Inquilab Logo

کورونا وائرس : دنیا بھر میں اب تک ۳۷؍ ہزار سے زائد اموات

Updated: April 01, 2020, 12:22 PM IST | Agency | Geneva

سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں۔ اب تک ۱۱؍ ہزار سے زائد افراد لقمۂ اجل۔ امریکہ میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد افراد متاثر جبکہ ۳؍ ہزار سے زیادہ ہلاکتیں۔ گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں ۵۴۰؍ اموات ، چند نئے علاقوں میں بھی شہریوں پر پابندیاں۔ اسپین اور ایران میں بھی ہلاکتوں کا سلسلہ جاری۔ پاکستان میں ایک دن کے اندر ۲۱۵؍ نئے معاملات۔ چین میں حالات قابو میں ۔ اس  عالمی وبا کا مرکز چین  کو کہا جاتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں یہ  وائرس وہیں سے پھیلا تھا لیکن اب یہاں حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں ۔ یہاں اب تک  تک ۸۱؍ ہزار ۵۱۸؍ افراد کے کورونا وائرس سے  متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور ۳۳۰۵؍ لوگوں کی اس وائرس کی وجہ سےموت ہو چکی ہے۔

Milan, Coronavirus - Pic : PTI
ملان، کورونا وائرس، تصویر : پی ٹی آئی

دنیا کے تقریبا تمام  ممالک میں  پھیل چکی کورونا وائرس (کووڈ۔۱۹) کی وبا  رکنے کا نام نہیں لے رہی ہے ۔ اس خطرناک  وائرس سے دنیا بھر میں اب تک ۳۷؍ ہزار ۵۱۹؍ لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ ۶؍ لاکھ ۶۵؍ ہزار ۱۷۸؍ افراد اس سے متاثر ہیں۔ چین جہاں سے یہ وائرس دنیا بھر میں پھیلا ہے وہاں اب حالات قابو میں آتے جا رہے ہیں اور اموات کا سلسلہ کم ہوتا جا رہا ہے جبکہ اب اس وائر سے سب سے زیادہ متاثر اٹلی اور  اسپین ہیں۔ جبکہ تیسرا ملک امریکہ ہے۔
 چین کی صورتحال
  اس  عالمی وبا کا مرکز چین  کو کہا جاتا ہے کیونکہ دنیا بھر میں یہ  وائرس وہیں سے پھیلا تھا لیکن اب یہاں حالات قابو میں بتائے جاتے ہیں ۔ یہاں اب تک  تک ۸۱؍ ہزار ۵۱۸؍ افراد کے کورونا وائرس سے  متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور ۳۳۰۵؍ لوگوں کی اس وائرس کی وجہ سےموت ہو چکی ہے۔اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق  چین میںکورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں میں ۸۰؍ فیصد تعداد ۶۰؍ سال سے زائد عمر والوں کی ہے۔ واضح رہے کہ شروع میں چین میں روزانہ ۱۰۰؍ سے زائد افراد کی موت ہو رہی تھی لیکن اب  یہاں سے یومیہ ۲؍ یا ۴؍ لوگوں کی موت کی خبر آ رہی ہے۔
 اٹلی میں سب سے زیادہ ہلاکتیں
  چین کے بعد کورونا وائرس سب سے زیادہ اٹلی میں پھیلا ۔ حتیٰ کہ اٹلی میں ہونے والی اموات کی تعداد اب چینی باشندوں کی ہلاکت کا ۴؍ گنا ہو چکی ہے۔
 گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران بھی  اٹلی میں ہی سب سے زیادہ اموات ہوئیں۔یہاں مہلوکین کی تعداد پہلے ہی  ۱۰؍ ہزار  کا ہندسہ پار کر چکی  ہے۔ اب منگل کو مزید ہلاکتوں کے بعد یہ تعداد  ۱۱؍ہزار ۵۹۱؍تک پہنچ  گئی ہے۔
 اسپین بھی بری طرح متاثر
 اسپین بھی  ان ممالک میں ہے جہاں بہت بعد میں کورونا وائرس داخل ہوا  لیکن دھیرے دھیرے یہاں اموات کا سلسلہ دراز ہوتا چلا گیا۔ تازہ اعداد وشمار کے مطابق اسپین میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر   ۷۷۱۶؍ ہو گئی ہے۔ منگل تک یہاں ملک بھر میں وائرس سے متاثر ہونے والے شہریوں کی اکی  تعداد بڑھ کر ۸۷؍ ہزار ۹۵۶؍ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ متاثرین کی یہ تعداد چین سے بھی زیادہ ہے جسے وائرس کا مرکز کہا جاتا ہے۔ 
 امریکہ میں چین کا دو گنا معاملات
 کل تک چین میں پھیلے وائرس سے اپنی معیشت کے مضبوط  ہونے کی امید لگائے بیٹھے ڈونالڈ ٹرمپ کے وطن امریکہ میں کورونا وائرس کے معاملات چین کے دو گنا ہو چکے ہیں۔ یہاں اب تک ایک لاکھ ۶۴؍ ہزار ۲۵۳؍ افراد اس وبا میں مبتلا پائے گئے ہیں ۔ منگل کو آئے اعداد وشمار کے مطابق  امریکہ میں ہلاکتوں کی تعداد ۳؍ ہزار  ۱۶۷؍ ہوچکی ہے۔ اس طرح گزشتہ ۲۴؍ گھنٹوں میں یہاں  ۵۴۰؍ مزید  ہلاکتیں ہوئی ہیں جو ایک بڑی تعداد ہے۔  ساتھ ہی ورجینیا  اور میری لینڈ جیسی ریاستوں میں پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں اور لوگوں کو زیادہ سے زیادہ گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ واضح رہے کہ اب تک سب سے زیادہ پابندیاں نیویارک میں لگائی گئی تھیں  لیکن اب کچھ اور علاقوں میں  نئے حکم جاری کئے گئے ہیں۔ البتہ امریکہ نے اب تک لاک ڈائون کا اعلان نہیں کیا ہے 
 ایران  بھی بری حالت میں
  ہر چند کہ ایران میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد اٹلی ، امریکہ اور اسپین کے مقابلے بہت کم ہے لیکن یہاں بھی اس وبا کے سبب افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔  ایران میں اب تک کورونا وائرس کے سبب ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر ۲۷۵۷؍ہو چکی ہے جبکہ ۴؍ ہزار ۴۹۵؍ افراد اس وائرس سے متاثر  ہیں۔ واضح رہے کہ ایران وہ ملک ہے جہاں  چین کے بعد سب سے پہلے ہلاکتوں کا سلسلہ شروع ہوا تھا ۔ لیکن یہاں  دیگر ممالک کے مقابلے اموات پھر بھی بہت کم ہیں یعنی یہاں حالات کسی طرح قابو میں ہیں۔
 پاکستان میں بھی اموات کا سلسلہ جاری
  پڑوسی ملک پاکستان میں بھی کورونا وائرس کے اثرات مسلسل بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ روز یہاں متاثرہ افراد کی تعداد ۱۶۵۰؍ تھی جبکہ منگل کو یہی تعداد بڑھ کر ۱۸۶۵؍ ہوگئی یعنی ۲۴؍ گھنٹوں میں یہاں  ۲۱۵؍ معاملات بڑھے ہیں۔ وہیں ہلاکتوں کی تعداد ایک دن پہلے ۲۰؍ تھی  جو منگل کو ۲۵؍ ہو گئی۔ اس طرح  ۲۴؍ گھنٹوں کے دوران مہلوکین میں ۵؍ لوگوں کا اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان میں  پنجاب، سندھ ، خیبر پختونخوا اور اسلام آباد ان علاقوں میں سے زیادہ متاثرین پائے گئے ہیں جبکہ مقبوضہ کشمیر میں بھی کچھ مریض پائے گئے ہیں۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK