۱؍ ہزار افراد اس کی وجہ سے ہلاک ہو چکے ہیں۔  کچھ دنوں پہلے تک برازیل ہندوستان سے متاثرین اور مہلوکین دونوں ہی معاملوں میں بہت آگے تھے لیکن اب وہ متاثرین کے معاملے میںکافی پیچھے رہ گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ برازیل میں صورت حال بہتر ہوئی ہے بلکہ ہندوستان میں حالت ابتر ہوئی ہے۔ اس لئے دونوں ممالک کے درمیان مریضوں کی تعداد کا فرق کوئی ۱۳؍ لاکھ سے اوپر ہو چکا ہے۔ 
  روس کو لمبیا اور پیرو
 روس جو کبھی مریضوں کے معاملے میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا تھا ، اب اس کے وہاں حالات بہتر ہیں۔ یہاں اب تک ۱۱؍ لاکھ  ۵۹؍ ہزار ۵۷۳؍ افراد کورونا کی زد میں آ چکے ہیں۔ لیکن یہاں اموات صرف ۲۰؍ ہزار ۳۸۵؍ لوگوں کی  ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ روس میں شرح اموات شروع سے بہت کم ہے۔ اس کے بعد نمبر ہے کولمبیا کا جو سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست  میں پیرو کو پیچھے چھوڑ کر ۵؍ ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ یہاں اب تک ۸؍ لاکھ  ۱۳؍ ہزار ۵۶؍  مریض پائےگئے  ہیں جن میں  سے  ۲۵؍ ہزار ۴۸۸؍ افراد کی موت ہو چکی ہے۔  جبکہ پیرو میں ۸؍ لاکھ ۵؍ ہزار  ۳۰۲؍ مریض ملے ہیں اور  ۳۲؍ ہزار  ۲۶۲؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔ مہلوکین کی یہ بڑی تعداد کہی جا سکتی ہے کیونکہ یہ دنیا بھر  میں مہلوکین کی ۱۰؍ سب سے بڑی تعداد میں سے ایک ہے۔  
  اسپین ،  میکسیکو ، اور ارجنٹائنا
  یورپی ممالک میں اٹلی کے بعد اسپین وہ ملک تھا جہاں بڑی تیزی سے کورونا وائرس پھیلا تھا اور  حالات بے قابو ہو گئے تھے۔ جون جولائی میں  یہاں حالات میں قابو میں آچکے تھے لیکن  اب اسپین میں دوبارہ کورونا کی لہر اپنا اثر دکھا رہی ہے اور یہ ملک سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں کئی ممالک کو پیچھے چھوڑ کر ۷؍ ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ یہاں اب تک  ۷؍ لاکھ  ۳۵؍ ہزار ۱۹۸؍ مریض پائے گئے ہیں جبکہ ۳۱؍ ہزار  ۲۳۲؍ ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ امریکہ کا پڑوسی ملک میکسیکو جہاں گزشتہ دنوں بڑی تیزی سے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی تھی ، وہاں اب تک ۷؍ لاکھ  ۳۰؍ ہزار ۳۱۷؍ افراد ا س بیماری میں مبتلا ہوچکے ہیں   اور ان میں سے ۷۶؍ ہزار  ۴۳۰؍ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔یہ دنیا بھر میں مہلوکین چوتھی سب سے بڑی تعدادہے۔  ان کے علاوہ ارجنٹائنا میں  متاثرین کی تعداد ۷؍ لاکھ ۱۱؍ ہزار ۳۲۵؍ ہو چکی ہے جبکہ یہاں مہلوکین کی تعداد  ۱۵؍ ہزار ۷۴۹؍ ہو چکی ہے۔ ان کے علاوہ فرانس میں ۵؍ لاکھ سے زیادہ جبکہ چلی، ایران اور  برطانیہ میں ۴؍ لاکھ سے زائد مریض پائے گئے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK